- فتوی نمبر: 23-9
- تاریخ: 30 اپریل 2024
- عنوانات: اہم سوالات
استفتاء
- خوشبو لگانا سنت رسول ہے تو کیا ہم جو عام طور پر مارکیٹ میں موجود پرفیوم استعمال کرتے ہیں، کیا یہ بھی خوشبو کے حکم میں داخل ہے ؟نیز یہ بھی بتادیں کہ مارکیٹ میں برانڈڈ پرفیوم ،باڈی اسپرے وغیرہ کا استعمال شرعی طور پر کیسا ہے؟اگرچہ ان کےانگریڈنس میں الکوحل بھی شامل ہوتا ہے۔
2.مدینہ منورہ کا رخ مبارک کس طرف ہے ؟ نیز ہم جیسے نماز پڑھنے کے لئے بیت اللہ کی طرف رخ کرتے ہیں تو کیا درود پڑھنے کے وقت مدینہ پاک کی طرف رخ کریں گے؟
3.جس جائے نماز پر کعبہ یا روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تصویر بنی ہو، اس پر نماز پڑھنا کیسا ہے؟کہیں بے ادبی تو نہیں؟اور ایسےجائے نماز پہلے سے گھر میں موجود ہوں تو ان کا کیا جائے؟
- اگر نماز کی رکعتیں یا ارکان یا کلمات کی تعداد یا ترتیب یا پھر سرے سے ادا کرنا بھول جائے تو سجدہ سہو کرنا ہے یا تحری درست ہے یا پھر نئے سرے سے نماز پڑھیں؟
- عورت کے استعمال شدہ کپڑے کسی دوسری عورت کو استعمال کیلئے دئیے جاسکتے ہیں؟کیونکہ میں نے سنا ہے کہ نہیں دیئے جا سکتے، کیونکہ دوسری عورتیں کپڑے پہن کر اپنے شوہر کے پاس جائیں گی تو آپ کو گناہ ہوگا؟
- کیا ساڑھے سات تولہ سے کم سونے پر زکوٰۃ ادا کی جائے گی؟
7.میرا ناک اکثر بند رہتا ہے سردی کی وجہ سے ،کیونکہ مجھے ناک کی الرجی ہے تو غسل اور وضو میں یہ پتہ نہیں چلتا کہ پانی اوپر چڑھا ہے یا نہیں؟ اس کا کیا حکم ہے؟
8.استخارہ کیا، اس میں پہلے تو اندھیرا نظر آیا پھر آگے گئے تو چند لڑکے جو بچے یا نوجوان ہیں سفید لباس میں ٹولہ بنا کر بیٹھے ہیں یا سفید روشنی دیکھی اس کا کیا مطلب ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔جوپرفیوم الکوہل سے پاک ہووہ خوشبومیں داخل ہے اور جس پرفیوم میں الکوہل شامل ہووہ مسنون خوشبو میں داخل نہیں لیکن اس کالگانا جائز ہے تاہم بہتر یہ ہے کہ ایسا پرفیوم نہ لگایا جائے۔
2۔ ہمارے یہاں سے مدینہ منورہ بھی قبلہ کی سمت میں ہی بنتا ہے، تاہم اگر مختلف بھی ہوتا تب بھی درودشریف پڑھتے وقت رخ قبلہ کی طرف ہونا چاہیے۔
3۔ایسے جائے نمازپرنماز پڑھناجائزہے۔
4۔اگرمذکورہ صورت کبھی کبھار پیش آئے تو ازسرنونماز پڑھی جائے اوراگرباربارپیش آئے تو پہلے تحری (سوچ و بچار) کی جائے اورتحری کے مطابق عمل کیا جائےاوراگرتحری بھی کسی طرف نہ ہو رہی ہوتوجس صورت کا یقین ہواس پرعمل کیا جائے مثلادواورتین رکعات میں شک ہوتو دورکعات سمجھی جائیں اوراس صورت میں شک کے لحاظ سے جوچوتھی رکعت بنے اس پر قعدہ بھی کیا جائے ۔نیز تحری اورشک دونوں صورتوں میں آخر میں سجدہ سہوبھی کیاجائے۔
5۔عورت کے استعمال شدہ کپڑے دوسری عورت کو دیئے جاسکتے ہیں ۔آپ نے جوبات سنی ہے وہ غلط ہے چنانچہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کی شادی کی ایک کرتی کئی عورتوں نے اپنی اپنی شادی میں استعمال کی۔
6۔اگرروپے پیسے بھی ساتھ ہوں خواہ ایک روپیہ ہی کیوں نہ ہویاچاندی ساتھ ہو یا مال تجارت ساتھ ہواوردونوں کی مجموعی قیمت مارکیٹ میں دستیاب ادنی درجے کی ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت کے برابرہوتو زکوۃ ادا کرنی ہوگی اوراگرسونے کے ساتھ نہ روپیہ پیسہ ہو، نہ چاندی ہو ،نہ مال تجارت ہو یا ان تینوں میں سے کچھ ہو لیکن دونوں کی مجموعی قیمت مذکورہ چاندی کے ساڑھے باون تولہ کی قیمت کے برابر نہ ہو تو پھر اس کی زکوۃ نہیں۔
7۔غسل میں ناک کی نرم ہڈی تک پانی پہنچادینا کافی ہے جبکہ وضومیں یہ بھی ضروری نہیں۔
8۔بظاہر مطلب یہ ہے کہ انجام اچھا ہے گو ابتدااچھی نہ ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved