• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

مسجد پروقف پلاٹ کو بیچ کردوسری جگہ پلاٹ میں مسجد بنانا

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ میں کہ ایک خاتون نے پانچ مرلے کا ایک پلاٹ مسجد بنانے کیلیے وقف کیا ، کچھ ساتھیوں کو وہاں جمع کیاگیا ، پلاٹ دکھا کر بتایاگیا کہ یہ مسجد کیلیے وقف کیا گیا ہے اور یہاں مسجد بنائی جائےگی ، ساتھیوں نے وہاں کھڑے ہوکر دعائےخیر کی اور مٹھائی تقسیم کی گئی لیکن ایک سال گزرگیاہے ابھی تک نہ ہی کوئی تعمیر شروع کی گئی اور نہ ہی وہاں کوئی اذان یا نماز ہوئی ، پلاٹ جوں کا تو ں موجود ہے ، اب وہاں مسجد ک تعمیر کا ارادہ کیا گیا تو کچھ ساتھیوں کی یہ رائے سامنے آئی ہے کہ قریب ہی ایک اور پلاٹ ہے جو آٹھ مرلے کا ہے اور جس کی لوکیشن بھی بہتر ہے تو کیوں نہ اس پانچ مرلے والے پلاٹ کو بیچ کر آٹھ مرلے والا پلاٹ خرید کر مسجد بنادی جائے کہ اس میں جگہ بھی زیادہ ہے ، لوکیشن بھی اچھی ہے اور نمازی بھی زیادہ آسکیں گے ، وقف کرنے والی خاتون بھی راضی ہے ، اب سوال یہ ہے کہ کیا اس طرح پلاٹ تبدیل کرکے مسجد بنواسکتے ہیں یا نہیں ؟ براہ مہربانی بحوالہ حکم ارشاد فرمادیں

وضاحت مطلوب ہے:

1۔کیا پلاٹ کسی منتظم کے حوالے نہ کیا گیا تھا؟

2۔وقف زبانی ہوا یا تحریری؟

جواب کی وضاحت:

1۔جی میرے حوالے کیے ہے، کیونکہ وقف کرنے والی عورت ہے اور ہمارے محلے کی ہے اس نے مجھے کہا کہ یہ میرے بس کا کام نہیں ،آپ یہاں مسجد بنوا دیں۔

2۔زبانی ہوا۔میں ساتھ والے شہر میں پڑھاتا ہوں اور شام کو گھر آتا ہوں۔میں نے ایک تعمیراتی کمپنی سے بات کی ہے وہ تعمیر کرکے دیں گے اور مستقبل میں انتظام کے حوالے سے میرا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ اہل محلہ کے حوالے  کریں گے ۔خلاصہ یہ ہے کہ میں باضابطہ متولی نہیں ہوں، نہ میرا ارادہ ہے، میں صرف تعاون کر رہا ہوں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں مسجد کی تعمیر کے واسطے پلاٹ کو تبدیل کر سکتے ہیں، کیونکہ جب تک مسجد کی زمین اسی متولی کے سپرد نہ کی گئی ہو یا مسجد میں اذان دے کر نماز نہ پڑھی گئی ہو اس وقت تک  وقف مکمل نہیں ہوتا ،لہذا اس میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔

الفتاوى الهندية (2/ 408)

رجل وقف وقفا ولم يذكر الولاية لأحد قيل الولاية للواقف وهذا على قول أبي يوسف رحمه الله تعالى لأن عنده التسليم ليس بشرط أما عند محمد رحمه الله تعالى فلا يصح هذا الوقف ويفتى به كذا في السراجية

تبیین الحقائق:2/239

من بنی مسجدا لم یزل ملکه عنه حتی یفرز عن ملکه بطریقه ویاذن بالصلوة فیه واذا صلی فیه واحد زال ملکه

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved