- فتوی نمبر: 36-23
- تاریخ: 05 جولائی 2026
- عنوانات: عقائد و نظریات > سیر و مناقب اور تاریخ
استفتاء
مفتی صاحب عرض یہ ہے کہ حضور ﷺ کے چچا اور ماموں کتنے تھے ؟اور خالہ اور پھوپھیاں کتنی تھیں ؟ اور ان کے کیا نام تھے ؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔ حضورﷺ کے چچا:
آپ ﷺ کے گیارہ چچا تھے اور بعض نے بارہ کہا ہے جن کے نام درج ذیل ہیں :
(۱)حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ(۲) حضرت عباس رضی اللہ عنہ (۳)ابو طالب (جن کا نام عبد مناف تھا) (۴)ابو لہب (جس کا نام عبد العزی تھا) (۵)زبیر(۶)عبد الکعبہ (۷)مقوم (۸)ضرار (۹)قثم (۱۰)مغیرہ (۱۱) غیداق (جن کا نام مصعب تھا) (۱۲)عوام۔
2۔ حضور ﷺ کی پھوپھیاں :
آپ ﷺ کی چھ پھوپھیاں تھیں جن کے نام درج ذیل ہیں :
(۱)حضرت صفیہ رضی اللہ عنہا (۲)حضرت اروی رضی اللہ عنہا (۳) ام حکیم (۴) عاتکہ (۵) امیمہ (۶) برہ
3۔حضور ﷺ کے ماموں اور خالہ:
حضور ﷺ کی والدہ ’’آمنہ بنت وہب‘‘ اپنی والدہ ’’برّۃ بنت عبد العزی‘‘ کی بظاہر اکلوتی بیٹی ہیں کیونکہ ’’برّہ بنت عبد العزى‘‘ كی ’’حضرت آمنہ ‘‘ کے علاوہ کسی اور اولاد وغیرہ کا تذکرہ کتب سیرت وغیرہ میں نہیں ملتا لہذا اس اعتبارسے حضور ﷺ کے حقیقی ماموں اور خالائیں نہ تھیں، البتہ آپ (آمنہ بنت وہب) کے والد ’’وہب بن عبد مناف‘‘ کی ایک دوسری بیوی’’ضعیفہ بنت ہاشم‘‘ تھیں، جن سے اُن(والدِحضرتِ آمنہ) کےدو بیٹے : (۱) عبد یغوث (۲) عبید یغوث تھے، یوں یہ دونوں حضور ﷺ کے سوتیلے ماموں ہوئے ۔
زاد المعاد (1/ 92)میں ہے:
«فصل في أعمامه وعماته صلى الله عليه وسلم
فمنهم أسد الله وأسد رسوله سيِّد الشهداء حمزة بن عبد المطلب، والعباس، وأبو طالب واسمه عبد مناف، وأبو لهب واسمه عبد العزَّى، والزبير، وعبد الكعبة، والمقوِّم، وضِرار، وقُثَم، والمغيرة ولقبه حَجْل والغَيداق واسمه مصعب، وقيل: نوفل. وزاد بعضهم: العوَّام. ولم يُسلم منهم إلا حمزة والعباس.
وأما عمَّاته: فصفية أم الزبير بن العوَّام، وعاتكة، وبَرَّة، وأروى، وأميمة، وأم حكيم البيضاء. أسلم منهن صفية. واختلف في إسلام عاتكة وأروى، وصحَّح بعضهم إسلام أروى
الثقات لابن حبان (1/ 26) میں ہے:
«وأم رسول الله صلى الله عليه وسلم آمنة بنت وهب بن عبد مناف بن زهرة بن كلاب بن مرة بن كعب بن لؤي بن غالب ولم يكن لها أخ فيكون خالا للنبي صلى الله عليه وسلم إلا عبد يغوث بن وهب»
المنمق فی اخبار قريش (ص: 48) میں ہے:
«وكان أول فرقة دخلت بين قريش أن أمية بن عبد شمس كان رجلا حلوا جميلا وكان يمر بوهب بن عبد مناف بن زهرة وعند وهب يومئذ امرأتان إحداهما ضعيفة بنت هاشم بن عبد مناف وهي أم عبد يغوث وعبيد يغوث ابني وهب بن عبد مناف وعنده برة بنت عبد العزى بن عثمان بن عبد الدار بن قصي، وهي أم آمنة بنت وهب أم رسول الله صلى الله عليه وسلم
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved