• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

بے دین شوہر کی اجازت کے بغیر دینی تعلیم کے لیے مدرسہ میں جانا

استفتاء

میری شادی کو 17 سال ہو گئے ہیں میرا تعلق ایسے گھرانے سے ہے جہاں پر گناہ کا کوئی تصور نہیں۔ میرے والدین نے دنیاوی تعلیم تو دلائی مگر دین کی "الف ،باء” بھی نہیں سکھائی۔ آگے والدین نے شادی بھی ایسے شخص سے کرائی جو دین کو اپنی زندگی میں کوئی اہمیت نہیں دیتا۔ سات سال پہلے اللہ تعالیٰ نے خالص اپنی عطا سے مجھے بدلا۔ جس کی وجہ سے الحمد للہ آج ہر طرح کے صغیرہ اور کبیرہ گناہوں سے بچنے کی شدت سے خواہش ہے۔

میرا مسئلہ شوہر کا ہے وہ دین اسلام، علمائے دین، مدارس کے سخت خلاف ہیں، وہ مجھے کسی مدرسے میں جانے کی قطعاً اجازت نہیں دیتے، میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ دین اسلام عورت کو فرض علم سیکھنے کے لیے شوہر کی اجازت کا پابند نہیں کرتا، مہربانی فرما کر اس مسئلے میں میری رہنمائی کریں۔

1۔ کیا میں ان کے علم میں لائے بغیر دین اسلام کا فرض علم سیکھ سکتی ہوں؟ کیا میں کسی مدرسے میں جا سکتی ہوں؟ (میں خود ڈرائیو کرتی ہوں، گھر کی ہر چیز لانا میرے ذمے ہیں، کسی بھی بازار، شاپنگ مال جانے پر میرے شوہر کو کوئی اعتراض نہیں، سوائے دینی محافل اور مدارس وغیرہ)

2۔ میرا ایک بیٹا ماشاء اللہ 14 سالہ (بالغ) اور دوسرا تقریباً 13 سال کا ہے، ان پر مساجد جانے پر پابندی ہے حتی کہ وہ جمعہ کی نماز بھی مسجد میں نہیں پڑھ سکتے۔ کیا میں اپنے شوہر کے علم لائے بغیر ان کو مسجد میں نماز پڑھوانے لے جا سکتی ہوں؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

آپ نے بہت مختصر انداز میں لکھا ہے، اگر آپ ان باتوں میں کچھ تفصیل بتائیں تو ہو سکتا کہ بہتر طریقے سے کچھ کہہ سکتے۔

1۔ آپ کے شوہر کا مذہبی و دینی رجحان کس درجے تک ہے؟

2۔ سات سال پہلے آپ میں تبدیلی آئی۔ اس تبدیلی کو آپ کے شوہر نے کس انداز میں لیا؟

3۔ کیا آپ کے شوہر آپ کو اور بچوں کو گھر میں نماز پڑھنے سے روکتے ہیں یا نہیں؟

4۔ آپ کوئی دینی کتابیں گھر میں لائیں اور خود بھی پڑھیں یا بچوں کو پڑھائیں، کیا وہ اس کو برداشت کرتے ہیں یا نہیں؟

5۔ اگر آپ اپنے شوہر کے علم میں لائے بغیر کسی مدرسے میں پڑھنے جائیں یا بچوں کو لے جا کر مسجد میں نماز پڑھوائیں یا جمعہ کی نماز کے لیے لے جائیں اور ان کو کسی بھی ذریعے سے علم ہو جائے تو آپ کا کیا خیال ہے ان کا کیا ردّ عمل ہو گا؟

6۔ پچھلے سات سالوں میں آپ نے بچوں کی تربیت میں کیا کچھ اقدامات کیے ہیں؟

7۔ شوہر کو سمجھانے میں کیا کچھ اقدام کیے اور انہوں نے کیا ردّ عمل ظاہر کیا۔

8۔ اگر آپ کا رابطہ ایسی خاتون سے کرایا جائے جو LLB بھی ہوں اور فرض دینی تعلیم میں آپ کی مدد کر سکیں خواہ صرف ٹیلی فون پر ہو یا ای میل کے ذریعے ہو تو کیا آپ کے شوہر اس کو برداشت کر لیں گے؟

9۔ کیا آپ کے شوہر آپ کے ساتھ عمرہ پر جانے کو تیار ہوں گے؟

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved