• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

مسجد کی ملکیتی جگہ میں امام کا مکان، گٹر، واش روم وغیرہ تعمیر کرنا

استفتاء

کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ

جامع مسجد*** واقع اندراسی***کی کل زمین تقریباً ایک کنال ہے۔ مسجد کے اس پلاٹ کی ایک سائیڈ پر چھوٹی مسجد تعمیر تھی۔ اور مسجد کی زمین کی مکمل چار دیواری اور مین گیٹ بھی لگایا ہوا تھا۔ پھر اس چھوٹی مسجد کو شہید کر کے ایک بڑی مسجد تعمیر کر دی گئی ہے۔ سابقہ مسجد کا سارا حصہ نئی مسجد کے نیچے آگیا ہے۔ اور مسجد کے باہر پختہ صحن اور بائیں طرف کے صحن کے ساتھ واش رومز اور وضو خانہ بنا دیا گیا ہے۔ مسجد کے پختہ صحن کے سامنے جو خالی زمین باقی رہ گئی تھی جہاں پر عارضی شیلٹر بنا کر تعمیر کے دوران نمازیں بھی پڑھتے رہے ہیں۔ اور ساتھ میں امام صاحب کا کمرہ بھی مین گیٹ کے پاس مسجد کی زمین کی چار دیواری کے اندر ہی تھا۔ اس سابقہ کمرے کو اور عارضی شیلٹر والی کچھ جگہ کو ملا کر امام صاحب کے لیے رہائشی فیملی مکان تعمیر کر دیا گیا ہے۔ اور کچھ جگہ پر بچوں کے لیے درس گاہ بنا دی گئی ہے۔ امام صاحب کے رہائشی مکان کا واش روم اور گٹر امام صاحب کے سابقہ کمرہ والی جگہ پر ہے۔ اب ایک صاحب امام صاحب کے مکان پر اعتراض کرتے ہوئے یہ اختلاف کرتے ہیں کہ یہ مکان اور واش روم و گٹر مسجد کی زمین پر تعمیر ہیں۔ لہذا یہ شرعاً جائز نہیں ہیں کیونکہ یہ جگہ مسجد کی ہے۔ حالانکہ یہ مکان کی تعمیر تمام اہل محلہ نے باہمی مشاورت سے کی ہے۔ صرف یہ ایک صاحب اختلاف کرتے ہیں۔ شریعت کی روشنی میں بتائیں کہ یہ مکان اور واش روم و گٹر شرعاً جائز ہیں یا نہیں؟

نیز مسجد حقیقی (شرعی) و مسجد حکمی کی تعریف اور اس کے حکم کی بھی شریعت کی روشنی میں وضاحت فرمائیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

عرف عام میں مسجد کے پورے احاطے کو مسجد ہی کہتے ہیں لیکن شرعی اعتبار سے مسجد صرف اس حصے کا نام ہے جو مستقل طور پر نماز پڑھنے کے لیے مختص کر لیا گیا ہو، باقی وضو خانہ، غسل خانے، استنجاء کی جگہ، امام کا کمرہ، سامان رکھنے کا کمرہ یا وہ جگہ جو عارضی اور وقتی طور پر نماز پڑھنے کے لیے استعمال کی گئی ہو، شرعی مسجد نہیں۔ لہذا مذکورہ صورت میں امام کا مکان  واش روم اور گٹر دیے گئے نقشے کے مطابق شرعی مسجد سے باہر ہیں اس لیے یہ قابل اعتراض نہیں۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved