• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

ضروریات اہل سنت کیا ہیں؟

استفتاء

میرا سوال یہ ہے کہ  ضروریات اہل سنت کیا ہیں؟ یہ تفصیل سے بتائیں۔

وضاحت مطلوب ہے:آپ یہ مسئلہ کیوں پوچھ رہے ہیں اور کیا تفصیل جاننا چاہتے ہیں؟

جواب وضاحت:مجھے یہ معلوم نہیں کہ ضروریات اہل سنت کیا ہیں؟ اس لیے معلوم کرنا چاہتا ہوں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ضروریات اہل سنت والجماعت  تو بہت زیادہ ہیں چند ضروریات جو معروف ہیں مندرجہ ذیل ہیں البتہ کسی خاص مسئلے سے متعلق معلوم کرنا چاہیں تو الگ سے سوال کر لیں ۔

  1. اللہ تعالیٰ کے بارے میں کوئی ایسی بات نہ کہے جو اس کی صفات کے لائق نہ ہو مثلاً اللہ تعالیٰ کے ذمہ اصلح للعبد کو واجب کہنا یعنی یہ کہنا کہ جو چیز بندوں کے لیے بہتر ہے وہ اللہ تعالیٰ کے ذمہ واجب ہے، حالانکہ اللہ تعالیٰ پر کوئی چیز واجب نہیں وہ جو کرتا ہے اپنے فضل سے کرتا ہے۔
  2. اس بات کا قرار کرے کہ قرآن پاک اصل میں اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور مخلوق نہیں ہے،( اگرچہ ہمارے پاس جو قرآن موجود ہے وہ مخلوق ہے لیکن جس کلام پر یہ قرآن دال ہے   وہ چونکہ صفت باری تعالیٰ ہے اس لیے وہ مخلو ق نہیں)
  3. ہر مسلمان کے پیچھے جمعہ اور عیدین کو جائز سمجھے خواہ وہ نیک ہو یا گناہ گار ہو(یہ الگ بات ہے کہ بغیر مجبوری کے فاسق کے پیچھے نما ز نہ پڑھے)
  4. اچھی بری تقدیر کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے مقدر سمجھے۔
  5. موزوں پر مسح کو جائز سمجھے۔
  6. تلوار لے کر امیر (برحق) کے خلاف نہ نکلے۔
  7. حضرت ابوبکر، حضرت عمر ، حضرت عثمان، حضرت علی رضی اللہ عنہم کو باقی صحابہ رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین سے افضل مانے۔
  8. اہل قبلہ میں سے کسی کی کسی گناہ کی وجہ سے تکفیر نہ کرے(یعنی جو دین کے ضروری اور بنیادی عقائد کو مانتا ہو اسے کسی گناہ کی وجہ سے کافر نہ کہے)
  9. اہل قبلہ میں سے جس شخص کا انتقال ہوجائے اس کی نماز جنازہ پڑھے (یعنی نماز جنازہ پڑھنے کو کم از کم جائز سمجھے اور اگر پڑھنے کا موقع ہو تو محض اس وجہ سے اس کی نماز جنازہ نہ چھوڑے کہ وہ گناہ گار ہے)

10 .        جماعت کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے رحمت اور تفرقہ کو عذاب سمجھے (یعنی مسلمانوں کا جو امیر ہواس کی جماعت میں رہنے کو اللہ تعالیٰ کی رحمت سمجھے اور اس امیر سے علیحدہ  ہونے کو اللہ تعالیٰ کا عذاب سمجھے)

تاتارخانیہ (18/13) میں ہے:

الحاوي من قول بعض المشايخ من اهل السنة والجماعة وهي عشرة اشياء فالاول ان لا يقول شيئا في الله لا يليق بصفاته والثاني ان يقر بان القرآن كلام الله تعالى وليس بمخلوق والثالث يرى الجمعة والعيدين خلف كل بر وفاجر والرابع يرى القدر خيره وشره من الله تعالى والخامس يرى المسح على الخفين والسادس لا يخرج على الامير بالسيف والسابع يفضل ابا بكر وعمر وعثمان وعليا على سائر الصحابة رضوان الله عليهم اجمعين و الثامن لا يكفر احدا من اهل القبلة بذنب والتاسع يصلي على من مات من اهل القبلة والعاشر أن يرى الجماعة رحمة والفرقة عذابا قال صاحب الكتاب في هذا الفصل شروط وزيادات لاصحابنا تجب ان يراعى ذلك

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved