- فتوی نمبر: 13-329
- تاریخ: 30 اپریل 2019
- عنوانات: اہم سوالات
استفتاء
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
۱۔ ایک سال ہو گیا ہے کہ میرے والد صاحب وفات پاگئے ہیں وفات سے دو مہینے پہلے مجھ سے یہ غلطی ہوگئی کہ میرے والد صاحب لیٹے ہوئے تھے میں نے لیٹے ہوئے ان کے ناخن کاٹ دیئے ۔ناخن کاٹتے ہوئے مجھ سے ان کی انگلی ٹوٹ گئی اور دوسری انگلی سے خون چل گیا ۔اس انگلی سے خون بند ہو گیا مگر ان کی دوسری انگلی وفات تک ٹھیک نہیں ہوئی جس کا مجھے بہت دکھ اور پریشانی ہوئی جوآج تک ختم نہیں ہوئی ۔میری اس وقت عقل ماری گئی کہ مجھے سمجھ نہیں آئی کہ میں کیا کررہا ہوں ۔یہ غلطی میں نے برے ارادے سے نہیں کی۔ مجھے والد صاحب کی انگلی کا خون نظرآرہا ہے کہ میں نے والد صاحب کو تکلیف دی اور ان کا آرام بھی خراب کیا میرا یہ ظالمانہ گناہ اللہ تعالی معاف نہیں کرے گا۔آپ رہنمائی فرائیں
۲۔ میرا چھوٹا بھائی امریکہ میں دکان کرتا تھا آ ج سے چھ مہینے پہلے میرا بھائی قرآن مجید پڑھا رہا تھا کہ ڈاکوئوں نے اس کو گولی مار کر شہید کردیا ۔میں نے اس پر بڑی زیادتیاں اور ظلم کیئے ہیں اس کو کافی مارتا تھا مگر وہ مجھ سے بہت محبت کرتا تھا مگر پھر بھی اسے مارتا تھا اور زیادتی کرتاتھا۔اب مجھے پریشانی اور پچھتاوا ہو رہاہے کہ میں کیا کربیٹھا میری عقل ماری گئی تھی ۔اسلام میں اگر خود کشی جائز ہو تی تو میں لازمی خود کشی کرلیتا کیونکہ ان گناہوں کی وجہ سے میرا سکون برباد ہو گیا ہے۔اللہ میرا یہ گناہ کیسے معاف کرے گا؟آپ سے گزارش ہے کہ آپ میری راہنمائی فرمائیں ۔
۳۔ کیا کھانے میں مرچ مصالحے زیادہ ہو نے کی وجہ سے کھانے کے بعد پانی پینا جائز ہے یا نہیں؟
۴۔ اگر کسی کی زیادہ نمازیں قضاء ہو جائیں تو اکٹھی پانچ نمازیں ادا کرسکتا ہے یا نہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
۱۔ آپ کا مقصد والد صاحب کا خون نکالنا نہیں تھا غلطی سے ایسا ہو ا اس لیے اس میں خون نکالنے کا گناہ نہیں ہوا،لہذا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
۲۔ آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ان باتوں کا اپنے اوپر بوجھ لینے کی ضرورت ہے ۔اللہ تعالی کی رحمت بہت وسیع ہے ۔اللہ تعالی قرآن پاک میں فرماتے ہیں :
ورحمتی وسعت کل شیئی(ترجمہ:میری رحمت ہر چیز پرحاوی ہے )نیز اللہ تعالی دوسری جگہ فرماتے ہیں:
قل یا عبادی الذین اسرفوا علی انفسہم لاتقنطوا من رحمۃ اللہ ان اللہ یغفر الذنوب جمیعا انہ ہو الغفور الرحیم
ترجمہ:اے نبیﷺ !آپ فرمادیجئے :اے میرے بندو ! جنہوں نے اپنی جانوں پر ظلم کیا ہے تم اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا بلاشبہ اللہ تمام گناہوں کو بخش دیتے ہیں بلاشبہ وہی تو ہے جو بڑا بخشنے والا اور مہربان ہے۔
شرک اور کفر اور قتل جیسے بڑے بڑے گناہ ندامت کے ایک آنسو سے معاف ہوجاتے ہیں ۔آپ کے کام تو اسکے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔اللہ تعالی سے نیک گمان اور رحمت کی امید رکھنا ایمان کی تقاضا ہے
© Copyright 2024, All Rights Reserved