- فتوی نمبر: 32-54
- تاریخ: 03 اپریل 2025
- عنوانات: حدیثی فتاوی جات > تحقیقات حدیث
استفتاء
میرا سوال یہ ہے کہ عورت کی نماز کا طریقہ جس حدیث میں آیا ہے وہ حدیث یا اس کا حوالہ بتادیں اور عورت کی نماز کا طریقہ بھی بتادیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
عورت کی نماز کا طریقہ وہی ہے جو مرد کی نماز کا طریقہ ہے البتہ کچھ چیزوں میں فرق ہے جو مندرجہ ذیل احادیث سے ثابت ہے :
عورت اپنے ہاتھ کندھوں تک اٹھائے:
عن عبد ربه سلمان قال رايت ام الدرداء ترفع يديها فى الصلاة حذو منكبيها [جزء رفع اليدين للبخاري،رقم الحدیث:50،ص:66]
عبد ربہ سلمانؒ کہتے ہیں میں نے (مشہور صحابیہ) حضرت ام درداء کو دیکھا کہ انہوں نے نماز میں اپنے دونوں ہاتھ اپنے دونوں کندھوں تک اٹھائے۔
عن وائل بن حجر قال : قال رسول الله صلى الله عليه وسلم ……….. المرأة تجعل يديها حذاء ثدييها [المعجم الكبير للطبرانى، 22/19]
ترجمہ: حضرت وائل بن حجرؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ……….. عورت (نماز میں ) اپنے ہاتھ اپنے پستانوں تک اٹھائے۔
فائده: دونوں حديثوں پر عمل کی یہ صورت ہے کہ ہتھیلیاں پستانوں کے مدمقابل ہوں اور انگلیاں کندھوں کے مقابل ہوں۔
عورت کے رکوع کرنے کا طریقہ:
عن عطاء قال: تجتمع المرأة إذا ركعت ترفع يديها إلى بطنها، وتجتمع ما استطاعت، فإذا سجدت فلتضم يديها إليها، وتضم بطنها وصدرها إلى فخذيها، وتجتمع ما استطاعت ” [مصنف عبدالرزاق،3/50]
ترجمہ: حضرت عطاؒ فرماتے ہیں کہ عورت سمٹ کر رکوع کرے گی اپنے ہاتھوں کو اپنے پیٹ کی طرف ملائے گی جتنا سمٹ سکتی ہو سمٹ جائے گی۔
عورت کے سجدے کرنے کا طریقہ:
عن يزيد بن أبي حبيب، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم مر على امرأتين تصليان فقال: «إذا سجدتما فضما بعض اللحم إلى الأرض فإن المرأة ليست في ذلك كالرجل» [مراسيل ابي داؤد،ص:117]
یزید بن ابی حبیبؒ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نماز پڑھتی ہوئی دو عورتوں کے پاس سے گذرے تو (ان سے) فرمایا: جب تم سجدہ کرو تو اپنے جسم کو زمین کے ساتھ لگالیا کرو کیونکہ سجدہ کرنے میں عورت مرد کی طرح نہیں ہے۔
عن علي، قال: «إذا سجدت المرأة فلتحتفر ولتضم فخذيها» [مصنف ابن ابى شيبة،3/93]
ترجمہ:حضرت علیؓ سے روایت ہے کہ جب عورت سجدہ کرے تو اسے چاہیے کہ سمٹ جائے اور اپنی رانوں کو جوڑے۔
عن عبد الله بن عمر قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم إذا سجدت ألصقت بطنها في فخذيها كأستر ما يكون لها [السنن الكبرى للبيهقي، رقم الحديث:3199]
ترجمہ: حضرت عبداللہ ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ عورت جب سجدہ کرے تو اپنا پیٹ اپنی رانوں کے ساتھ ملالے جو اس کے لیے زیادہ پردے کی حالت ہے۔
عورت کے قعدہ کرنے کا طریقہ:
عن ابن عباس أنه سئل عن صلاة المرأة، فقال:تجتمع وتحتفز.[ مصنف ابن ابی شیبة،رقم الحدیث: 2794)
ترجمہ: حضرت ابن عباسؓ سے عورت کی نماز کے متعلق سوال کیا گیا تو آپؓ سے فرمایا: خوب سمٹ کر نماز پڑھے اور بیٹھنے کی حالت میں سرین کے بل بیٹھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved