• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

اگر گھی کی بالٹی میں نجاست گر جائےتو کیسے پاک ہوگا؟

  • فتوی نمبر: 19-236
  • تاریخ: 25 مئی 2024

استفتاء

اگر گھی کی بالٹی میں نجاست گر جائے تو کیا گھی کو پاک کیا جا سکتا ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں گھی کو پاک کیا جاسکتا ہے جس کی تفصیل یہ ہے کہ اگر گھی جما ہوا ہو(پگھلاہوانہ ہو) تو نجاست کے اردگرداور جہاں نجاست لگی ہو،اسے ہٹا کرباقی گھی کا استعمال جائز ہے ، اگر گھی مائع (پگھلا ہوا) ہو تو پھر جتنا گھی ہے اتنا ہی پانی ڈال کرآگ پر اتنا ابالیں کہ پانی جل کر ختم ہوجائےاور یہ عمل تین بار کیاجائے،یاجتناگھی ہے اتناہی پانی ڈال کرخوب ہلائیں، پھر اوپر سے گھی نکال لیں اور پانی پھینک دیں۔ اس طرح تین بار کرنے سے گھی پاک ہو جائے گا۔

فتاویٰ ھندیہ(45/11)میں ہے:

الفارة لوماتت فی السمن ان کان جامدا قور ماحوله ورمی به والباقی طاهر یوکل …

شامی(597/1)میں ہے:

ولو تنجس العسل فتطهيره ان يصب فيه ماء بقدره فيغلى حتى يعود الى مكانه، والدهن يصب عليه الماء فيغلي  فيعلو الدهن الماء فيرفع بشيء هكذا ثلاث مرات …….وفي مجمع الرواية.وشرح القدوري. انه يصب عليه مثله الماء ويحرك…الخ

فتاویٰ دارالعلوم دیوبند (241/1)میں ہے

ناپاک گھی اور تیل کے پاک کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

(سوال ۴۳۹) تیل یا گھی میں چوہا گر کر مر گیا تو شرعاً کوئی تدبیر ایسی بھی ہے کہ جس سے یہ نجس تیل یا گھی پاک کر لیا جائے اور اس کا استعمال اکلاً وشربا وادہاناً درست ہوجائے ۔ اگر بعد تطہیر اس کا استعمال غیر اکل وشرب ہی میں جائز ہو تو بحوالہ تحریر فرمایا جاوے اور یہ سوال سمن مائع کے متعلق ہے جمے ہوئے کے متعلق نہیں ہے ۔

(جواب)درمختار میں ہے ويطهرلبن وعسل ودھن یغلی ثلثا۔ (۴) اس کا حاصل یہ ہے کہ دودھ اور شہد اور تیل تین دفعہ جو ش دینے سے پاک ہوجاتا ہے ، یعنی ہر ایک دفعہ اس قدر جوش دیا جاوے کہ پانی جل جائے اور یہی حکم جو تیل کا ہے گھی غیر جامد کا ہے ، اور شامی میں ہے کہ تیل میں جوش دینے کی بھی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہر دفعہ پانی ڈال کر اس کو خوب ہلایا جاوے ، پھر جب کچھ ٹھہرنے سے تیل اوپر آجائے اس کو علیحدہ اٹھا لیا جائے۔اسی طرح تین دفعہ کیا جاوے ۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved