• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

محمد قاسم نامی ایک شخص سے متعلق چند سوالات

استفتاء

ایک شخص جس کا نام محمد قاسم ہے اس کے خوابوں کے چند اقتباسات ساتھ لف ہیں۔ان خوابوں سے متعلق درج ذیل سوالات ہیں:

1۔لوگوں سے جھوٹے خواب بیان کرنے کا کیا حکم ہے ؟۔اس پر قرآن و حدیث میں اگر کوئی وعید ہو تو تحریر فرما دیں ۔

2۔کیا خواب حجت شرعی ہوتا ہے ؟

3۔اگر نہیں ہوتا تو مسلسل اپنے خواب لوگوں سے بیان کرنا اور انہیں اس حد تک اپنا مرید اور عقیدت مند بنانا کہ لوگ اسے امام مہدی سمجھنے لگ جائیں کیا درست ہے؟

4۔ محمد قاسم کہتے ہیں الحمدللہ میں اپنے ان خوابوں میں 530 سے زائد مرتبہ اللہ جل جلالہ سے ہم کلام ہو چکا ہوں اور 300 سے زائد مرتبہ حضور سرور کائنات خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات کا شرف حاصل کر چکا ہوں اس میں اور دیگر بہت سے خوابوں میں یہ تاثر دیا گیا ہے کہ میں اللہ اور رسول کا محبوب ہوں۔ تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ایک ایسا بندہ جو شریعت کا اتباع کرنے والا نہ ہو نماز بھی باقاعدگی سے نہ پڑھتا ہو اور کلین شیو ہو فلمیں بھی دیکھتا ہو کیا وہ خدا اور رسول کا محبوب ہو سکتا ہے؟ اور محبوب خدا اور رسول بننے کا معیار کیا ہے؟

5۔محمد قاسم نے اپنے خواب کو بیان کرتے ہوئے بظاہر اپنے امام مہدی ہونے کی نفی کی ہے لیکن اس نے اپنے بہت سے خواب ایسے بیان کیے ہیں جن سے یہ تاثر ملتا ہے کہ محمد قاسم امام مہدی ہے اور لوگوں کو چاہیے کہ وہ اسے امام مہدی تسلیم کر کے اس کا کہنا مان کر چلیں اسی وجہ سے کچھ لوگ محمد قاسم کو امام مہدی مانتے ہیں اور نہ ماننے والوں کو وہ کافر کہتے ہیں ۔تو سوال یہ ہے کہ کیا محمد قاسم امام مہدی ہو سکتا ہے؟ اور سچے امام مہدی علیہ الرضوان کے جو اوصاف احادیث میں بیان کیے گئے ہیں تو مذکورہ صاحب میں وہ اوصاف پائے جاتے ہیں جبکہ اس کی سیرت اور کردار میں نے ما قبل میں لکھ دیا ہے ؟

6۔آپ حضرات کے خیال میں محمد قاسم کے خواب رویائے صادقہ میں سے ہیں اور ان کو تسلیم کر لینا چاہیے یا شیطان اور نفس کی شرارت سے وجود میں آئے ہیں اور ان سے بچنا چاہیے؟

7۔ محمد قاسم کو امام مہدی کے طور پر تسلیم کرنے والوں کا کیا حکم ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔لوگوں سے جھوٹے خواب بیان کرنا سخت گناہ ہے ۔آپﷺ نے فرمایا  جھوٹ میں سے بدترین جھوٹ یہ ہے کہ آدمی   خواب میں  ایسی چیز دیکھنے کا دعوی کرے جو اس نے نہ دیکھی ہو۔

نیز فرمایا: جس نے جان بوجھ کر  خواب بیان کرنے میں جھوٹ سے کام لیا  اُسے چاہیئے کہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنالے۔

عمدة القاری شرح صحيح البخاری (24/ 168) میں ہے:

عن ابن عمر، ان رسول الله صلى الله عليه وسلم، قال:” إن من افرى الفرى ان يري عينيه ما لم تر

فإن قلت: الكذب في اليقظة أكثر ضررا لتعديه إلى غيره ولتضمنه المفاسد، فما وجه تعظيم الكاذب في رؤياه بذلك؟ . قلت: هو لأن الرؤيا جزء من النبوة والكاذب فيها كاذب على الله وهو أعظم الفرى وأولى بعظيم العقوبة.

مسند احمد(2/331)میں ہے:

عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: ” ‌من ‌كذب ‌في ‌الرؤيا متعمدا فليتبوأ مقعده من النار

2۔خواب حجت شرعی  نہیں ہوتا ۔

الاعتصام للشاطبی(1/333)میں ہے:

الرؤيا من غير الأنبياء لا يحكم بها شرعا على حال؛ إلا أن تعرض على ما في أيدينا من الأحكام الشرعية، فإن سوغتها عمل بمقتضاها، وإلا؛ وجب تركها والإعراض عنها، وإنما فائدتها البشارة أو النذارة خاصة، وأما استفادة الأحكام؛ فلا.

3۔مذکورہ فعل درست نہیں اس سے اجتناب لازم ہے۔

4۔خدا اور رسول کا محبوب وہی شخص ہوسکتا ہے جس کا ظاہر اور باطن دونوں شریعت کی تعلیمات کے مطابق ہوں۔لہذا ایسا   شخص جو شریعت کے خلاف چلتا ہو وہ اللہ اور رسول کا محبوب نہیں ہو سکتا۔

تفسیر ابن کثیر(2/336)میں ہے:

‌‌{‌قل ‌إن ‌كنتم تحبون الله فاتبعوني يحببكم الله ويغفر لكم ذنوبكم والله غفور رحيم }

هذه الآية الكريمة حاكمة على من ادعى محبة الله وليس هو على الطريقة المحمدية، فإنه كاذب في دعواه في نفس الأمر حتى يتبع الشرع المحمدي والدين النبوي في جميع أقواله وأفعاله وأحواله.

5۔ احادیث مبارکہ میں امام مہدی علیہ الرضوان کی واضح نشانیاں ذکر کی گئی ہیں۔مذکورہ شخص  میں ایسی کوئی علامت نہیں پائی جاتی ،بلکہ اس کےخلاف  علامتیں پائی جاتی ہیں۔لہذا مذکورہ شخص مہدی نہیں ہوسكتا۔نیز ایسے شخص کو مہدی سمجھنا  سخت گمراہی کی بات ہے۔

مرقاة المفاتيح شرح مشكاة  (8/ 3443) میں ہے:

وقد ظهر في البلاد الهندية جماعة تسمى المهدوية، ولهم رياضات عملية، وكشوفات سفلية، وجهالات ظاهرية، من جملتها ‌أنهم ‌يعتقدون أن المهدي الموعود هو شيخهم الذي ظهر، ومات ودفن في بعض بلاد خراسان، وليس يظهر غيره مهدي في الوجود، ومن ضلالتهم ‌أنهم ‌يعتقدون أن من لم يكن على هذه العقيدة فهو كافر.

6۔ہمارے خیال میں یہ  خواب اوہام و اباطیل کا ملغوبہ ہیں۔

7۔ایسے لوگ سخت گمراہی میں مبتلا  ہیں اور ان کو چاہیئے کہ فورا اپنے ا س فعل سے توبہ اور  رجوع کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved