• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

خسارے میں جانے والی کمپنی کےلیے ادھار مال خریدنا

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

میں ایک ایسی کمپنی میں کام کرتا ہوں جس میں تقریبا ستر فیصد سرمایہ بنکوں کا ہے یعنی بنک سے قرض لیا ہوا ہے بوجہ معاشی حالات۔ میری ذمہ داری مال ادھار خرید کرادارے کو دینا ہے اورہمارا لوگوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ادھار تین چار ماہ کا ہوتا ہے ۔ لیکن بدقسمتی سے پچھلے ایک ڈیڑھ سال سے ادارے کے مالی حالات بہت خراب ہیں اور اس وقت کیفیت یہ ہے کہ ہم نے تقریبا ایک سال پہلے جو مال خریدا تھا اس کے پیسے ابھی ادا کرنا باقی ہیں ۔اس وقت لوگوں کے ادارے کے ذمہ کروڑوں روپے ادھار ہیں اور مستقبل قریب میں حالات بہتر ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے اور ہم لوگوں کے ساتھ مسلسل نہ چاہتے ہوئے بھی Paymentکے جھوٹے وعدے کررہے ہیں ۔سوال یہ ہے کہ آیا کہ :

۱۔ ان حالات میں ادارے کے لیے ادھار مال خریدنا ہمارے لئے جائز ہے یا نہیں ؟

۲۔ اگر خدانخواستہ ان حالات میں مالی خسارے کی وجہ سے ادارہ بند ہوجاتا ہے اور لوگوں کے بقایاجات ادا نہیں کرتا تو اس صورت میں ہم لوگ جو ادھار مال خرید کردے رہے ہیں ہم کس زمرے میں آتے ہیں ؟آیا کہ ہم مزید یہاں پر ملازمت جاری رکھیں یا نہ رکھیں ؟

نوٹ:         ہم لوگ دیندارہیں اور دعوت وغیرہ کے کام سے منسلک ہیں ہمیں اپنی حیثیت بھی خراب ہوتی نظر آرہی ہے ۔ لوگوں کاتاثر ہمارے بارے میں بھی بگڑرہا ہے۔ہم پانچ لوگ ایک ذہن کے ہیں جو یہ سوال پوچھ رہے ہیں ۔

وضاحت مطلوب:

۱۔ آپ کے معاشی حالات کیسے ہیں ؟

۲۔ یہاں سے ملازمت چھوڑنے کی صورت میں کس قسم کے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا؟

جواب وضاحت:

۱۔۲           فی الحال تو معاش کا ذریعہ ملازمت ہی ہے ۔ویسے اللہ کا شکر ہے کہ کچھ پیسے بینک میں ہیں پانچ چھ لاکھ کے قریب۔ اگرملازمت کو چھوڑدیں تو گزارہ تو ہو جائے گا ۔میری تنخواہ تقریبا ایک لاکھ کے قریب ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

۱۔ مذکورہ حالات میں اگر آپ کو لوگوں کی رقمیں ڈوبنے کا غالب گمان ہے تو آپکا ادارے کے لیے ادھار مال خریدنا جائز نہیں ،ورنہ جائز ہے ۔

۲۔ آپ چونکہ ادارے کی طرف سے خریداری کے وکیل ہیں اس لیے آپ کے ذمے ہو گا کو جو خریداری کرچکے ہیں اس کی پیمنٹ ادارے سے کروا کے دیں ۔اگر آپ کولوگوں کی رقمیں ڈوبنے کاغالب گمان ہے تو آپ کے لیے ایسی ملازمت کرناجائز نہیں جس میں آپ لوگوں کی رقموں کے ڈوبنے کا ذریعہ بنیں اورغالب گمان رقمیں ڈوبنے کا نہ ہوتو ملازمت جاری رکھ سکتے ہیں

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved