• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

حکومت اور محکمے کی طرف سے ملنے والے مختلف مدات کی تقسیم

استفتاء

میں ایک سرکاری ملازم ہوں اور دورانِ ملازمت وفات پر مختلف مدوں میں واجبات کی ادائیگی بمطابق سرکاری پنشن رولز بیوہ یا بچوں کو ادا کی جاتی ہے۔ اگر بیوہ، بچے، یا رنڈوا اور بچے نہ ہوں تو ماں باپ وصول کر سکتے ہیں۔ میرے ساتھ ایک بیوی بے اولاد ہے کہ میری نسبت سے کوئی اولاد نہیں، بے اولاد بیوہ مندرجہ ذیل مدوں میں واجبات وصول کر پائے گی:

1۔ گریجویٹی،         2۔ ماہانہ پنشن،     3۔ ماہانہ امداد بناولنٹ فنڈ،    4۔ عدت مدت کی چار ماہ تنخواہ،         5۔ اینکیشمنٹ،

6۔ ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ،       7۔ گروپ انشورنس،       8۔ مالی امداد یکمشت۔

جبکہ ان کی تفصیل مندرجہ ذیل پیش کی جاتی ہے:

1۔ گریجویٹی (Gratuity)

جو کہ ریٹائرمنٹ پر خود ملازم بھی وصول کر سکتا ہے۔ بیوہ کو ادائیگی کی جائے گی کہ پنشن رولز کے تحت وہ حقدار ہے۔

2۔ ماہانہ پنشن  (Monthly Pension)

بیوہ وصول کر پائے گی خود ملازم بھی ریٹائر ہونے پر وصول کر سکتا ہے۔

3۔ ماہانہ امداد بناولنٹ فنڈ (Monthly Grant Benevolent Fund)

ملازم خود عام حالات میں ریٹائر ہونے پر وصول نہیں کر سکتا، حقدار نہیں ہے۔ بیوہ حقدار ہے اور ماہانہ وصول کر سکتی ہے۔ ملازم میڈیکل ان فٹ (Unfit) کی صورت میں حقدار ہوتا ہے اور وصول کر سکتا ہے۔

4۔ عدت مدت کی چار ماہ تنخواہ

صرف بیوہ ہی حق دار ہے۔

5۔ اینکیشمٹ (Encashment)

ایک سال کی بنیادی تنخواہ جو کہ ملازم خود باحیات ریٹائر ہو تو وہ بھی حقدار ہے ورنہ بیوہ بھی پنشن رولز کے تحت حقدار ہے اور وصول کر سکتی ہے۔

6۔ ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ

بناولنٹ فنڈ کی طرف سے اعزازی ہے، خود ملازم بھی باحیات ریٹائر ہو تو وصول کر سکتا ہے۔

7۔ گروپ انشورنس

ملازم دوران ملازمت یا ریٹائر ہو جانے کے بعد پانچ سال کے عرصے تک بھی فوت ہو جائے تو بیوہ ہی حقدار ہے اور وصول کر سکتی ہے۔

8۔ مالی امداد یکمشت

دوران ملازمت ملازم کی وفات پر صرف بیوہ ہی حقدار ہے اور وصول کر سکتی ہے۔

سوال: مسئلہ یہ ہے کہ مندرجہ بالا مدوں میں بیوہ کی وصول کی جانے والی رقوم میں سے کون کون سی  رقوم ترکہ شمار کی جائیں گی اور کون کونسی رقوم کی صرف بیوہ حقدار ہو گی۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ مدوں میں وصول ہونے والی رقوم کی تقسیم مندرجہ ذیل تفصیل کے مطابق ہو گی:

1: مدت عدت کی چار ماہ کی تنخواہ، 2 مالی امداد یکمشت

ان دو رقوم میں تو محض بیوہ کا حق ہے۔

3۔ گریجویٹی،         4۔ ماہانہ پینشن،   5۔ ماہانہ امداد بنولنٹ فنڈ،     6۔ ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ

یہ رقوم ان افراد میں برابر تقسیم ہو گی جو میت کے زیر کفالت تھے۔

7۔ اینکیشمنٹ  (Encashment)

اس میں وراثت جاری ہو گی۔

8۔ گروپ انشورنس میں تفصیل یہ ہے کہ انشورنس کی مد میں ملازم کی تنخواہ سے اگر کٹوتی جبری ہوئی ہے اور انشورنس کی رقم حکومتی ادارے کی جانب سے موصول ہوئی ہے تو وہ رقم بھی میت کے زیر کفالت افراد میں برابر تقسیم ہو گی۔ اور اگر کٹوتی جبری نہیں تھی یا رقم انشورنس کمپنی کی جانب سے وصول ہوئی (مثلا چیک Cheque انشورنس کمپنی نے جاری کیا ہے) تو اس کا ٖضابطہ یہ ہے کہ جتنی رقم انشورنس کی مد میں ملازم کی تنخواہ سے کٹی ہے اتنی مقدار میں تو وراثت جاری ہو گی باقی کو بغیر ثواب کی نیت کے صدقہ کرنا ہو گا۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved