• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

کیا حسینی کہنے سے آدمی شیعہ بن جاتا ہے

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

بخدمت جناب حضرت مفتی صاحب دامت برکاتہم العالیہ گزارش ہے کہ بندہ محمد شریف فاضل جامعہ اسلامیہ، باب العلوم کہروڑپکا وفاق المدارس العربیہ پاکستان، امام و خطیب جامعہ مسجد سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا اہلسنت والجماعت، چک 315 مروٹ، ضلع بہاولنگرکاہے۔

صورت مسئلہ یہ ہے کہ ماہ محرم الحرام 1439ھ کےخطبہ جمعۃ المبارک  میں دوران بیان عرض کیاکہ لوگ رسمی طور پرایام محرم میں اہل بیعت رسولﷺ، جگر گوشہ بتول سیدنا حضرت حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے فضائل و مناقب سن سن کروقت پوراکرتے ہیں جبکہ حقیقت میں ہمیں سارا سال اہل بیت سے محبت رکھنی چاہیے اور کردار حسین زندہ رکھنا چاہیے، حضرت حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے ہمیں علم دین سکھایالہذا ہمیں علم دین سیکھنا چاہیے،حسین رضی اللہ تعالی عنہ قاری قرآن تھے ،ہمیں بھی  قرآن سیکھ کر پڑھنا چاہیے، حسین رضی اللہ تعالی عنہ نمازی تھے ہمیں بھی پکا نمازی ہونا چاہیے، اہل بیت رسول ﷺسے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ حضرت حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی طرح مکمل دین کی حفاظت کرنی چاہیے، ہم سے شریعت کا کوئی بھی حکم قضا نہ ہواگر حضرت حسین سے محبت ہے تو حسینی کردار ادا کرو، حسینی مزاج بناؤ، حسینی بنو۔

لفظ ’’حسینی بنوں‘‘ سے بعض لوگوں کو خلجان ہوا کہ حسینی تو اہل تشیع ہوتے ہیں،یہ مولوی ہمیں شیعہ بنانا چاہتا ہے، خود مولوی بھی شیعہ ہے، ناراض ہو کے مسجد چھوڑ دی، جماعت سے نماز چھوڑ دی،ایسے مولوی کے پیچھے ہماری نماز نہیں ہوتی ،سمجھانے کی بڑی کوشش کی ہے،اہل چک نے بھی اور بندہ نے بھی مگر آج تک بات وہی کی وہی ہے۔ اہل سنت والجماعت حسینی ہیں یا نہیں؟اگر یہ عقیدہ درست ہے تو امام مسجد کو شیعہ کہہ کر کافر، مشرک، بدعتی کہنے والے کا شریعت میں کیا حکم ہے؟اسی طرح اگراہل سنت والجماعت حسینی نہیں ہیں تو ایسے کہنے والے امام مسجد کافر ،مشرک، بدعتی ہوئے یا نہیں؟عقائد اہل سنت والجماعت کی روشنی میں وضاحت فرما کر ماجور اور مشکور ہوں.

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

’’حسینی بنو‘‘کہنے سے آدمی شیعہ نہیں بن جاتا،اہل سنت والجماعت سب حسینی ہیں یعنی حضرت حسین رضی اللہ کوبرحق سمجھتے ہیں،اوران سے محبت بھی کرتے ہیں اورمحبت کے تقاضوں پرعمل بھی کرتےہیں،لہذا جو لوگ صرف’’حسینی بنو‘‘کے جملے کی وجہ سے امام کو کافر،مشرک،بدعتی کہہ رہے ہیں وہ غلط کررہے ہیں۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved