- فتوی نمبر: 29-395
- تاریخ: 05 نومبر 2023
استفتاء
میں ایک سوسائٹی کا مالک ہوں۔ سوسائٹی کی سڑک بنانا مطلوب ہے ۔ جبکہ درمیان میں ایک بہت پرانی قبر موجود ہے جو باعث رکاوٹ ہے۔ ارد گرد قبرستان نہیں ہے صرف ایک قبر ہے۔یقین سے تو نہیں کہا جا سکتا کہ کتنی پرانی ہوگی لیکن کم از کم 50 سال پرانی ضرور ہے ۔ جس کے متعلق یقین بھی نہیں ہے کہ یہ قبر بھی ہے یا نہیں ،قبر کو ہٹائے بغیر راستہ بنانا ممکن نہیں ہے۔ کیا قبر کو مرکزی قبرستان منتقل کیا جا سکتا ہے ؟ یا قبر پر راستہ بنایا جا سکتا ہے ؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں اگر آپ اس جگہ کے مالک ہیں تو چونکہ قبر بہت پرانی ہے، اور غالب گمان ہے کہ میت مٹی بن چکی ہوگی اس لیے قبر کو توڑ کر اس پر راستہ بنانا جائز ہے۔البتہ اس قبر کو منتقل کرنا جائز نہیں۔
شامی(2/274) میں ہے:
إذا بلي الميت، وصار ترابا يجوز زرعه، والبناء عليه، ومقتضاه جواز المشي فوقه
تبیین الحقائق(1/246) میں ہے:
ولو بلي الميت وصار تراباً جاز دفن غيره في قبره وزرعه والبناء عليه
البحر الرائق(2/341) میں ہے:
وقوله (ولا يخرج من القبر إلا أن تكون الأرض مغصوبة) أي بعد ما أهيل التراب عليه لا يجوز إخراجه لغير ضرورة للنهي الوارد عن نبشه وصرحوا بحرمته
فتاویٰ محمودیہ (15/353) میں ہے:
الجواب: اگر وہ قبرستان مملوکہ زمین ہے اور اس میں قبریں اتنی پرانی ہیں کہ میت ان میں بالکل مٹی بن گئی تو ان قبروں کو توڑ کر زمین کو ہموار کردینا اور وہاں مسجد، مدرسہ، دوکان سب کچھ بنانا درست ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved