- فتوی نمبر: 12-388
- تاریخ: 20 اگست 2018
- عنوانات: حدیثی فتاوی جات
استفتاء
1۔یوم عرفہ کے روزے کی جو فضیلت حدیث پاک میں آئی ہے وہ کیا ہے ؟
2۔کیا فضیلت کا تعلق صرف حاجیوں کے ساتھ ہے یا سب کے لیے عام ہے ؟
3۔یوم عرفہ عرفات کے دن ہے اور حجاج عرفات میں اگرچہ سعودیہ کے حساب سے 9 تاریخ کو ہوتے ہیں مگر ہمارے پاکستان کے حساب سے 8 ذوالحجہ بنتی ہے ہم یہاں پاکستان میں روزہ 8 ذوالحجہ کو رکھیں گے یا 9 ذوالحجہ کو ؟؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔مسلم شریف میں ہے :
صيام يوم عرفه احتسب علي الله ان يكفر السنة التي قبله والتي بعده …. رقم الحديث 1162
ترجمہ ۔عرفہ کے دن کے روزے کے بارے میں مجھے امید ہے کہ اللہ اس کی بدولت ایک سال پچھلے اور ایک سال بعد کے گناہ معاف فرما دیتے ہیں ۔
2۔ یہ فضیلت اصل میں تو اس شخص کے لیے ہےجو اس دن عرفات کے میدان میں نہ ہو،کیونکہ نبی علیہ السلام نے عرفہ والے دن عرفات میں روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے لیکن یہ ممانعت اس شخص کے لیے ہے جسے اعمال حج میں روزے کی وجہ سے کمزوری کا اندیشہ ہے اگر کمزوری کا اندیشہ نہ ہو تو اس کے لیے بھی مستحب ہے۔
3۔ عرفہ کا دن 9 ذوالحجہ کا دن ہے ۔دنیا کے جس خطے میں جب 9 ذوالحجہ کا دن آئے گا اس دن روزے کی فضیلت ہو گی جیسے نماز،روزہ اور وقت سے تعلق رکھنے والے دیگر اعمال کی فضیلت دنیا کے ہر خطے کے حساب سےالگ ہے ایسے ہی عرفہ کی فضیلت بھی ہر خطے کی الگ ہو گی۔
© Copyright 2024, All Rights Reserved