- فتوی نمبر: 5-50
- تاریخ: 14 فروری 2012
- عنوانات: اہم سوالات
استفتاء
کارڈیکس کے سامنے ایک صورت ایسی ہے جس میں کنسلٹنٹ ڈاکٹر سے مریض بھیجنے پر کمیشن کے معاملے کے مفسدے کا بچاؤ بھی ہے کارڈیکس کلینک چونکہ میوہسپتال کے سامنے واقع ہے۔ وارڈ میں موجود مریضوں کو اچانک الٹراساؤنڈ یا ایکسرے کی ضرورت پڑ جاتی ہے تو ڈاکٹر کہتا ہے کہ باہر سے الٹراساؤنڈ یا ایکسرے کروا لاؤ۔ اب اکثر مریضوں کو یا ان کے متعلقین کو علم نہیں ہوتا کہ ہسپتال سے باہر کون سے کلینک پر اس کی سہولت موجود ہے۔ تو وارڈ بوائے سے بھی پوچھ لیتے ہیں یا ہسپتال سے باہر آکر دائیں بائیں معلومات لیتے ہیں۔
اگر کارڈیکس ڈاکٹر کی بجائے وارڈ بوائے کے ساتھ کمیشن طے کر لے کہ جب ڈاکٹر مریض کو ان ٹیسٹوں کا کہے تو اس کو ہمارے پاس لے آؤ۔ کیا وارڈ بوائے سے یہ معاہدہ کیا جاسکتا ہے؟
نیز کارڈیکس کلینک اس علاقے میں بہترین اور جدید آلات سے آراستہ معیاری ادارہ ہے بارہا اس کا تجربہ ہوا کہ مریض کا ٹیسٹ کسی اور دائیں بائیں کی لیبارٹری یا کلینک سے ہوا مگر صحیح نہ ہوا تو ڈاکٹر نے دوبارہ ٹیسٹ کے لیے کسی اچھے کلینک کا کہا تو مریض کو کارڈیکس کلینک سے ٹیسٹ کروانا پڑا تو بےچارے کو دو دفعہ فیس بھرنی پڑ جاتی ہے اس کی بجائے وہ سیدھا یہاں آجائے تو ایسا نہ ہو۔ مزید برآں کارڈیکس کلینک پر کوئی مریض ڈسکاؤنٹ کا مطالبہ کرے تو استقبالیہ تو 30 فیصد تک ڈسکاؤنٹ کا مجاز ہے اور مزیدڈسکاؤنٹ کے لیے دوسرے ڈاکٹر صاحب کو مریض کی حالت کو دیکھتے ہوئے سو فیصد تک چھوٹ دینے کا اختیار ہے۔ اس لیے کارڈیکس کلینک کا خیال ہے کہ مریض کو یہاں آنے سےکسی طرح بھی نقصان نہیں ہوگا۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
کارڈیکس کلینک کا وارڈ بوائے سے یہ معاہدہ کرنا جائز نہیں کیونکہ وارڈ بوائے اگر کارڈیکس کلینک کے کمیشن ایجنٹ کے طور پر کام کرے تو یہ بات مریض یا اس کے متعلقین کے علم میں ہونا ضروری ہے جب کہ یہ لوگ اس کو وارڈ بوائے کی طرف سے بے لوث ہمدردانہ تعاون سمجھتے ہیں۔ اس طرح راہنمائی لینے والے مریض سے ایک قسم کا دھوکہ ہوتا ہے اور یہ مسئلہ کارڈیکس کا نہیں بلکہ اگر کوئی ہلکے درجے کی لیب ہوگی تو وہ زیادہ کمیشن کا لالچ دے کر ایسا کام کرے گی۔
نیز ڈیوٹی کے اوقات میں وارڈ بوائے کا مریض کو کلینک پر لانے سے وارڈ کے کام میں خلل و کوتاہی کا قوی اندیشہ ہے۔ کمیشن کے شوق میں اس کی توجہ اس کام کی طرف زیادہ ہوجائے گی۔ لہذا کارڈیکس کلینک اس معاہدے سے اجتناب کرے مریض کو کارڈیکس کلینک پر لانے کے لیے دوسرے جائز متبادل کو تلاش کرے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved