• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

شعبہ جات

 

ذیل میں جامعہ کے مختلف شعبہ جات ، جامعہ کی خدمات اور مستقبل کے اہداف پیش کئے جا رہے ہیں ۔

شعبہ حفظ:

جامعہ دارالتقویٰ کے زیر اہتمام مختلف مقامات پر حفظ قرآن کی معیاری تعلیم کا انتظام موجود ہے ، شعبہ حفظ کی اولین ترجیح یہ ہے کہ بچہ مناسب وقت کے اند ر اندر حفظ قرآن مکمل کر لے ۔ شعبہ حفظ مار پیٹ سے پاک ہو اور تجوید و قراءت عمدہ اور پختہ لہجے کا بھی خوب اہتمام ہو حفظ کے دوران طلبہ کو ابتدائی دینی تعلیم سے بھی روشناس کروایا جاتا ہے اور ہفتہ وار تربیتی بیانات کا سلسلہ بھی رہتا ہے ۔

حال ہی میں جامعہ دارالتقویٰ نے دارالقرآن کے نام سے ایک عظیم الشان عمارت کی تعمیر مکمل کی ہے جس میں شعبہ حفظ اور اسکول کے طلباء کو جدید سہولیات مہیا کی گئی ہیں ۔

شعبہ بنین

شعبہ کتب درس نظامی :

اس شعبے میں وفاق کا مرتب کردہ آٹھ سالہ نصاب تعلیم پڑھایا جاتا ہے جس میں تفسیر ، حدیث ، علم الکلام ، فقہ ، صرف ، نحو، بلاغت ، عربی ادب وانشاء اور منطق و فلسفہ جیسے علوم شامل ہیں ۔

درس نظامی کا یہ نصاب دورہ حدیث پر مکمل ہوتا ہے جس میں حدیث کی مشہور کتب جیسے صحیح بخاری، صحیح مسلم، ترمذی شریف و غیرہ شامل ہیں۔

الحمدللہ اس شعبے کے تحت بہت سے طلبہ کرام نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحانات میں متعدد بار ملکی و صوبائی سطح پر نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں نیز اس شعبہ میں رہائشی و غیر رہائشی طلبا ء کرام زیر تعلیم ہیں۔

دارالافتاء / تخصص فی الفقہ:

جامعہ دارالتقویٰ میں حضرت ڈاکٹر مفتی عبدالواحد صاحب ؒ کی سرپرستی میں ایک دارالافتاء قائم کیا گیاتھا ۔ اب یہاں مفتی صاحب کے تربیت یافتہ مستند مفتیان کرام کے زیر نگرانی عوام الناس کی دینی و شرعی رہنمائی کے لئے ایک جماعت ہمہ وقت موجود ہے جو بالمشافہ ، ٹیلی فون ، ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے مسائل کے شرعی حل سے آگاہ کرتی ہے ۔ نیز خواتین سے متعلق مسائل مثلاَ طلاق، خلع اور میراث وغیرہ کے لئے الگ باپردہ انتظام بھی موجود ہے ۔

اسی شعبے کے تحت درس نظامی سے فارغ التحصیل فضلاء کرام کو علم فقہ اور علم حدیث میں تخصص (Specialisation) کروانے کےلئے الگ الگ دو سالہ نصاب بھی ترتیب دیا گیا ہے ۔ تخصص فی الفقہ ایک اعلی تعلیمی وتحقیقی شعبہ ہے جن میں طلباء اسلامی فقہ کے اصول ، تفصیلات اور علمی مسائل کو گہرائی سے سیکھتے اور سمجھتے ہیں اسکا بنیادی مقصد ایسے ماہر فقہا ء تیار کرنا ہے جو اسلامی احکام کے استخراج ، اجتہاد اور جدید مسائل کا حل پیش کر سکیں ۔ اس شعبہ میں طلبہ کو تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ فتویٰ دینے کی عملی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ معاشرے میں موجود نئے فتنوں اور فکری محاذ پر فرق باطلہ کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی خصوصی اسباق کی شکل میں رہنمائی کی جاتی ہے۔

تخصص فی الحدیث:

تخصص فی الحدیث علم حدیث میں گہرائی اور مہارت حاصل کرنے سے تعلق رکھتا ہے اس شعبہ میں طلبہ کرام کو حدیث کے اصول ، اقسام ، روایات ، سند ، متن اور انکے تحقیقی معیار کو سمجھنے اور پرکھنے کی صلاحیت پیدا کرنے کی تربیت دی جاتی ہے اسکا بنیادی مقصد یہ ہے کہ احادیث کی صحت و صنف کو جانچنے انکی تشریح و توضیح کرنے اور ان سے مسائل فقہیہ یا شرعی احکام کا استخراج کرنے کی مہارت پیدا کی جائے ۔ یہ شعبہ حضرت مفتی عبدالحلیم چشتی صاحب ؒ کے تربیت یافتہ ماہر اساتذہ کرام کی زیر نگرانی مصروف عمل ہے ۔

 

شعبہ بنات

شعبہ کتب درس نظامی:

جامعہ دارالتقویٰ کے تحت لاہو ر اور دوسرے شہروں میں بنات (طالبات ) کے متعدد مدارس مصروف عمل ہیں جن میں وفاق المدارس العربیہ سے منظور شدہ چھ سالہ نصاب پڑھایا جاتا ہے جس میں تفسیر، حدیث ، فقہ ، عربی ادب، عربی بول چال ، صرف ونحو،وغیرہ علوم شامل ہیں۔ طالبات کی دینی واخلاقی تربیت ، عربی بول چال اور امور خانہ داری کی تعلیم جامعہ کی اولین ترجیح ہے ، جامعہ دارالتقویٰ کا یہ اعزاز ہے کہ اس شعبہ کے تحت طالبات مسلسل کئی سال سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحانات میں ملکی اور صوبائی سطح پر نمایاں پوزیشنز حاصل کر رہی ہیں ۔

صف الاعدادی :

ایک سال کے مختصر دورانیہ کا یہ کورس میٹرک کے امتحانات سے فارغ ہونے والی طالبات کے لیے ترتیب دیا گیا ہے یہ کورس آسان زبان میں ابتدائی دینی تعلیمات پر مشتمل ہے ۔

دراسات دینیہ :

وفاق المدارس کی طرف دو سال کے دورانیے پر مشتمل یہ کورس ترتیب دیا گیا ہے جس میں بنیادی اسلا می تعلیم ، قرآن پاک کا ترجمہ و تفسیر ، حدیث اور بنیادی فقہی مسائل کی تعلیم دی جاتی ہے ۔

سمر کیمپ:

موسم گرما کی تعطیلات کے دوران ایک چالیس روزہ کورس ان طالبات کے لئے ترتیب دیا گیا ہے جو سکول و کالج اور دیگر عصری تعلیم کے شعبوں سے منسلک ہوں اور دینی تعلیم کا شوق رکھتی ہوں ۔ اس کورس میں طالبات کو بنیادی دینی تعلیم ، تجوید و ترجمہ قرآن اور دیگر ابتدائی دینی معلومات فراہم کی جاتی ہیں ۔

صف النساء :

شادی شدہ خواتین کے لیے ایک سال پر مشتمل یہ کورس متعارف کروایا گیا ہے جس میں خاص طور سے امور خانہ داری کو پیش نظر رکھتے ہوئے نصاب بنایا گیا ہے اسکے تعلیمی اوقات بہت موزوں ہیں ۔ اسی طریقے سے وہ شادی شدہ خواتین جو گھر بار کی ذمہ داریوں کے ساتھ وفاق المدارس کا مرتب کردہ چھ سالہ عالمہ کورس کرنا چاہیں انکے لیے بھی مناسب وقت کے اندر اس عالمہ کورس کی ترتیب بنائی گئی ہے جس میں وہ مکمل چھ سالہ کورس بھی کر سکتی ہیں۔

بیت التقویٰ و درس قرآن :

جامعہ دارلتقویٰ کی طرف سے اہم تحریکی عمل کا ایک سلسلہ بیت التقویٰ ہے جس کے ضمن میں جامعہ کی فاضلات کے لئے یہ تقاضہ ہے کہ ہمارا ہر گھر مدرسہ بن جائے چنانچہ جامعہ کی فاضلات کی طر ف سے اس سلسلے کو بہت پذیرائی ملی اور تقریبا اب تک (300) تین سو گھروں میں یہ مبارک سلسلہ شروع ہو چکا ہے جس میں چھوٹے بچوں اور بچیوں کو تجوید کے ساتھ قاعدہ اور ناظرہ قرآن پاک ، روزمرہ کی دعائیں اور بنیادی اسلامی تعلیم دی جاتی ہے ۔

اسی طرح گھروں میں تعلیم کی بنیاد پر بڑی عمر کی خواتین کے لئے قرآن پاک کی بنیادی تعلیم ، ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ ساتھ گھریلو مسائل کے شرعی حل اور آداب معاشرت کے مختلف پہلوؤں پر کلاسز کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔

(عصری تعلیم)

تقویٰ سکول سسٹم: (TSS)

جامعہ کی زیر نگرانی عصری تعلیم کے لئے التقویٰ سکول سسٹم کے نام سے ایک مستقل شعبہ قائم کیا گیا ہے ۔ جس میں فی الحال پرائمری تا میڑک دینی ماحول میں تجربہ کار اساتذہ کی زیر نگرانی معیاری تعلیم دی جاتی ہے ۔یہ سکول خاص طور پر حفاظ کے لئے قائم کیا گیا ہے جو اپنا حفظ مکمل کرنے کے بعد عصری تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہوں ۔

WILLسکول:

معاشرے کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید عصری تعلیم کیلئے جامعہ دارالتقویٰ کیطرف سےWILL سکول کا اہتمام کیا گیا ہے، وہ طلبہ کرام یا حفاظ جو حفظ کے بعد میٹرک یا اولیولز یا اے لیولز کرنا چاہتے ہوں انکے لئے یہ بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں انکی عصری تعلیم کی ضرورت کو دینی ماحول میں پورا کیا جاتا ہے ۔

کمپیوٹر لیب، سائنس لیب اور لائبریری :

دارالقرآن کے نام سے جامعہ دارلتقویٰ کی جدید عمارت میں جہاں طلبہ کے لئے دیگر سہولیات میسر ہیں وہیں اب ایک جدید طرز کی سائنس لیب بھی قائم کی گئی ہے جہاں میٹرک کے اند ر سائنس سیکشن میں زیر تعلیم طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت بھی دی جا رہی ہے ۔ اسی طرح دارالقرآن کی عمارت میں ایک کمپیوٹر لیب بھی قائم ہے جہاں جامعہ کے طلبہ کے ساتھ ساتھ جامعہ کے فضلاء اور دیگر بچوں کوIT سے متعلق بھی شارٹ کورسز کروائے جاتے ہیں جو کہ ان طلبہ کے معاشی معاملات میں معین و مددگار ہوتے ہیں ۔ اسی طرح دار القرآن کی عمارت میں عصری تعلیم کے طلبہ کیلئے ایک وسیع و عریض لائبریری بنائی گئی ہے جہاں انکی علمی و تحقیقی میدان کی محنت کیلئے مختلف زبانوں پر مشتمل کثیر تعداد میں کتب موجود ہیں۔ یہ لائبریری سکول اور آئندہ بننے والے تقوی کالج کے طلبہ کیلئے بے حد مفید ثابت ہو گی۔

شعبہ نشر واشاعت:

معاشرے میں اسلامی اقدار کے فروغ اور سلف صالحین کے طریقے پر امت مسلمہ کی فکری رہنمائی کے لئے شعبہ نشر واشاعت قائم کیا گیا ہے ۔ اس شعبے کے زیر اہتمام وقتا فوقتا عوام کی شرعی راہنمائی کے لئے مختصر کتابچے شائع کئے جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ماہنامہ دارالتقویٰ کے نام سے ایک رسالہ بھی شائع کیا جاتا ہے ، جو علمی ، ادبی ، تاریخی اور اصلاحی مضامین پر مشتمل ہوتا ہے اور مسلم امہ کے علاقائی اور عالمی سطح پر در پیش چیلنجز بھی اس میں زیر بحث رہتے ہیں ، اسی طرح اس شعبہ کے تحت بہت سی اصلاحی کتب جیسے سوانح حضرت حاجی عبدالوہاب صاحب ؒ ، سوانح حضرت مولانا جمشید صاحب ؒ ، ملفوظات مولانا الیاس صاحب ؒ وغیرہ بھی شائع کی گئی ہیں ۔ مزید برآں ادارے کی ویب سائیٹ بھی مکمل طور پر فعال ہے ۔ جسے دعوتی و اصلاحی مقاصد کے ساتھ ساتھ جامعہ سے متعلق معلومات بہم پہنچانے کے لئے بھر پور استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ادارے کا مکمل تعارف ، خدمات ، جاری سر گرمیاں اور اہداف ادارے کی ویب سائیٹ پر ملا حظہ کئے جا سکتے ہیں ۔

رفاہی امور :

جامعہ دارالتقویٰ کے تحت خدمت خلق کے پیش نظر ایک شعبہ رفاہی امور بھی مصروف عمل ہے جس کے بہت سے ذیلی شعبہ جات جیسے فری ڈسپینسری، تجہیز و تکفین ،واٹر فلٹریشن پلانٹ ، فری ایمبولینس سروس او ر ہنگامی صورتحال میں مخلوق خد ا کی ضروریا ت کو پورا کرنا وغیرہ قائم ہیں ۔ اس شعبے سے اب تک ہزاروں لوگ مستفید ہو چکے ہیں۔

© Copyright 2024, All Rights Reserved