• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

شک کی وجہ سے بندہ کافر نہیں ہوتا

استفتاء

مفتی صاحب! آپ سے ایک مسئلہ پوچھنا تھا کہ ہمارے جاننے والے ہیں وہ باہر کے ملک میں رہتے ہیں ان کو پاکستان آئے کافی وقت ہوگیا وہ اپنے مذہب سے ہٹ رہے ہیں، ہم میں سے کسی کو اس بات پر پورا یقین نہیں لیکن وہ ہر جگہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جگہ عیسی علیہ الصلاۃ والسلام لکھتے ہیں اس وجہ سے اب ان سے کوئی بھی بات نہیں کرتا۔ ان کے والد صاحب کہتے ہیں کہ جو ان کی جائیداد ہے اس شخص کااس جائیداد میں سے حصہ بنتا ہے یا نہیں؟

حصہ ان کو دے چکے ہیں لیکن کہتے ہیں کہ اب وہ مسلمان نہیں رہا تو اس سے جائیداد واپس لینی ہے، تو کیا لے سکتے ہیں یا اس شخص کا حصہ بنتا ہے؟کیونکہ اس شخص کی اولاد بھی ہے، وہ تو مسلمان ہیں، اس مسئلہ کو بیان کر دیں۔

وضاحت:

سائلہ نے فون پر وضاحت کی ہے کہ مذکورہ شخص قرآن پڑھتا ہے ،اس نے فیس بک پر قرآن کی آیات بھی لکھ کر لگائی ہوئی ہیں۔ مذکورہ شخص نےاپنی والدہ کو بہت زیادہ نعتیں پڑھنے پر کہا کہ آپ کیا نبی نبی کرتی رہتی ہو بس قرآن پڑھا کرو۔ جس پر اس کی والدہ بگڑ گئیں۔اورانہوں نے اس سے وضاحت مانگی اب وہ شخص حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں صراحتا انکار تو نہیں کرتا لیکن حضرت عیسی علیہ الصلاۃ والسلام کا تذکرہ کرتا ہے ۔اورتقاضے کےبا وجودحج وعمرہ پرجانے کے لیے تیار نہیں ہے اس شخص کے بارےمیں خاندان بھر میں یہ بات پھیل گئی ہےکہ وہ عیسائی ہو گیا ہے یا قادیانی ہو گیا ہے ،اس کی وجہ سے اس کے والد اس سے زمین واپس لینا چاہتے ہیں۔ خود سائلہ اس کے بہت زیادہ حضرت عیسیٰ علیہ الصلاۃ والسلام کا  نام لینے کی وجہ سے اس کے بارے میں شک میں تو مبتلا ہے لیکن اس کے قرآن پاک کو ماننے کی وجہ سے کافر بھی نہیں سمجھتی۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں سائلہ کی وضاحت کی بنا پر مذکورہ شخص کے اسلام چھوڑ دینے کا صرف شک ظاہر ہوتا ہے ،کسی شخص کے اسلام چھوڑنے کے بارے میں صرف شک ہونے سے اسے اسلام سے خارج شمار نہیں کیا جا سکتا، لہذا اس شخص کامال بدستور اس کی ملکیت ہے۔

باپ اپنی زندگی میں اپنی اولاد کو جو کچھ دیتا ہے وہ وراثت نہیں ہوتا بلکہ ہدیہ ہوتا ہے اور ہدیہ کے بارے میں ضابطہ یہ ہے کہ قریبی رشتہ دار کو دیا گیا ہدیہ جب مکمل ہو جائے تو اس سے واپس نہیں لیا جاسکتا۔

في الشامية:

ثم ماتيقن انه ردة يحکم بها ومايشک انه ردة لايحکم بها اذالاسلام الثابت الايزول بالشک

تنوير الابصار:

فلو وهب لذي رحم محرم منه(نسبا)ولو ذميا او مستأمنالايرجع

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved