- فتوی نمبر: 17-302
- تاریخ: 18 مئی 2024
استفتاء
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
(1)کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میں نے ایک دکاندار کو 30 ہزار روپے کام کرنے کے لیے دیے ہیں اس شرط پر کہ ان پیسوں سے جو کام ہوگا اس سے جو نفع حاصل ہوگا وہ ہم دونوں کے درمیان مشترکہ ہوگا اب ہمیں یہ بتائیں کہ یہ نفع کس حساب سے ہمارے درمیان تقسیم ہوگا آیا فیصد کے حساب سے یا بغیر فیصد کے جو ہم آپس میں طے کرلیں ؟
(2) اور دوسرا یہ کہ منڈی سے سامان لانے کے لئے مزدور یا رکشہ وغیرہ کی ضرورت پڑتی ہےتو اس سامان کو منڈی سے دوکان پر لانےکی مزدوری اسی 30 ہزار سے حاصل ہونے والے نفع سے نکالی جائے گی یا دوکاندار اس کا ذمہ دار ہوگا؟
کام کی ترتیب یہ ہے کہ دوکان کریانہ کی ہےمیرے 30ہزار سے جو سامان آئے گاوہ دکاندار بیچے گا اس کا حساب علیحدہ رکھا جائے گا ۔ برائے مہربانی جلد رہنمائی فرمائیں
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
(1)ایک شخص کا سرمایہ ہواور دوسرا شخص اس سرمایہ میں تجارت کرے تاکہ نفع دونوں کے درمیان تقسیم ہو تویہ صورت مضاربت کہلاتی ہے جس میں نفع کی تقسیم آپس میں فیصد کے حساب سے طے کرنا ضروری ہے کوئی متعین رقم(Fixed amount) )طے کرنا جائزنہیں ۔
(2) عام طور پر جو کام دوکاندار مزدور سے کرواتے ہیں اور جن کے دوسروں سے کروانے کی واقعی ضرورت ہوتی ہےمضاربت میں ان کاموں کے خرچے منہا کر کے پھر نفع کی تقسیم ہوتی ہے یعنی وہ خرچے مجموعی کاروبار میں سے نکالے جاتے ہیں صرف مضارب ان کا ذمہ دار نہیں ہوتا۔
معيار المضاربة من المعاييرالشرعية 4/9
يتولي المضارب بنفسه كل الاعمال التي يتولاها المستثمرون مثله بحسب العرف ولا يستحق اجرا علي ذلك لانها من واجباته فاذا استاجرمن يقوم له بذلك فاجرته من ماله الخاص وليس من مال المضاربة ويجوز له ان يستاجر لاداء ما لم يجب عليه من الاعمال بحسب العرف علي حساب المضاربة
مجلة مادة(1411)
يشترط في المضاربة مشاركة العقد كون رأس المال معلوما وتعيين حصة العاقدين من الربح جزءا شايعا كالنصف والثلث۔
نوٹ: مضاربت میں نفع کی تقسیم تو باہمی رضامندی سے کسی فیصدی تناسب سے ہو سکتی ہے،البتہ نقصان کے بارے میں یہ طے ہے کہ اگر نقصان کام کرنے والے کی غفلت و کوتاہی کی وجہ سے ہوا ہے تو اس کا ذمہ دار وہی ہے اور اگر بغیر غفلت و کوتاہی کہ ہوا تو سب سے پہلے نفع میں سے نقصان پورا کیا جائے گا اس کے بعد اصل سرمایہ میں سے نقصان پورا ہوگا
© Copyright 2024, All Rights Reserved