• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

’’دواؤں کی کمپنیوں کی زیر سر پرستی طبی کانفرنسیں

استفتاء

کمپنیاں از خود یا ڈاکٹروں کی تحریک و درخواست پر طبی کانفرنسیں کرواتی ہیں۔ یہ کانفرنسیں چھوٹے بڑے پیمانے پر ہوتی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کانفرنس کا کل خرچہ صرف ایک یا ایک سے زائد کمپنیاں برداشت کرتی ہیں۔ اس میں شرکائے کانفرنس کے اعلیٰ ہوٹل میں قیام و طعام کا خرچہ اور بعض خصوصی شرکاء اور مہمانوں کے سفری اخراجات بھی شامل ہوتے ہیں۔

مسئلہ: کمپنی از خود اپنی تحریک پر ایسی کوئی کانفرنس کرے تو بظاہر کوئی حرج نہیں ہے لیکن چونکہ اس سے کمپنی کا مقصود اپنی مصنوعات کی ترویج ہوتا ہے اورترویج کا ذریعہ ڈاکٹر ہوتے ہیں لہذا ڈاکٹر کا کمپنی کی ایسی کسی پیشکش سے فائدہ اٹھانا جس سے وہ کسی بھی حد تک اس کمپنی کی مصنوعات کی ترویج کا پابند ہو جائے یا اپنے آپ کو پابند محسوس کرے ناجائز ہے اور رشوت ہے۔ اس میں اعلیٰ ہوٹل میں قیام و طعام بھی شامل ہے اور سفری خرچہ بھی۔

مسئلہ: جب خود ڈاکٹروں کی درخواست و مطالبہ پر کوئی کمپنی کسی طبی کانفرنس کی سرپرستی کرے تو اس صورت میں ڈاکٹروں کو بہت زیادہ احتیاط اور استغناء کی ضرورت ہے۔ کوئی ایسا فائدہ اٹھانا خواہ وہ سفری ٹکٹ کا ہو یا ہوٹل میں قیام و طعام کا ہو جس کے بعد ڈاکٹر کمپنی کے کسی درجہ میں پابند ہو جائیں یا پابندی محسوس کریں جائز نہیں۔

مسئلہ:  خاص کانفرنس کے انتظام کی مجبوری ہو یا کسی خاص ناگزیر مہمان کو باہر سے بلانا ہو تو یہ کمپنی کے سپرد کیا جا سکتا ہے۔ البتہ دیگر منتظمین ڈاکٹر اور شرکاء کے قیام و طعام کے اور سفر کے اخراجات خود ان کے اپنے ذمے ہوں۔ کمپنی کے انتظام کرنے سے کمپنی کو اپنی مطلوبہ تشہیر حاصل ہو جائے گی اور قیام و طعام اور سفر کے اخراجات خود برداشت کرنے سے ڈاکٹر کمپنی کے پابند بھی نہیں رہیں گے۔

مسئلہ: مذکورہ بالا دونوں صورتوں میں ضروری ہے کہ اسراف و تبذیر سے بچا جائے اور مادی آسائشوں کے بجائے علمی معیار کو ترجیح دی جائے۔‘‘۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved