• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

حضرت مہدی کے نام کےساتھ "علیہ السلام”کا لفظ استعمال کرنے کا حکم

استفتاء

کیا حضرت مہدی  کو علیہ السلام کہہ سکتے ہیں؟میں نے سناہے کہ علیہ السلام صرف انبیاء  کے  لیے استعمال ہوتا ہےاور میں نے مولانا یوسف لدھیانویؒ کی کتاب آپ کے مسائل اور ان کا حل میں پڑھاہے کہ حضرت مہدی کے نام کے  ساتھ علیہ السلام کہنا جائز ہے۔برائے مہربانی اس مسئلہ کی وضاحت فر مائیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

حضرت مہدیؓ کے نام کے ساتھ ’’علیہ السلام‘‘ کا لفظ استعمال کرنا جائز نہیں، کیونکہ ایک تو عرف سلف میں ’’علیہ السلام‘‘ کا لفظ حضرات انبیاء کرام علیہم السلام اور حضرات ملائکہ(فرشتوں)  علیہم السلام کے ناموں کے ساتھ خاص ہے جبکہ حضرت مہدی ؓ نہ نبی ہیں اور نہ فرشتہ ہیں اور  دوسرے حضرت مہدیؓ کے نام کے ساتھ ’’علیہ السلام ‘‘ کا  لفظ استعمال کرنا روافض(شیعوں) کا شعار (علامت) ہے لہٰذا  اس وجہ سے بھی  حضرت مہدیؓ کے نام کے ساتھ ’’علیہ السلام ‘‘ کا لفظ استعمال کرنا جائز نہیں۔

باقی رہی یہ  بات کہ حضرت مولانا یوسف لدھیانویؒ نے ’’آپ کے مسائل اور ان کا حل‘‘ میں حضرت مہدیؓ کے نام کے ساتھ ’’علیہ السلام‘‘ کا لفظ کہنا جائز کہا ہے تو یہ بات درست نہیں   چنانچہ حضرت کی پوری عبارت یہ ہے:

’’عام طور پرحضرت مہدی کےلیے ’’علیہ السلام‘‘  کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے جو لغوی معنی کے لحاظ سے بالکل صحیح ہےاور مسلمانوں میں السلام علیکم  وعلیکم السلام کےالفاظ روزمرہ  استعمال ہوتے ہیں مگر کسی کے نام کے ساتھ نہیں۔یہ الفاظ چونکہ انبیاء وملائکہ کےلیے استعمال ہوتے ہیں اس لیے میں نے حضرت مہدی کے لیے کبھی یہ الفاظ استعمال نہیں کیے کیونکہ حضرت مہدی نبی نہیں ہوں گے‘‘

حاشیہ ابن عابدین(1/483)میں ہے:

والظاهر أن العلة في منع السلام ما قال النووي في علة منع الصلاة أن ذلك شعار أهل البدع ولأن ذلك مخصوص على لسان السلف بالأنبياء عليهم الصلاة والسلام۔

لسان الحکام (416)میں ہے:

وفي الأجناس قال أبو حنيفة رحمه الله لا يصلي على غير الأنبياء والملائكة

تکملۃ حاشیۃ رد المحتار(10/518)میں ہے:

وأما السلام فنقل اللقاني في شرح جوهرة التوحيد عن الامام الجويني أنه في معنى الصلاة، فلا يستعمل في الغائب ولا يفرد به غير الانبياء، فلا يقال: علي عليه السلام، وسواء في هذا الاحياء والاموات، إلا في الحاضر فيقال: السلام أو سلام عليك أو عليكم، وهذا مجمع عليه ۔

أقول : ومن الحاضر السلام علينا وعلى عباد الله الصالحين ، والظاهر أن العلة في منع السلام ما قاله النووي في علة منع الصلاة أن ذلك شعار أهل البدع ، ولأن ذلك مخصوص في لسان السلف بالأنبياء عليهم الصلاة والسلام كما أن قولنا عز وجل مخصوص بالله تعالى ، فلا يقال محمد عز وجل وإن كان عزيزا جليلا ثم قال اللقاني : وقال القاضي عياض الذي ذهب إليه المحققون ، وأميل إليه ما قاله مالك وسفيان ، واختاره غير واحد من الفقهاء والمتكلمين أنهيجب تخصيص النبي صلى الله عليه وسلم وسائر الأنبياء بالصلاة والتسليم كما يختص الله سبحانه عند ذكره بالتقديس والتنزيه ، ويذكر من سواهم بالغفران والرضا كما قال الله تعالى – رضي الله عنهم ورضوا عنه يقولون ربنا اغفر لنا ولإخواننا الذين سبقونا بالإيمان – وأيضا فهو أمر لم يكن معروفا في الصدر الأول ، وإنما أحدثه الرافضة في بعض الأئمة والتشبه بأهل البدع منهي عنه فتجب مخالفتهم ا هـ .

أقول : وكراهة التشبه بأهل البدع مقررة عندنا أيضا لكن لا مطلقا بل في المذموم وفيما قصد به التشبه بهم كما قدمه الشارح في مفسدات الصلاة

احسن الفتاوی(9/35)میں ہے:

سوال:لفظ علیہ الصلاۃ والسلام کس کی شان میں جائز ہے اور کس کی شان میں ناجائز ہے؟

جواب:لفظ علیہ الصلاۃ والسلام انبیاء وملائکہ علیہم الصلاۃ والسلام کے ساتھ خاص ہے،غیر انبیاء کے لیے اس کا استعمال جائز نہیں،البتہ تبعا استعمال کرنا جائز ہے،یعنی کسی نبی کے نام کے بعد آل نبی کا یا صلحاء کا ذکر آجائے تو سب کے لیے علیہم الصلاۃ والسلام کہنا  جائز ہے۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved