- فتوی نمبر: 3-368
- تاریخ: 25 فروری 2011
- عنوانات: اہم سوالات
استفتاء
صورت احوال یہ ہے کہ ایک عدد سوزوکی کیری ڈبہ جس میں محمدا رشد ( مالک ) اور اس کا ملازم افتحار احمد سوار تھے، لاہور جارہا تھا۔ لاہور ہی کی طرف جانے والی ایک کوسٹر جس میں سوات کے تبلیغی احباب بیٹھے ہوئے تھے ، کے ساتھ حادثہ پیش آگیا۔ نتیجتاً محمد ارشد جو کیری ڈبہ چلا رہا تھا شدید زخمی اور اس کا ملازم افتخار احمد فوت ہو گیا۔ افتخار احمد کے ورثاء نے کوسٹرکے ڈرائیور کے خلاف تھانے میں ایف آئی آر ، درج کروا دی۔ بعد ازاں ڈرائیور ضمانت پر رہا ہوگیا۔ ڈرائیور اور اس کے رشتہ داروں نے افتخار احمد کے ورثاء اور محمد ارشد سے صلح کی بابت بات کی تو محمد ارشد نے کہا کہ میراجتنا نقصان ہوا ہے میں وہ سب معاف کرتا ہوں، مگر میرا ملازم افتخار احمد جو نہایت ہی غریب آدمی ہے اور اپنے خاندان جس میں تین چھوٹے بچے اور ایک بیوی ہے کا واحد سہارا تھا۔ کا جو شرعی حق بنتا ہے ادا کردیں۔ درج بالا مسئلہ میں آپ کا شرعی فیصلہ کیا ہے، تفصیل کے ساتھ لکھ دیں۔
کیری ڈبہ کے ڈرائیور ارشد کا بیان:
میں لاہور کی طرف جارہا تھا کہ کوسٹر والے نے میرے پیچھے آکر مجھ سے اور ٹیک کرنے کے لیے راستہ مانگا، میرے بائیں طرف آگے گدھا گاڑی جارہی تھی، اس لیے میں نے اسے راستہ نہیں دیا بلکہ دائیں طرف کا انڈیکیٹر لگا دیا جس کا مطلب ہوتا ہے کہ تم ابھی پیچھے ہی ٹھہرو۔ گدھا گاڑی عبور کرنے کے بعد میں نے بائیں طرف کا انڈیکیٹر دیا اور گاڑی نیچے کرنے کا سوچ ہی رہا تھا کہ میں نے دیکھا کہ سڑک کے بائیں طرف ایک کار خراب ہوئی کھڑی ہے جس کا بونٹ اور دروازے کھلے ہوئے تھے، اورتین آدمی اسے ٹھیک کررہے تھے۔ میں نے پھر دوبارہ دائیں طرف کا انڈیکیٹر لگا دیا۔ مگر اس کے بعد مجھے نہیں پتا کہ کیا ہوا؟
کوسٹر کے ڈرائیور کا بیان:
میں اس کے پیچھے نہیں تھا بلکہ ہم دونوں تقریباً برابر جارہے تھے، کیری ڈبہ سڑک کے درمیان کھڑے پول سے ٹکرایا اور ٹکرا کر میری کوسٹر کے ساتھ لگا اور پھر الٹ گیا۔
گاڑیوں کی پوزیشن:
کیری ڈبے کے تینوں اطراف سوائے عقب کے متاثر ہوئی ہیں، عقب سے صرف سٹیل کا لگا ہوا جنگلا ٹوٹا ہے، جبکہ کوسٹر کی ڈرائیور والی سائیڈ متاثر ہوئی ہے۔
1۔دیت بنتی ہے یا نہیں اور اگر بنتی ہے تو کتنی؟
2۔ یکمشت ادا کرنی ہوگی یا آہستہ آہستہ اقساط میں بھی دی جاسکتی ہے؟
3۔اگر کوسٹر کا ڈرائیور بھی غریب آدمی ہو اوراتنی رقم ادا نہ کرسکتا ہو تو ؟
4۔ اگر ڈرائیور سے دو چار لاکھ روپے لے کر بیوہ اور اس کے بچوں کو دلاکر صلح کروا دی جائے تو صلح کروانے والے تو گناہگار نہیں ہوں گے؟
5۔ اگر غلطی دونوں کی ہو تو کیا دونوں سے دیت لی جائے گی؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
ذکر کردہ حالات میں یہ طے کرنا مشکل ہے کہ یہ حادثہ کس کی خطا سے ہوا دونوں کی غلطی ہوسکتی ہے۔ لہذا کیری ڈبے اور کوسٹر کے ڈرائیور دونوں مل کر دیت ادا کریں۔
دیت2625 تولے چاندی یا اس کی قیمت ہے جو تین سالوں میں ادا کرنی ہوگی۔ بالغ ورثاء اپنا حصہ پورا یا کم معاف کرسکتے ہیں، البتہ نابالغوں کا حصہ کم نہیں ہوسکتا۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved