• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

بینک ملازمت چھوڑنے پر ملنی والی رقم سے کاروبار کرنا

استفتاء

میرے پھوپھا زاد بھائی ایک پرائیویٹ بینک میں عرصہ بیس سال سے ملازمت کررہے ہیں ۔ اب وہ بینک کی ملازمت چھوڑنا چاہتے  ہیں۔ کیونکہ بینک کی آمدنی جائز نہیں۔ بینک ان کو نوکری چھوڑنے پر گولڈن ہینڈ شیک کرے گا۔

سوال یہ پوچھنا ہے کہ بینک ان کو ملازمت چھوڑنے پر جو پیسے دے گا ان سے اگر کوئی دوسرا کاروبار کریں گے تو اس کاروبار سےملنے والی آمدنی صحیح ہوگی؟اور اگر کوئی دوسراآدمی ان کے ساتھ کاروبار میں شریک ہوگاتو اس کو جو کاروبار کی آمدنی سے حصہ ملے گا وہ اس شریک کے لیے کیا جائز ہوگا؟ اور اگر میرے اس بھائی کے لیے یہ پیسے کاروبار وغیرہ میں استعمال کرنا ٹھیک نہیں تو پھر وہ ان پیسوں کا کیا کریں۔ ان کا مقصد تو حرام کمائی سے حلال کی طرف آنا ہے۔ان کے پاس کاروبار کے لیے اور کوئی پیسے نہیں ہیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں آپ کے پھوپھی ذاد بھائی کو بنیک کی ملازمت چھوڑنے پر جو پیسے ملیں گے ان پیسوں سے کوئی دوسراجائز کاروبار کرنا درست ہے۔ اور اس  سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی درست ہوگی۔ ۔ البتہ جتنے پیسے بینک کی ملازمت چھوڑنے پر ملیں گے اتنے پیسے تھوڑے تھوڑے کرکے جتنی جلدی ہوسکے اپنے نفع میں سے صدقہ کرتے جائیں۔

نیز دوسرا آدمی بھی اس کاروبار میں شریک ہوسکتاہے۔ اور ا س  کی آمدنی بھی جائز ہوگی ۔ البتہ احتیاط  یہی ہے کہ دوسراآدمی اس کے ساتھ شریک نہ ہو۔فقط واللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved