- فتوی نمبر: 32-08
- تاریخ: 22 مارچ 2025
- عنوانات: حدیثی فتاوی جات > تحقیقات حدیث
شب جمعہ کا درود
اللهم صل وسلم وبارك على سيدنا محمد ن النبى الامى الحبيب العالى القدر العظيم الجاه وعلى آله وصحبه وسلم
بزرگوں نے فرمایا کہ جو شخص ہر شب جمعہ (جمعہ اور جمعرات کی درمیانی رات) اس دور شریف کو پابندی سے کم از کم ایک مرتبہ پڑھے گا موت کے وقت سرکار مدینہﷺ کی زیارت کرے گا اور قبر میں داخل ہوتے وقت بھی، یہاں تک کہ وہ دیکھے گا کہ سرکار مدینہ ﷺاسے قبر میں اپنے رحمت بھرے ہاتھوں سے اتار رہے ہیں۔
6لاکھ درود شریف کا ثواب
اللهم صل على سيدنا محمد عدد ما فى علم الله صلاة دائمة بدوام ملك الله
حضرت احمد صاوی بعض بزرگوں سے نقل کرتے ہیں کہ اس درود شریف کو ایک بار پڑھنے سے چھ لاکھ دودھ شریف پڑھنے کا ثواب ملتا ہے۔
رحمت کے ستر دروازے
صلى الله على محمد
جو یہ درود پاک پڑھتا ہے اس پر رحمت کے 70 دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔
تمام گناہ معاف
اللهم صل على سيدنا ومولانا محمد وعلى آله وسلم
حضرت سیدنا انسؓ سے روایت ہے کہ تاجدار مدینہ ﷺنے فرمایا جو شخص یہ درود پاک پڑھے اگر کھڑا تھا تو بیٹھنے سے پہلے اور بیٹھا تھا تو کھڑے ہونے سے پہلے اس کے گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔
قرب مصطفیٰ
اللهم صل على محمد كما تحب وترضى له
ایک دن ایک شخص آیا تو حضور ﷺنے اسے اپنے اور صدیق اکبرؓ کے درمیان بٹھا لیا۔ اس سے صحابہ کرام کو تعجب ہوا کہ یہ کون ذی مرتبہ ہے جب وہ چلا گیا تو سرکار نے فرمایا یہ مجھ پر درود پاک پڑھتا ہے تو یوں پڑھتا ہے۔
درود شفاعت
اللهم صل على محمد وانزله المقعد المقرب عندك يوم القيامة
جو شخص یوں درود پاک پڑھے اس کے لیے میری شفاعت واجب ہو جاتی ہے۔
پوچھنا یہ تھاکہ یہ جو درود شریف لکھے ہوئے ہیں اور ان کی جو فضیلت لکھی ہوئی ہے قرآن وحدیث کے حوالے سے صحیح ہیں یا نہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
درود شفاعت کے علاوہ باقی درودوں کا اور ان کے مذکورہ فضائل کا حوالہ ہمیں تلاش کے باوجود حدیث کی کسی مستند کتاب میں نہیں ملا۔ تاہم معنیٰ کے لحاظ سے مذکورہ تمام درود درست ہیں اور درود شریف پڑھنے کے جو عام فضائل ہیں وہ ان درودوں کو پڑھنے سے بھی حاصل ہوجائیں گے۔
المعجم الکبیر (5/25) میں ہے:
عن رويفع بن ثابت الأنصاري، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: ” من قال: اللهم صل على محمد وأنزله المقعد المقرب عندك يوم القيامة وجبت له شفاعتي “
ترجمہ: حضرت رویفع بن ثابت انصاریؓ سے مروی ہے کہ آپﷺ نے فرمایا جس شخص نے کہا : “اللهم صل على محمد وأنزله المقعد المقرب عندك يوم القيامة”تو اس شخص کے لیے میری شفاعت واجب ہوگئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved