- فتوی نمبر: 1-70
- تاریخ: 07 جولائی 2005
- عنوانات: عقائد و نظریات > اسلامی عقائد
استفتاء
مجھے ایک مسئلہ در پیش ہے اس کے بارے میں قران و حدیث کی روشنی میں وضاحت چاہتا ہوں۔
میں گوجرانوالہ کا باسی ہوں تبلیغ کے سلسلے میں اڑھائی ماہ کے لیے سری لنکا تشکیل ہوئی۔ اس کا شمالی علاقہ گرم ہے، روزانہ دو تین مرتبہ غسل کرنا پڑتا ہے اور کپڑے اتارنے کو جی چاہتا ہے۔ لہذا ایک مرتبہ ہماری جماعت مسجد میں بیٹھی ہوئی تھی اور میں قمیض اور بنیان اتار کر بیٹھا ہوا تھا۔ میرے دائیں پستان کے نیچے ایک چھوٹا پستان بنا ہوا ہے یہ قدرت کا کام ہے جس طرح ہاتھ میں چھٹی انگلی ہوتی ہے۔ میرے ایک ساتھی نے مجھ سے پوچھا حافظ صاحب یہ پستان کے نیچے کیا ہے؟ تو میں نے جواب دیا ” اللہ میاں سے غلطی ہوگئی” یہ جملہ میں نے بول دیا۔ لیکن فوری طور پر مجھے اپنی غلطی کا احساس ہوا لہذا میں توبہ استغفار بہت زیادہ کی۔ یہ الفاظ بولتے ہوئے میرے دل میں اللہ تعالیٰ کے بارے میں میں کسی قسم کی کمی اور عیب اور کمزوری کا وہم بھی نہیں تھا۔ آپ حضرات سے گذارش ہے اس صورت میں میرے اسلام اور نکاح کا کیا حکم ہے آیا تجدید نکاح کی ضرورت ہے یا نہیں؟ اور ضرورت ہے تو اس کا طریقہ کار بھی لکھ دیں۔
الجواب
مذکورہ صورت میں ایمان کی تجدید تو کر ہی لی۔ احتیاطاً نکاح کی تجدید بھی کر لی جائے۔ جس کی صورت یہ ہے کہ میاں بیوی دو گواہوں کے سامنے جو میاں بیوی کے علاوہ دو مرد ہوں یا ایک مرد اور دوعورتیں ہوں نکاح کا ایجاب و قبول کر لیں اور مہر بھی مقرر کر لیں۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved