• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

تنظیم فکر ولی اللہی

استفتاء

کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان  شرع متین تنظیم فکرولی اللہی کے بارے میں کہ یہ تنظیم****اور****  کا نام لےکر عوام کے اندر چند مخصوص عقائد ونظریات کا پرچار کررہی ہے اور اس کے سرپرست اعلیٰ**** ہیں ۔ اس تنظیم  کے سربراہان کے بیانات اور نصابی کتب سے مندرجہ ذیل عقائد ونظریات تحریر کئے گئے ہیں۔

1۔مسلمانوں کے ہاں جو خدا کا تصور چلاآتا ہے وہ بھی ایک مستبد بادشاہ کا ہے ۔ ایک حکیم وعلیم پروردگار کا نہیں  ہے۔ ( افادات وملفوظات ص165)

2۔جبرائیل کے بارے میں عقیدہ: جبرائیل جو انبیاء علیہم السلام کو نظر آتے ہیں۔ اور خدا کی طرف سے وحی لاتےہیں۔ وہ حقیقت جبرائیلیہ ہے۔ جو انبیاء کی قوتوں میں سے ایک قوت کا نام ہے۔ یہی قوت صورت بن کر عالم مثال میں انبیاء کرام  کو محسوس ہوتی ہے۔(افادات وملفوظات )

3۔وحی کے بارے میں لکھا ہے ۔ جس قوم کا یہ عقیدہ ہو کہ علم کاآخری اور قطعی ویقینی ذریعہ صرف وحی ہے ۔ وحی میں عقل کا کوئی دخل نہیں ہے۔ اس قوم کا کیا بنے گا میں ان کے مستقبل سے خائف ہوں (افادات و ملفوظات ص610)

4۔قرآن مجید کے بارے میں عقیدہ: میرا یہ عقیدہ ہے کہ جو شخص قرآن مجید کو سمجھے بغیر پڑھتاہے اور یہ مانتا ہے کہ اس طرح پڑھنے سے اسے  ثواب حاصل  ہو گا۔ وہ بت پرستوں سے کم نہیں ایک نے بت کو خدا بنا لیا۔ اور ایک نے کتاب کو خدا مانا۔(افادات وملفوظات :302۔303) بے سمجھے قرآن پڑھنے سے روح انقلاب فنا ہوجاتی ہے۔ سمجھ کر پڑھنے کی اتنی تاکیدوں کے باوجود مسلمان صرف بے سمجھے پڑھنے کو کافی سمجھنے لگ گیا ہے۔ معلوم نہیں کس زمانہ میں مسلمانوں میں یہ خیا ل پیدا کردیا گیا۔ کہ قرآن کا مطلب سمجھے بغیر صرف  س،ق درست کرکے پڑھنے کا نام ترتیل ہے۔ اور صرف یہی کافی ہے۔ (قرآنی شعور وانقلاب ص:321)

5۔جنت ودوزخ کے بارے میں عقیدہ: جنت اور دوزخ دائمی نہیں ہے۔ مسلمانوں کے دلوں میں یہ خیال راسخ کیا گیا ہے کہ جنت میں جنتی  اور دوزخ میں دوزخی رہینگے۔ حالانکہ کوئی حکیم اس بات کو  برداشت نہیں کرسکتا۔(تفسیر المقام المحمود :ص232)

6۔سوشلزم اور داڑھی کے بارے میں عقیدہ: ۱۔اس دوسوسال سے قائم شدہ برطانوی نظام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاؤ۔۲۔یورپ سے نفرت  برت کر ہم نے ترقی کی راہ بند کی۔ سیاست میں پوری طرز کی قومیت اور اقتصاد میں سوشلزم کو اپناؤ۔مولانا سندھی  نے داڑھی اور خاص وضع قطع کو ہم نے جو مقد س بنالیا ہے ۔ اسے غلط ٹھہر ا یا ہے۔(افادات وملفوظات ص121)

7۔حضرت مہدی کے بارے میں عقیدہ:  اتیان المهدی ونزول عیسی ٰ  یکونا من عقیدة السلف (الہام الرحمان ص54، از افادات وملفوظات ص351)

8۔حیات عیسی علیہ السلام  کے بارے میں عقیدہ: یہ جو حیات عیسیٰ علیہ السلام  لوگوں میں  مشہور ہے یہ یہودی کہانی اور صابی من گھڑت کہانی ہے۔ مسلمانوں میں فتنہ  عثمانی کے بعد بواسطہ بنی ہاشم یہ بات پھیلی ہے۔ (الہام الرحمان ص240ج1)

9۔حضرت موسیٰ علیہ السلام  کے بارے میں توہین آمیز عقیدہ:حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اس وقت سامراج نے اس اعتبار سے فیل کردیا۔ یعنی بنی اسرائیل کے بار ہ گروہ بنادیئے۔ جو آپس میں لڑتے مگر ظالم کے خلاف نہ لڑتے(بحوالہ فکری رسالہ ص98)۔حقیقت میں کوئی نبی اپنے انقلاب رفقاء کی کامیابی کے بغیر کا میان نہیں ہوا۔ جیسے موسیٰ علیہ السلام بذات خود بڑے اولو العزم نبی  تھے ۔ اور ان کی نظیر تاریخ میں بہت کم ملتی ہے ۔ مگر ان  کے رفقاء کی کمزوری سے انہیں بے حد تکالیف پیش آئیں اور منزل مقصود پر پہنچنے میں کامیاب نہ  ہوسکے۔(قرآنی شعور انقلا ب ص197)

10۔دارالعلوم دیوبند کے بارے میں نظریہ ۔مدرسہ دیوبند اب جمود اور رجعیت کا مرکز بن گیا ہے۔(حالات وتعلیمات 274)

11۔شریعت کے بارے میں نظریہ : اسی  طرح اگر کوئی شخص شریعت  ہی کو سب کچھ مان لے اور اس کی ذہنیت بھی اسی طرح کی بن جائے تو پھر وہ اور اس کی شریعت اس قابل یہ ہے کہ میں اسے آگ میں پھینک دوں۔(افادات وملفوظات 194،195)

جن کے یہ عقائد ونظریات  ہوں  ان کے متعلق کیا حکم ہے؟  ان کے پیچھے نماز پڑھنا جائز ہے  یا نہیں؟  ا ن کے پاس بچوں کو پڑھانا درست ہے یا نہیں؟

الجواب

تنظیم فکرولی اللہی راہ حق سے ہٹی ہوئی جماعت ہے لہذا ان کی اقتداء میں نماز ادا کرنا مکروہ  ہے اور ان سے بچوں کو تعلیم دلوانا درست نہیں۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved