- فتوی نمبر: 21-369
- تاریخ: 10 مئی 2024
- عنوانات: عقائد و نظریات > منتقل شدہ فی عقائد و نظریات
استفتاء
میرے مطابق نماز کا مقصد برے کاموں اور بے حیائی جس کا اللہ نے منع فرمایا ہے اس سے باز رہنا ہے ۔
(1)اگر کوئی انسان نماز بھی پڑھتا ہے اور ساتھ تمام برے کام بھی کرتا ہےجس کا نماز منع کرتی ہے تو کیا نماز کا اصل مقصد ادا ہو گیا؟
(2)اور اگر کوئی شخص نماز نہیں پڑھتا اور وہ تمام کام کرتا ہے جس کا نماز حکم دیتی ہے مطلب نماز پڑھنے کا حق ادا کر دیا جاتا ہے تو کیا پھر بھی مسجد جانا ضروری ہے؟
میرا دوسرا سوال یہ ہےکہ قران پڑھنا اور سننا ثواب کا کام ہے،قران عربی زبان میں ہے اور اس میں اللہ ہمیں بہت سے احکام دے رہا ہے ہماری مادری زبان اردو ہے۔
(3)ہمیں اگر عربی کی سمجھ نا ہو تو کیا صرف عربی کو پڑھنے سے قران پڑھنے کا حق ادا ہو جائے گا؟ جبکہ ہمیں سمجھ بھی بالکل نہ آئی ہو؟
(4)اور اگر قران سمجھنے کی خاطر اسے اردو میں پڑھا اور سنا جائے تو کیا ثواب برابر ملے گا جتنا عربی پڑھنے سے ملتاہے؟برائے مہربانی کسی حوالہ کے ساتھ جواب درکار ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔2۔یہ بات درست نہیں کہ نماز کا مقصد برےکاموں اور بے حیائی سے باز رہنا ہے ،البتہ یہ الگ بات ہے کہ کامل نماز کا اثر یہ ہے کہ وہ بے حیائی اور برے کاموں سے روکتی ہے ،لہذا اگر کوئی انسان نماز بھی پڑھتا ہے اورساتھ برے کام بھی کرتا ہے تو یہ نہیں کہا جاسکتا کہ نماز کا اصل مقصد ادانہیں ہوا ،ہاں یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس کی نماز ابھی کامل نہیں،اسے اپنی نماز کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے ،اسی طرح اگر کوئی شخص نماز نہیں پڑھتا اور وہ باقی تمام نیک کام کرتا ہے تو یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس نے نماز کا حق ادا کر دیا اور اسے مسجد جانے کی ضرورت نہیں ،کیونکہ جس طرح دیگر نیک کاموں میں لگنا بذات خود مقصود ہے اسی طرح نماز پڑھنا اور نماز کیلئے مسجد جانا بذات خود مقصود و مطلوب ہے۔
3۔4۔قرآن پڑھنا اور سننا الگ کام ہے اور قرآن پاک ہمیں کیا احکامات دے رہا ہے یہ جاننا الگ کام ہے،گویا قرآن پاک کے ہم پر دو حق ہیں،لہذا اگر عربی کی سمجھ نہ بھی ہو تو قرآن پڑھنے اور سننے کا ثواب ملے گا ،اورایساکرنے سےقرآن کایہ حق ادا ہو جائے گا ۔قرآن سمجھنے کی خاطر اگر اسے(اس کے ترجمہ کو)اردو میں پڑھا جائے تو اس سے اگرچہ قرآن کی تلاوت کا ثواب نہیں ملے گا ،تاہم قرآن پاک کے احکامات کو سیکھنے سمجھنے کا ثواب مل جائے گا،لہذا اصل یہی ہے کہ قرآن پاک کو عربی زبان میں پڑھابھی جائے ،اسے سنا بھی جائے اور اس کے احکامات کو جاننے کی کوشش بھی کی جائے ورنہ ایک کام میں لگنے سے دوسرے کام کی تلافی نہ ہوگی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی ا علم
© Copyright 2024, All Rights Reserved