- فتوی نمبر: 15-383
- تاریخ: 11 جنوری 2019
- عنوانات: حدیثی فتاوی جات > منتقل شدہ فی حدیث
استفتاء
کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ بخاری شریف میں حدیث نمبر 822 میں ہے کہ
( آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کتوں کی طرح سجدہ نہ کرو)تو عورتوں کے لیے یہ حکم نہیں اس کی دلیل اور پورا حوالہ بتا دیں کہ عورتیں سمٹ کر سجدہ کریں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
بخاری شریف میں جو حدیث مذکور ہے اس میں مخاطب مرد حضرات ہیں عورتیں اس کی مخاطب نہیں ہیں۔
چنانچہ بخاری شریف( ج 1ص113 )میں ہے:
عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : ” اعْتَدِلُوا فِي السُّجُودِ وَلَا يَبْسُطْ أَحَدُكُمْ ذِرَاعَيْهِ انْبِسَاطَ الْكَلْبِ "
ترجمہ:حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم مرد سجدہ اعتدال کے ساتھ کرو اور تم میں سےکوئی ایک انپے بازو سجدہ میں کتے کے بچھانے کی طرح نہ بچھائے۔
اس کی مزید تائیدمسلم شریف میں حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کی روایت سے ہوتی ہے۔
چنانچہ مسلم ج1ص194 میں ہے:
عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ : كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَسْتَفْتِحُ الصَّلَاةَ بِالتَّكْبِيرِ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وَيَنْهَى أَنْ يَفْتَرِشَ الرَّجُلُ ذِرَاعَيْهِ افْتِرَاشَ السَّبُعِ
ترجمہ :حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تکبیر تحریمہ سے نماز شروع فرماتے تھے….. اور اس بات سے منع فرماتے تھے کہ مرداپنے بازو سجدہ میں درندوں کی طرح بچھائے سجدہ میں۔
عورت کے سمٹ کر سجدہ کرنے کے دلائل مندرجہ ذیل ہیں:
چنانچہ سنن كبری 3/ 315 میں ہے:
عن يزيد بن ابي حبيب ان رسول الله صلى الله عليه و سلم مر علي امراتين تصليان وقال اذا سجدتما فضما بعض اللحم الى الارض فان المراة ليست في ذلك كالرجل
ترجمہ: حضرت یزید بن ابو حبیب سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم دو عورتوں کے پاس سے گزرے جو نماز پڑھ رہی تھیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب تم سجدہ کرو تو اپنے جسم کو زمین کے ساتھ ملایا کرو(یعنی زمین کے ساتھ چپک کر سجدہ کیا کرو) کیونکہ عورت سجدہ میں مرد کی طرح نہیں ہے۔
اعلاء السنن ج3/31 میں ہے:
عن ابن عمر رضی الله تعالیٰ عنه قال قال رسول الله صلی الله علیه وسلم اذا سجدت الصقت بطنها بفخذها كاسترمايكون لها
ترجمہ:حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے فرماتے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب عورت سجدہ کرے تو وہ اپنے پیٹ کو اپنی ران کے ساتھ اس طرح ملائے جو اس کے لئے زیادہ سے زیادہ پردہ کا موجب ہو ۔
سنن کبریٰ ج 2 ص 314 میں ہے:
عن الحارث قال قال علي اذا سجدت المرأة فالتضم فخذيها
ترجمہ: حضرت حارث سے مروی ہے فرماتے ہیں کہ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا کہ جب عورت سجدہ کرے تو اپنی رانوں کو پیٹ کے ساتھ ملائے
© Copyright 2024, All Rights Reserved