• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

مسجد کے پتھروں کو بیت الخلاء کی بنیادوں میں استعمال کرنے کا حکم

استفتاء

ایک مسجد کو شہید کیا گیا، اب تعمیر نو کے لئے شہید شدہ مسجد کی دیواروں کے پتھر جو فروخت بھی نہیں ہوسکتے اور کوئی خریدنے والا بھی نہیں ہے ان پتھروں کو مسجد کے واش روم کی دیواروں کے نیچے بنیادوں میں لگانا جائز ہے یا نہیں؟ جب کہ مسجد کے واش روم میں جو فلش لگائے جائیں گے وہ ان پتھروں سے ایک فٹ پیچھے ہٹا کر لگائے جائیں گے یعنی پتھروں کے اوپر فلش نہیں ہوں گے۔ قرآن وسنت کی روشنی میں دلائل سے وضاحت فرمائیں کہ یہ پتھر مسجد کے بیت الخلاء کی بنیادوں کے لئے استعمال کرنا جائز ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مسجد کی دیواروں کے پتھر قابل احترام ہیں، ان پتھروں کو بیت الخلاء کی بنیادوں کے لئے استعمال کرنا خلاف ادب ہے، لہذا مناسب یہ ہے کہ پرانے پتھر مسجد میں ہی کسی مناسب جگہ استعمال کر لیے جائیں، تاہم اگر مسجد میں کسی اور جگہ استعمال کی صورت نہ ہو اور یہ فروخت بھی نہ ہو سکتے ہوں تو مذکورہ صورت میں انہیں استعمال کی گنجائش ہے کیونکہ مذکورہ  صورت میں نجاست براہ راست ان پتھروں پر نہ پڑے گی۔

شامی(1/322) میں ہے:يجوز رمى برأية القلم الجديد ولا ترمى برأية القلم المستعمل لأحترامه كحشيش المسجد وكناسة لا يلقى في موضع يخل بالتعظيم ولا يجوز لف شيء في كاغذ فيه فقه وفي كتب الطب يجوز…القرآن أحب إلى الله تعالى من في السموات والأرض ومن فيهن بساط أو غيره كتب عليه الملک لله يكره بسطه واستعمالهہندیہ(5/324) میں ہے:ويجوز رمى برأية القلم الجديد، ولا ترمى برأية القلم المستعمل لأحترامه، كحشيش المسجد وكناسة لا يلقى في موضع يخل بالتعظيم، كذا في القنية.فتاوی رحیمیہ(9/135) میں ہے:ایک مسجد کو شہید کیا ہے اس کے پرانے پتھر عام شاہراہ (جسے سب استعمال کرتے ہیں )پر ڈالنا کیسا ہے؟ یا پھر وہ پتھر بیچ کر اس کی رقم مسجد میں استعمال کر سکتے ہیں یا نہیں بینواتوجروا۔

(الجواب)مسجد کے پرانے پتھر قابل احترام ہیں عام راستہ میں استعمال کرنا احترام اورادب کے خلاف ہے لہذا مناسب یہ ہے کہ پرانے پتھر مسجد ہی میں کسی مناسب جگہ استعمال کرلئے جائیں ، یا ایسے شخص کو بیچ دیئے جائیں جو ان کو بے ادبی اور ناپاکی کی جگہ میں استعمال نہ کرے اور جو رقم حاصل ہو اسے مسجد کے کاموں میں استعمال کریں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved