• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

اللہ تعالیٰ کی ذات کے بارے میں بُرا بھلا کہنا

استفتاء

میری باجی کی شادی میرے خالہ زاد سے ہوئی جن کا نام**ہے۔ شادی کے بعد ***نے نہ تو مستقل مزاجی سے کوئی کام، کمانے اور خرچہ چلانے کے لیے کیا، نہ نماز روزہ کی پابندی، جس کی وجہ سے گھر میں ہر وقت لڑائی جھگڑا رہتا تھا، باجی کہتی تھی کہ ڈھنگ سے کوئی کام کرو تاکہ مجھے دوسروں سے کچھ نہ مانگنا پڑے، لیکن وہ بات آج کل پر ٹالتے یا پھر گالیاں اور جھگڑا کر کے باہر نکل جاتے۔ ایک دن اسی طرح گھر میں جھگڑا تھا کہ وہ مزدوری کرنے چلے گئے، شام کو مستری نے مزدوری کے پیسے نہ دیے، اور گھر چلا گیا، ***بھائی کو غصہ آیا اور وہاں کسی دوسرے مزدور سے جھگڑا ہو گیا اور ایک دوسرے کو گالیاں بھی دیں اور اس مزدور نے کوئی اوزار ***کے سر میں مارا کہ خون بہہ نکلا، لوگوں نے چھڑایا، گھر آئے تو ان سے بھی غصہ کیا کہ تم سب کو پیسوں سے پیار ہے ٹھیک ہے میں اب کما کے دکھاؤں گا، دے دوں گا تم  کو پیسے۔ خون بہہ رہا تھا مسلسل، گھر والوں نے پٹی کروانے کا کہا تو وہ کہنے لگے نہیں کرواتا میں، انہوں نے سمجھایا کہ ***نہ پریشان ہو اللہ تعالیٰ سب ٹھیک کر دیں گے، تو انہوں نے کہہ دیا کہ اللہ کی ماں کو ۔۔۔۔۔۔۔ یعنی اللہ کو گالی دے دی۔ باجی نے یہ بات سن لی، بعد میں ***بھائی نے مان لیا کہ ہاں غصہ سے میں نے ایسا کہا تھا۔

اب بتایے کہ ایسا کرنے سے باجی کا نکاح ***بھائی سے ٹوٹ گیا ہے یا نہیں؟

اس واقعہ کے بعد باجی ہمارے پاس آئی تو ہم نے کہا کہ یہ تو کفریہ کلمہ ہے، لہذا اب نکاح ٹوٹ گیا تو عدت شروع ہو گئی، باجی نے عدت پوری کر لی۔ اب ہم باجی کا نکاح کہیں اور کر سکتے ہیں یا نہیں؟ کیونکہ اب باجی وہاں نہیں جانا چاہتی اور ان کا نام بھی سن لے تو اس کی طبیعت خراب ہونے لگتی ہے، بے ہوش ہونے لگتی ہے۔ کوئی دعا، وظیفہ یا تعویذ ہے کہ باجی کی طبیعت بحال رہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں اللہ سبحانہ کو گالی دینے سے ایمان جاتا رہا اور نکاح ختم ہو گیا، عورت عدت کے بعد جہاں چاہے نکاح کر سکتی ہے۔ شوہر کے لیے تجدید ایمان ضروری ہے۔

و في البحر الرائق: يكفر إذا وصف الله تعالی بما لا يليق به. (باب أحكام المرتدين: 5/ 202)

و يؤمر بالتوبة و الرجوع عن ذلك و بتجديد النكاح بينه و بين امرأته. (هندية: 2/ 283)

ثم اعلم أنه إذا تكلم بكلمة الكفر عالماً بمعناها و لا يعتقد معناها لكن صدرت عنه من غير إكراه بل مع طواعية في  تأديته فإنه يحكم عليه بالكفر. (شرح الفقه الأكبر: 164 قديم)

فتاویٰ محمودیہ میں ہے:

سوال: نادانستگی میں زید نے اللہ میاں کو چند نا شائستہ کلمات کہہ دیے ، اللہ پاک کو ماں باپ کی گالی دی الخ

جواب:** کو لازم ہے کہ تجدیدِ ایمان کرے، اس کا نکاح بھی ختم ہو گیا۔ الخ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved