- فتوی نمبر: 1-343
- تاریخ: 22 مارچ 2008
- عنوانات: حدیثی فتاوی جات > منتقل شدہ فی حدیث
استفتاء
بعد از سلام عرض ہے کہ ہم ایک دینی رسالہ نکالتے ہیں۔ ہمیں ایک صاحب نے ایک مضمون بھیجا ہے کہ ہم اس کو اپنے رسالے میں شامل کریں لیکن ان صاحب نے جو مضمون دیا ہے اس کی کوئی سند نہیں ہے۔ آپ کو اس کی کاپی ارسال خدمت ہے۔ گذارش ہے کہ جو ان میں سے صحیح ہوں ان کے آگے حوالہ دیں اور جو سند نہیں رکھتے ہوں ان کے آگے لال پین سے کراس کا نشان لگا دیں تاکہ ہم اس کو شائع نہ کریں۔ ہمارا رسالہ خالصتاً دیوبندی مسلک کا ہے۔ اور یہ مضمون کسی بریلوی مسلک سے تعلق رکھنے والے صاحب نے لکھا ہے لیکن قریبی جاننے والے نے دیا ہے کہ ضرور شائع کریں۔
مضمون
خواتین کے لیے خوشخبری اور جنت کی بشارت
سرکار دو عالم کے زبان مبارک سے
- جنت میں لوگ اللہ پاک کا دیدار کرنے جائیں گے۔ لیکن عورتیں دنیا میں پردے کی حالت میں رہی ہوں۔ اس کا دیدار اللہ پاک خود کرنے جائیں گے۔
- ایک دوزخی عورت چار جنتی مردوں کو اپنے ساتھ لے جائیں گی ( باپ، بھائی، شوہر اور بیٹا) اور وہ کہے گی انہوں نے اسے نماز کی تلقین نہیں کی تھی۔
- جو پاک دامن عورت نماز و روزے کی پابند ہو اور اپنے خاوند کی خدمت گذار ہو اس کے لیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیے جائیں گے۔
- ایک نیک باعمل عورت ستر اولیاء سےبہتر ہے۔
- بد عورت ایک ہزار مردوں سے بدتر ہے۔
- باریک کپڑے پہننے والی مردوں میں خواہش پیدا کرنے والی اور بے پردہ عورتیں غیر مردوں سے ملنے والی کبھی جنت میں داخل نہیں ہوں گی اور ان کو جنت کی خوشبو سونگھنے کو بھی نہیں ملے گی۔
- حاملہ عورت کی دو رکعت نماز عام عورت کی اسی رکعت نماز سے بہتر ہے۔
- حاملہ عورت کی ہر رات عبادت اور دن روزے میں شمار ہوتا ہے۔
- ایک بچہ پیدا کرنے پر عورت کو ستر سال کی نماز اور روزے کا اجر ملتا ہے۔
- بچے کی پیدائش کے وقت ماں کے ہر رگ کے درد پر ایک ایک حج کا اجر ملتا ہے۔
- اگر عورت بچہ پیدا ہونے کے چالیس دن کے اندر انتقال کر جائے اللہ پاک اسے شہادت کا درجہ دیتے ہیں۔
- دودھ پلانے والی عورت کو ایک ایک بوند کے بدلے ایک ایک نیکی ملتی ہے۔
- جب رات میں بچہ روئے اور ماں بغیر بد دعا کے دودھ دیں۔ تو اس کو ایک سال کی نماز اور ایک سال کے روزے کے برابر اجر ملتا ہے۔
- جب بچہ دودھ پینے کی عمر پورا کرتا ہے تو ایک فرشتہ آکر عورت کو خوشخبری دیتا ہے کہ اللہ پاک نے تجھ پر جنت واجب کردی۔
- جو عورت اپنے بچے کے رونے کی وجہ سے سونہ سکے اس کو ساٹھ غلام آزاد کرنے کا ثواب ملتا ہے۔
- جو عورت اپنے بچے کی بیماری کی وجہ سے بے آرام رہے اور بچے کے آرام پہنچانے کی کوشش کرے۔ اللہ پاک اس کے تمام گناہ معاف فرما دیتے ہیں۔ اور بارہ سال کی مقبول عبادت کا اجر دیتے ہیں۔
- شوہر پریشان گھر آئے تو بیوی اسے خوش آمدید کہے اور تسلی دے تو عورت کو آدھے جہاد کا ثواب ملتا ہے۔
- خاوند اپنی بیوی کو، بیوی اپنے خاوند کو محبت کی نگاہ سے دیکھے تو اللہ پاک ان دونوں کو محبت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
- جو عورت اپنے شوہر کو اللہ کی راہ میں روانہ کرے خود اپنی حفاظت کرتے ہوئے گھر میں رہے وہ عورت مرد سے پانچ سو سال پہلے جنت میں جائے گی۔ وہ ستر ہزار حوروں کی سردار ہوگی۔ اس عورت کو جنت میں غسل دیا جائے گا اور یاقوت کے گھوڑے پر سوار ہو کر اپنے شوہر کا انتظار کرے گی۔
- جب شوہر گھر آئے بیوی اس کو کھانا کھلائے اور اس نے خیانت نہ کی ہو تو اس عورت کو اللہ پاک بارہ سال نفل نمازوں کا اجر دیتا ہے۔
- جو عورت اپنے شوہر کے پاؤں بغیر کہے دبادے تو سات تولہ سونا صدقہ کرنے کا ثواب ملتا ہے اگر شوہر کے کہنے پر پاؤں دبا دے تو سات تولہ چاندی صدقہ کرنے کا ثواب ملتا ہے۔
- جو عورت آٹا گوندھتے وقت بسم اللہ کا ذکر کرے تو اس کی روزی میں برکت ڈال دی جاتی ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
یہ روایتیں اگر من گھڑت ہوں تو ہم ان کو کہاں تلاش کریں گے۔ لہذا اگر چھپوانے کے خواہش مند حضرات ان میں سے ہر جملہ کی سند اور حوالہ ذکر کریں پھر ہم تحقیق کر سکیں گے کہ صحیح ہے یا غلط۔ بصورت دیگر آپ اس کو شائع کرنے سے پرہیز کیجئے کیونکہ بلا تحقیق کسی بات کی نسبت رسول اللہ ﷺ کی طرف کرنا بھی جائز نہیں۔۔۔۔۔۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved