• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

بیعت کا مطلب اوراس کا فائدہ

استفتاء

1.صوفیائے کرام اور مشائخ عظام جو بیعت لیتے ہیں اس کا کیا مطلب ہے ؟

2.آیا یہ قران کریم اور حدیث شریف سے ثابت ہے ؟

3.اور  آج بھی کسی صاحب شریعت بزرگ کے ہاتھ پر بیعت کرنا لازمی ہے اور باعث ثواب ہے؟

4.اس کے کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں ؟

5.حدیث شریف کے حوالے سے کون سے الفاظ مبارک سے بیعت لی جاسکتی ہے ؟مسنون طریقہ کیا ہے؟اور کون سے بزر گ صاحبان بیعت لینے کے اہل ہیں ؟براہ کرم کافی شافی حل عنایت فرمائیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1.بیعت کا مطلب کسی زندہ متبع شریعت بزرگ کے ساتھ وعدہ کرنا ہے کہ اس کی راہنمائی میں احکام شریعت پر عمل کروں گا۔فرائض واجبات اور سنن مؤکدہ کو بلاعذر ترک نہیں کروں گا اور حرام ومکروہ تحریمی سے اجتناب کروں گا ،گناہ ہو جائے گاتو توبہ میں تاخیر نہیں کروں گا،جہاں کہیں مشکل پیش آئے گی یااشکال ہو گا وہاں آپ سے راہنمائی لوں گا۔

2.بیعت سنت ہے لازمی نہیں البتہ اپنی اصلاح فرض عین ہے ۔تجربہ یہ ہے کہ اصلاح بیعت کے بغیر عموما نہیں ہوتی اوربیعت سے آسانی ہو جاتی ہے ۔محض بیعت کرنے کا تو اتنا ہی ثواب ہو گاجتنا کسی نیک کام کے وعدے یا ارادے پر ہوتا ہے ۔

3.بیعت سے یکسوئی حاصل ہو جاتی ہے متعلقہ بزرگ بیعت کرنے والے کے بارے میں فکرمند ہو جاتے ہیں ان کی دعائوں میں حصہ ہو جاتا ہے ۔بزرگوں سے عقیدت ومحبت ہو جاتی ہے جس سے ان کی بات ماننا آسان ہو جاتا ہے۔

4.بیعت کے لیے کوئی لگے بندھے الفاظ نہیں ہیں ۔مختلف حضرات کے مختلف انداز اور الفاظ ہیں ۔

5.ہر اس شخص سے بیعت کا تعلق قائم کیا جاسکتا ہے جو صحیح عقائد کا حامل ہو ،متبع شریعت ہو اور اسے اپنے شیخ سے بیعت کی اجازت ہو اور اس کا سلسلہء تصوف متصل السند بھی ہو اور معروف مشائخ طریقت پر مشتمل ہو ،اس نے اپنی باضابطہ اصلاح کروائی ہو،خود سے بزرگ نہ بن بیٹھا ہو۔اس وقت درج ذیل حضرات زیادہ معروف ہیں اور ان سے استفادہ بسہولت ممکن ہے:

۱۔ حضرت مولانا صوفی سرور صاحب ،جامعہ اشرفیہ لاہور

۲۔ حضرت مولانا یوسف خان صاحب جامعہ اشرفیہ لاہور

۳۔            حضرت مولانا نعیم الدین صاحب جامعہ مدنیہ لاہور

۴۔            حضرت مولانا محمود میاں صاحب جامعہ مدنیہ لاہور

۵۔            حضرت مولانا حبیب الرحمن سومروخلیفہ مجاز قاضی مظہر حسین صاحبؒ( سندھ )

۶۔ مولانا محمد حسن صاحب ،جامعہ محمدیہ چوبرجی لاہور

۷۔            حضرت صوفی مقبول صاحب بیدیاں روڈ لاہور

۸۔            مولانا مفتی محمود الحسن صاحب (مظفرآباد)

۹۔ مولانامفتی عبدالروف سکھر وی صاحب (جامعہ دارالعلوم کراچی)

۱۰۔مولانا مفتی محمود اشرف صاحب ،جامعہ دارالعلوم کراچی

۱۱۔            مولانا محب اللہ صاحب خلیفہ مجاز حضرت خواجہ خان محمد خان صاحبؒ (لورالائی بلوچستان)

۱۲۔حضرت مولانا ناصرالدین خاکوانی صاحب ۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved