- فتوی نمبر: 18-236
- تاریخ: 19 مئی 2024
- عنوانات: عقائد و نظریات > بدعات و رسومات
استفتاء
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماء دین اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرے چچازاد کی شادی ہے اور ان کے گھر میں تمام غیر شرعی رسومات ہر بار منائی جاتی ہیں خاص طور پرشادیوں پر اللہ کے کرم سے ہم کسی رسم میں تو شامل نہیں ہوتے مگر بارات اور ولیمہ پر جاتے ہیں کیا ہمیں جانا چاہئے یا نہیں ؟ اور اپنے گھر والوں کو کیسے منع کریں ؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں خاص ان مواقع پر جہاں گانا وغیرہ ہو آپ کے لئے اور آپ کے گھر والوں کے لئے شرکت کرنا جائز نہیں ہے البتہ جن جگہوں پر ایسا نہ ہو ان میں شریک ہو سکتے ہیں بہتر یہ ہے کہ مبارک وغیرہ پہلے دیدیں تاکہ شریعت کا حکم بھی بدنام نہ ہو اور گناہ سے بچ جائیں یا یہ بھی کرسکتے ہیں کہ ہال میں گانا ہو تو آپ باہر کھڑے رہیں یا اوپر جہاں کھانا ہو وہاں رہیں اسی طرح آپ کے گھر والے بھی خاص گانے والی جگہوں سے دور رہیں ۔
در مختار( ۹/۵۷۴) میں ہے:
(دعي إلى وليمة وثمة لعب أو غناء قعد وأكل) لو المنكر في المنزل، فلو على المائدة لا ينبغي أن يقعد بل يخرج معرضا لقوله تعالى: * (فلا تقعد بعد الذكرى مع القوم الظالمين) * (فإن قدر على المنع فعل وإلا) يقدر (صبر إن لم يكن ممن يقتدى به فإن كان) مقتدي (ولم يقدر على المنع خرج ولم يقعد) لان فيه شين الدين، والمحكي عن الامام كان قبل أن يصير مقتدى به (وإن علم أو لا) باللعب (لا يحضر أصلا) سواء كان ممن يقتدى به أو لا، لان حق الدعوة إنما يلزمه بعد الحضور لا قبله، ابن كمال.
کفایۃ المفتی( ۵/۱۵۰) میں ہے :
سوال:شادی میں باجہ بجانے کی مذہب اسلام اجازت دیتا ہے یا نہیں ؟اگر صرف دف بجانے کی اجازت دیتاہے تو کس مصلحت سے ؟ دف نہ ملنے کی صورت میں بخیال اعلان شادی و اظہار مسرت وخوشی ترقی یافتہ باجہ مثلا بینڈ یا مشک کا باجہ بجایا جائے تو کیسا ہے جس شادی میں باجہ بجایا جارہا ہو اس کی دعوت طعام وغیرہ میں شرکت کرنا کیسا ؟ باجہ اگر کسی وقت بند کر دیا جائے اس وقت شریک ہونا کیسا ہے ؟
جواب: شادی میں نکاح کے وقت اعلان کی غرض سے دف بجانے کی نہ صرف اجازت بلکہ تاکیدی ہدایت ہے اعلنوا هذا النكاح واجعلوه في المساجدوضربوا عليه بالدفوف (اوكماقال) حدیث شریف کا مضمون ہے یعنی حضور ﷺ کاارشاد ہےکہ نکاح اعلان کے ساتھ کیا کرو اور مسجد میں مجلس نکاح منعقد کرو اور دف بجاو دف نہ ہو تو نقارہ یا ڈھول دف کا قائم مقام ہو سکتا ہے ،بینڈ یا اور کوئی باجہ بجانا مکروہ اور خلاف متوارث ہوگا ،جس شادی میں بینڈ یا اور کوئی باجہ ہو یعنی صرف باجہ ہو ناچ گانانہ ہو اس شرکت حرام نہیں ،نہ دعوت کھاناحرام ہے اور باجہ بند ہو جانے کے بعد شریک ہونے میں جانے تو کوئی مضائقہ نہیں ۔
© Copyright 2024, All Rights Reserved