• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

عید کے بعد مصافحہ و معانقہ کا حکم

استفتاء

(1)عیدین کے بعد مصافحہ ومعانقہ کرنے کا کیا حکم ہے ؟کیونکہ بعض حضرات سے سنا ہے کہ یہ مکروہ اور بدعت ہے۔(2)عیدین میں دعا عید کی نماز کے بعد مانگنی چاہیےیا خطبے کے بعد ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

(1) مسائل بہشتی زیور(302/1) میں ہے:

عید کی نماز کے بعد عید کا ایک عمل سمجھ کر گلے ملنا یا مصافحہ کرنا ناجائز اور بدعت ہے۔ اگر نماز عید کے لیے اکٹھے عیدگاہ گئے ہوں یا پہلے مل چکے ہوں تو نماز کے بعد پھر گلے ملنا بذات خود ایک بے موقع عمل ہے حالانکہ دین میں مصافحہ اور معانقہ کا موقع متعین ہے۔ کسی سے کچھ وقفہ بعد ملیں تو اس سے مصافحہ کرنا مسنون ہے اور جس سے طویل وقفہ بعد ملیں اس سے معانقہ کیا جا سکتا ہے۔

(2)دونوں طرح کرسکتے ہیں۔

مسائل بہشتی زیور(302/1) میں ہے:

عید کی نماز کے اجتماع میں دعا کرنا جائز ہے۔یہ دعا نماز کے متصل بعد یعنی خطبہ سے پہلے ہو یا خطبہ کے بعد ہو دونوں طرح جائز ہے لیکن ان میں سے صرف ایک موقع پر کی جائے گی۔

کفایت المفتی (331/3)میں ہے:

(سوا ل )  ہمارے اطراف میں یہ عادت جاری ہے کہ بعض جگہ   بعد نماز عیدین امام مع  جماعت  دعا کرتے ہیں اور بعض مقامات میں بعد خطبہ عیدین کے دعا کرتے ہیں زید کہتا ہے کہ  یہ دعا نہ کرنا چاہئیے اوردلیل کے لئے کتاب  علم الفقہ کی یہ عبارت پیش کرتا ہے  بعد نماز عیدین کے یا بعد خطبہ کے دعا مانگنا نبی  ﷺ او ران کے اصحاب اور تابعین ؓ سے منقول نہیں اگر ان حضرات نے کبھی دعا مانگی ہوتی تو ضرور نقل کی جاتی لہذا بغرض اتباع دعا نہ مانگنا دعا مانگنے سے بہتر ہے

(جواب  )  یہ صحیح ہے کہ آنحضرتﷺ اور صحابہ کرام ؓ سے یہ بات منقول نہیں ہوئی کہ نماز کے بعدیا خطبہ کے بعد دعا مانگتے تھے اس لئے ان دونوں موقعوں میں سے کسی کو دعا کے لئے اس خیال سے متعین کرنا کہ اس موقع پر دعا مسنون ہے درست نہیں لیکن بخاری شریف اور دیگر صحاح ستہ کی کتابوں سے یہ ثابت ہے کہ کوئی عام اور اجتماعی دعا ہوتی تھی جس میں  تمام عورتیں بھی شریک ہوتی تھیں حالانکہ حائضہ عورتیں نماز سے علیحدہ رہتی تھیں ۔اس لئے دعا کو بالکل ترک کردینا اس  حدیث صحیح کے خلاف ہوگا پس راحج یہ ہے کہ امام اور جماعت ایک اجتماعی دعا مانگیں خواہ نماز کے بعد یا خطبہ کے بعد اور جس موقع پر بھی مانگیں اس کو دعا کے لئے مخصوص اور مسنون نہ سمجھیں اور نماز کے بعد دعا مانگنے والے خطبہ کے بعد دعا مانگنے  والوں کو ملامت نہ کریں اور اسی طرح خطبہ کے بعد دعا مانگنے والے نماز کے بعد دعا مانگنے والوں پر طعن نہ کریں ۔

کفایت المفتی (300/3)میں ہے:

سوال:دعا نماز عید کے بعد ہو یا خطبہ کے بعد؟

جواب:عیدین کے خطبہ کے بعد دعا مانگنا اچھا ہے۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved