• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

"بیوی کو طلاقن کہہ کر پکارنا، تو میری طرف سے فارغ ہے”

استفتاء

۱۔ *** نے اپنی بیوی*** کو صریح الفاظ میں 23 جولائی 2006ء کو ایک طلاق دی اور رجوع کر لیا۔

۲۔ دسمبر 2008 ء کو جب پروین بچے کے ناخن کاٹ رہی تھی تو اسے طلاقن کہہ کر پکارا۔ بعد میں یہ کہا کہ میں نے پہلی طلاق کو سامنے رکھ کر طلاقن کہا تھا۔ اس پر اس نے حلف اٹھایاقسم کھائی اور اس کی بات پر  یقین کر لیا گیا۔ اور آئندہ کہنے سے روکا گیا۔

۳۔ پھر اگست 2009ء میں مجاہدہ کے گھر کہا کہ "تو میری طرف سے فارغ ہے”۔ اللہ جانے طلاق کی نیت سے کہا یا نہیں؟

۴۔ پھر 2010ء میں جنوری اور فروری کے مہینے میں مختلف دنوں میں تین چار دفعہ لفظ طلاقن کہا۔ اسے بتایا گیا کہ لفظ طلاقن زبان پر نہ لایا کرو۔ اس سے طلاق واقع ہو جاتی ہے؟

۵۔ اس کے باوجود 24 اپریل 2010 کو اور پھر 4 مئی 2010ء کو طلاقن کہہ کر پکارا۔

۶۔ 19 مئی 2010ء کو کہا کہ اگر ” تو میری مرضی کے بغیر میرے گھر آئی تو تجھے تین طلاق ہے”۔ اس کے بعد بیوی شوہر کے گھر نہیں گئی۔

۷۔ 5 ستمبر 2010ء کو اپنے سالے تصور علی کو کہا کہ میں اس کی شکل دیکھنا نہیں چاہتا۔ میں اسے بسانا نہیں چاہتا۔ شوہر نے یہ الفاظ حالت اعتدال میں کہے تھے اور طلاق کی نیت بھی نہیں تھی۔ پھر اسی دن اپنی بیوی کو فون پر کہا کہ تو مجھے ملنے کے لیے کیوں کہتی ہے، میں تیرے لیے نامحرم ہوں۔

اب وہ یہ کہتا ہے کہ میں  نے بیوی کو طلاق دی ہی نہیں۔ میں جب بھی طلاقن کہا یا کچھ اور کہا وہ تو اپنی ماں کو خوش کرنے کے لیے کہا تھا یا تجھے ڈرانے کے لیے کہا تھا یا تیرے بھائیوں کو دھمکی دینے  کے لیے  کہا  تھا۔ براہ کرم بتائیے کہ کونسی طلاق واقع ہوئی ہے۔ ہمیں اس کی اس بات پر  بالکل یقین نہیں ہے کہ میں طلاق دی ہی نہیں۔ اتنا سب کچھ طلاق کی نیت سے کہا۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں ” تو فارغ ہے” طلاق سے ڈرانے کے لیے کہا یعنی طلاق کے معنیٰ میں  کہا ہے اس  کا مطلب یہ ہے کہ تو فارغ ہے کیونکہ میں نے تجھے طلاق دے دی ہے۔ البتہ وقوع طلاق مراد نہیں  ہے اس لیے ایک طلاق بائن ہوئی۔

طلاقن ایک صفت ہے سابقہ شوہر کی تو وہ طلاقن ہوتی ہے لیکن شوہر جس کو ایک طلاق دے کر رجوع کر چکاہو وہ ہمارے عرف میں طلاقن نہیں بلکہ منکوحہ کہلاتی ہے۔ لہذا اس سے بھی ایک طلاق ہوئی۔

لہذا تینوں طلاقیں ہوگئیں۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved