- فتوی نمبر: 21-296
- تاریخ: 11 مئی 2024
- عنوانات: عبادات
استفتاء
1۔خواتین کے لئے وضو میں مسح کا طریقہ بتا دیں؟2۔بالوں کی چٹیا پر مسح ہوگا یا نہیں؟3۔خواتین کی نماز کا طریقہ دلائل کی روشنی میں بتا دیں؟4۔عورتیں گردن کا مسح بال اٹھاکرکریں گی یا اوپر سے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔مرد اور خواتین کے سرکےمسح کے طریقےمیں کوئی فرق نہیں اور مسح کے دوطریقے ہیں (۱) دونوں ہاتھوں کو نئے پانی سے تر کرکے دونوں ہتھیلیاں اور انگلیاں اپنے سر کے اگلے حصے پر رکھ کر پچھلے حصہ کی طرف اس طرح لے جائے کہ سارے سر پر ہاتھ پھر جائے۔ پھر دو انگلیوں سے دونوں کانوں کا مسح کرے۔( ۲)دونوں ہاتھوں کو نئے پانی سے تر کرکے دونوں ہاتھوں کی تین تین انگلیوں یعنی چھنگلیا، اس کے ساتھ والی انگلی اور بیچ کی انگلی ملا کر سر کے آگے کے حصہ پر رکھے اور سر کے درمیا نی حصے میں آگے کی طرف سے پیچھے یعنی گدی کی طرف کھینچے۔ اس وقت دونوں انگوٹھوں ، دونوں انگشت شہادت اور دونوں ہتھیلیوں کو سر سے الگ اٹھا ہوا رکھے۔ اس کے بعد دونوں ہتھیلیوں کو گدی کی طرف سے وسط سر کے دونوں جانب رکھے اور گدی سے آگے کی طرف کو کھینچے تاکہ پورے سر کا مسح ہو جائے۔ پھر کانوں کا مسح کرے۔ کانوں کے اندر کا مسح دونوں انگشت شہادت کے سروں کے اندر کی طرف سے کرے اور کانوں کے باہر کا مسح دونوں انگوٹھوں کے اندر کی طرف سے کرے۔
بحرالرائق(1/27) میں ہے:
وتكلموا في كيفية المسح والاظهر ان يضع كفيه واصابعه على مقدم راسه ويمدهما الى القفاعلى وجه يستوعب جميع الرأس ثم يمسح اذنيه باسبعيه
بخاری شریف (1/31) میں ہے:
وامسحوا برؤسكم قال ابن المسيب المرأة بمنزلة الرجل يمسح على راسها (اي جميع راسها لانهافي حكمه)
2۔نہیں مسح صرف انہیں بالوں پر ہوگا جو سر پر ہوں۔
کتاب الفقہ على المذاهب الاربعہ (1/61) میں ہے:
و من كان شعر رأسه طويلاً نازلاً علي جبهته أو عنقه، فمسح عليه فإنه لا يجزئه؛ لأن الفرض هو أن يمسح نفس ربع الرأس، فإن كانت محلوقةً، فالأمر ظاهر، وإن كان عليها شعر فإنه يجب عليه أن يمسح علي الشعر النابت في نفس الرأس، فلا بد أن يكون الشعر الممسوح نابتاً على جزء من رأسه
3۔ہمارا سابقہ فتوی ساتھ لف ہے۔
4۔گردن کا مسح بالوں پر مسح کرنے سے ادا نہیں ہوگا بلکہ عورتیں گردن کا مسح بال اٹھا کر کریں گی ۔
شامی(1/246) میں ہے:
مستحبه …….مسح الرقبة بظهر يديه
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved