• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

(1)یوم عرفہ کی وجہ تسمیہ(۲)یوم عرفہ کے روزے کا حکم(یوم عرفہ میں کس رؤیت کا اعتبار ہو گا وغیرہ وغیرہ)

استفتاء

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اور مفتیان کرام ان مسائل کے بارے میں کہ:

(1)یوم عرفہ کی وجہ تسمیہ کیا ہے؟(2) یوم عرفہ کا روزہ رکھنے کا شرعی حکم کیا ہے؟(3) یوم عرفہ کا روزہ رکھنے میں سعودی عرب یا کسی اور ملک کی رؤیت کا اعتبار ہوگا یا اپنے ملک کی رؤیت کا اعتبار کیا جائے گا؟( 4) اگر کوئی وقوف عرفہ یعنی سعودی عرب کے اعتبار سے9 ذوالحجہ کا لحاظ کر کے روزہ رکھے تو کیا حکم ہے؟( 5) یوم عرفہ کے روزے کے لیے سبب  وقوف عرفہ ہے یا نو ذوالحجہ؟( 6) اگر کسی اسلامی ملک میں عیدالاضحیٰ ہواور پاکستان میں 9 ذوالحجہ ہو اور پاکستان میں کوئی روزہ رکھے تو کیا اس کو عید کے دن روزہ رکھنے سے تعبیر کرنا درست ہے یا نہیں ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔اس دن کو عرفہ کہنے کی مختلف وجوہ بیان کی گئی ہیں، بعض حضرات کا خیال ہے کہ اسی مقام پر حضرت جبرئیل علیہ السلام نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو طریقہ حج کی معرفت عطا کرائی تھی۔بعض کا خیال ہے کہ جنت سے اتارے جانے کے بعد یہیں پر حضرت آدم و حوا علیہماالسلام میں تعارف ہوا تھا ۔ایک  قول یہ بھی ہے کہ میدان عرفات میں اس دن لوگ اپنے اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہیں۔ اسی طرح ایک قول یہ بھی ہے کہ عرفہ ’’ع ‘‘کے زیر کے ساتھ ہے جس کے معنی صبر کے آتے ہیں ۔چونکہ یہاں تک پہنچنےمیں حجاج کومصائب و مشکلات جھیلنی پڑتی ہیں اور اس پر صبرکرنا پڑتا ہے، اسی وجہ سے نو ذوالحجہ کے دن کو یوم عرفہ کہا جاتا ہے۔ (معجم البلدان  جلد نمبر 4 صفحہ نمبر 104 بحوالہ قاموس الفقہ جلد 4 صفحہ 386 )

2۔ یوم عرفہ کا روزہ رکھنا شرعا مستحب  ہے۔

درمختار( جلد 2 صفحہ 114)میں ہے:

 والمندوب کایّام البیض من کل شهرویوم الجمعةولومنفردا وعرفة

3۔ یوم عرفہ کا روزہ رکھنے میں اپنے ملک کی رؤیت کا اعتبار ہوگا،نہ سعودی عرب کی رؤیت کا اعتبار ہو گا اور نہ ہی کسی دوسرے ملک کی رؤیت کا اعتبار ہو گا کیونکہ اگر اپنے ملک کی رؤیت کا اعتبار نہ کیا جائے تو لازم آئے گا کہ سحری اور افطاری میں بھی سعودی عرب کی رؤیت کا اعتبار کیا جائے جس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ آدمی کو بعض ممالک میں دن میں افطاری کرنی پڑے گی اور بعض میں رات میں روزہ رکھنا پڑے گا کیونکہ سعودی عرب میں جس دن اور جس وقت یوم عرفہ ہو گا اس دن اور اس وقت دنیا کے بعض ممالک میں رات ہو گی اور رات بالاتفاق روزے کا محل نہیں۔ فافہم

4۔ جب یوم عرفہ کا روزہ رکھنے میں اپنے ملک کی رؤیت معتبر ہے تو جس ملک کی رؤیت کے لحاظ سے 9 ذوالحجہ شروع نہ ہوا ہو تو اس دن روزہ رکھنے سے یوم عرفہ کا روزہ رکھنے کا ثواب نہ ہوگا۔

5۔ یوم عرفہ کے روزے کا سبب عرفہ کے دن کا وجود ہے جو کہ  9 ذوالحجہ ہے۔

6- اس کو عید کے دن روزہ رکھنے سے تعبیر کرنا درست نہیں۔۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved