• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

ذمہ داریوں سے آگاہ کرنااور بعد میں ان ذمہ داریوں میں اضافہ کرنا

استفتاء

پی کمپنی میں تقرری کے وقت ملازمین کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کردیاجاتاہے جو کہ باقاعدہ تحریری صورت میں ہوتی ہیں جس پر ملازم سے دستخط کرالئے جاتے ہیں۔ لیکن ایک دفعہ معاملہ ہوجانے کے بعد ہر سال نیا معاہدہ نہیں ہوتا بلکہ اسی طرح کام چلتا رہتا ہے اور وقتاً فوقتاً ملازمین کا کام بڑھتا رہتاہے۔اور ہر سال بونس کی شکل میں انکریمنٹ بھی لگتا رہتاہے۔

-1            اگر کوئی ملازم کام کررہا ہو اور وہ بوجہ مجبوری ملازمت چھوڑجائے تو اس کے کام متعلقہ شعبہ جات میں تقسیم کردئیے جاتے ہیں۔سوال یہ ہے کہ کمپنی مجبوری یا عدمِ مجبوری کی صورت میں کسی اور ڈپارٹمنٹ کے ملازمین سے ایسا کام لے سکتی ہے جو اس شعبہ سے متعلق نہ ہو؟  واضح رہے کہ دونوں صورتوں میں وہ اضافی کام ملازم سے ڈیوٹی ٹائم میں ہی لیا جاتا ہے۔

-2            پی کمپنی میں جب ملازمین رکھے جاتے ہیں تو انہیں ایک مخصوص شعبہ میں رکھا جاتا ہے۔اس شعبہ سے منسلک کام اس ملازم کے ذمہ لگا ئے جاتے ہیں۔یہ کام ابتدائے ملازمت میں ہی اسے بتادئیے جاتے ہیں۔اب کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ کوئی ایسا کام آجاتا ہے جو اس شعبہ سے متعلقہ تو نہیں ہوتا لیکن اس کے لئے الگ سے آدمی رکھنا مشکل ہوتا ہے تو ایسا کام بھی اسی شعبہ کے ذمہ لگادیا جاتا ہے۔اب سوال یہ ہے کہ جو اضافی کام کسی شعبہ کے ذمہ لگایا جائے وہ اسی اجرت میں کروایا جائے یا اس کام کی اجرت علیحدہ سے دی جائے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

۱۔ پی کمپنی اپنے ملازمین سے کسی بھی صورت میں ان کی دلی رضا مندی کے بغیر ایسا کام نہیں لے سکتی جو عرف میں ان کے شعبہ سے متعلق نہ ہو۔

۲۔ اول تو ملازم کی دلی رضا مندی کے بغیر پی کمپنی کا اپنے ملازمین سے ایسا کام لینا جائز ہی نہیں جو عرف میں ان کے شعبہ سے متعلق نہیں اور اگر ملازم دلی رضا مندی سے وہ کام کرنے کے لیے آمادہ ہو تو پھر اس کو اس کام کی علیحدہ سے اجرت دینا ضروری ہے۔ البتہ اگر ملازم ہی بغیر اجرت کے کام کرنے پر دل سے رضا مند ہو تو پھر بغیر اجرت کے بھی کام لے سکتے ہیں۔

(الفتاوی الهندیة:ج ۹/ص:۴۵۵، دارالمعرفۃ،بیروت)

والأصل فیه أن الاجارۃ اذاوقعت علی عمل فکل ماکان من توابع ذلک العمل ولم یشترط ذلک فی الاجارۃ علی الأجیر فالمرجع فیه العرف۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved