• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

نیا چاند دیکھ کر ہاتھ اٹھا کردعا کرنا

استفتاء

۱۔ مفتی صاحب حدیث میں نیا چاند دیکھنے کی جو دعا ہے اس دعاکے پڑھتے وقت رفع یدین(ہاتھ اٹھانا)ثابت ہے کہ نہیں ؟ہمارے ہاں جو لوگ نیا چاند دیکھتے ہیں تو ہاتھ اٹھاکردعا کرتے ہیں ۔

۲۔ بعض لوگ نیا چاند دیکھ کر یہ دعا پڑھتے ہیں :

اعوذ باللہ من شرھذہ الغاسق

مفتی صاحب اس دعا کا ثبوت حدیث میں ہے یا نہیں ؟اگر ہے تو تعین ہو جائے۔

۳۔            بعض حضرات تین دفعہ یہ دعا پڑھتے ہیں :ھلال رشد وخیر مفتی صاحب اس دعا کا ثبوت بھی حدیث میں ہے یا نہیں ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

۱۔ ایک ہے دعا مانگنا جیسے بندہ مستقل وقت نکال کر اللہ تعالی سے اپنی ضروریات مانگتا ہے  اور ایک ہے دعا پڑھنا ہاتھ اٹھانا دعا مانگنے کے آداب میں سے ہے دعا پڑھنے کے آداب میں نہیں ۔دعا پڑھنے سے مراد وہ دعا ئیں ہیں جو موقع محل کی ہیں جیسے بیت الخلاء میں داخل ہونے اور نکلنے کی دعا ،یا وضو کے درمیان کی دعا وغیرہ۔لہذا چاند دیکھنے کی دعا پڑھتے وقت رفع یدین (ہاتھ اٹھانا)نہ کیا جائے کیونکہ یہ دعا بھی موقع محل کی دعائوں میں داخل ہے۔

۲۔ نیا چاند دیکھنے کی یہ دعاہمیں نہیں ملی ،البتہ ایک حدیث مبارکہ میں یہ ہے کہ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں نبی ﷺ نے چاند کی طرف دیکھا پھر فرمایا اے عائشہؓ! اس کے شر سے اللہ کی پناہ مانگو کیونکہ قرآن میں من شرغاسق اذا وقب (ترجمہ: اور اندھیری رات کے شر سے جب وہ پھیل جائے) سے یہی مراد ہے ۔اس حدیث کے پیش نظر چاند دیکھ کر یہ دعا پڑھ سکتے ہیں لیکن اس میں نیا چاند کی تخصیص نہیں ۔

حدیث کے الفاظ یہ ہیں :

عن عائشةؓ ان النبي ﷺ نظر الي القمر فقال يا عائشةؓ!استعيذي بالله من شرهذا فان هذا الغاسق اذا وقب(ترمذي:کتاب التفسير باب ومن سورة المعوذتين ،رقم الحديث:3365)

۳۔            یہ دعا حدیث میں موجود ہے لیکن الفاظ جو آپ نے ذکر کیے ہیں وہ مختصر بھی ہیں اور ان میں تقدیم وتاخیر بھی ہو گئی ہے۔ درست اور پورے الفاظ یہ ہیں کہ نبی علیہ السلام جب نیا چاند دیکھتے تو تین مرتبہ یہ دعا پڑھتے :

هلال خير ورشد هلال خير ورشد،هلال خيرورشد آمنت بالذي خلقک

اس کے بعد یہ پڑھتے :

الحمد لله الذي ذهب بشهر کذا وجاء بشهر کذا

قتادة انه بلغه ان النبي ﷺ کان اذ راي الهلال قال هلال خيرورشد هلال خيرورشد هلال خير ورشد،آمنت بالذي خلقک ثلاث مرات ثم يقول :الحمد لله الذي ذهب بشهر کذا وجآء بشهر کذا۔۔۔(سنن ابوداود،رقم الحديث:5094)

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved