• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

جامعہ طہٰ کے ساتھ "ﷺ” لکھنا

استفتاء

ایک مدرسہ ہے جس کا نام "جامعہ طہٰ” ہے، اس جامعہ کا نام لکھتے ہوئے "طہٰ” کے لفظ پر "ﷺ” کا جملہ لکھنا چاہیے یا نہیں؟ اسی طرح ایک اور مدرسہ ہے "مدرسہ سیدنا علی”، اس پر بھی "رضی اللہ عنہ” لکھنا جائز ہے یا نہیں؟ اسی طرح کافی مدرسے ہیں، جو اس طرح کے صحابہ اور اولیاء اللہ کے نام پر ہوتے ہیں، ان کے ساتھ "رضی اللہ عنہ” یا "رحمہ اللہ” کہہ سکتے ہیں؟ کیا ایسا کہنا توہین کے زمرے میں تو نہیں آتا کہ غیر نبی و صحابی کے ساتھ نبی و صحابی کا شعار استعمال کیا جا رہا ہو؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

"جامعہ طہٰ” کے لفظ میں "طہٰ” سے مراد اگر نبی ﷺ کا صفاتی نام ہے، تو اس کے ساتھ "ﷺ” کا جملہ لکھنا چاہیے۔

2۔ "مدرسہ سیدنا علی” میں لفظ "علی” پر "رضی اللہ عنہ” لکھنا چاہیے، کیونکہ یہاں علی کے نام سے "حضرت علی رضی اللہ عنہ” مراد ہیں، جیسا کہ لفظ "سیدنا” سے معلوم ہو رہا ہے۔

3۔ جو مدرسے حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم یا اولیاء کرام کے ناموں پر ہیں، ان کے ساتھ "رضی اللہ عنہ” یا "رحمہ اللہ " کا دعائیہ جملہ  لکھنا چاہیے۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

جواب ثانی

مذکورہ صورت میں "جامعہ طہٰ” میں لفظ "طہٰ” پر "ﷺ” کا جملہ لکھنا، یا "مدرسہ سیدنا علی” میں لفظ "علی” پر "رضی اللہ عنہ” لکھنا شرعاً مطلوب نہیں۔ کیونکہ جب "جامعہ طہٰ” اور :مدرسہ سیدنا علی "کسی مخصوص مدرسے کے نام اور عَلَم کے طور پر رکھ دیے گئے، تو اب ان ناموں سے عَلَمی معنیٰ مراد ہیں، اضافت والے معنیٰ مراد نہیں۔ اور اَعلام و اَسماء پر جو کچھ ادبی یا دعائیہ جملہ لکھا  یا پڑھا جاتا ہے، وہ جزء اول کی بنیاد پر لکھا یا پڑھا جاتا ہے۔ جزء ثانی کی بنیاد پر نہیں۔ اور یہ ایسے ہی ہے جیسے کسی شخص کا نام "عبد اللہ” یا "عبد الرحمن” ہو، تو کوئی بھی شخص ان ناموں میں لفظ "اللہ” یا لفظ "الرحمن” کی وجہ سے ان ناموں کے ساتھ "جل جلالہ” یا”جل شانہ” وغیرہ کا ادبی جملہ نہ لکھتا ہے اور نہ ہی زبان سے کہتا ہے۔

تاہم اگر کوئی شخص اضافت والے پہلو کو پیش نظر رکھ کر "جامعہ طہٰ” میں لفظ "طہٰ” پر "ﷺ” اور "مدرسہ سیدنا علی” میں لفظ "علی” پر "رضی اللہ عنہ” لکھ دیتا ہے تو یہ توہین کے زمرے میں بھی نہیں آتا کیونکہ  "جامعہ طہٰ” میں آپ ﷺ کا صفاتی نام اور "مدرسہ سیدنا علی” میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کا نام بہر حال موجود تو ہے، اگرچہ عَلَمی حالت میں وہ مراد نہیں۔

یہی حکم ان دیگر مدرسوں کا ہے جو کسی صحابی یابزرگ کے نام پر ہوں۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved