• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

مسئلہ طلاق ثلاثہ کی ایک صورت

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میں نے اپنی زوجہ کو تین قسم کی معلق طلاق دی۔ پہلی تعلیق میں چند افراد کا ذکر تھا جن کے علیحدہ ،فرداً فردا ًنام لئے گئے،تعلیق کے الفاظ یہ تھے ’’اگر ان میں سے جن کو بھی گھر کی چار دیواری کے باہر بات بتائی تو تمہیں طلاق ہے‘‘زوجہ نے اپنے نانا کو بات بتائی جو تعلیق اول کے مذکورہ افراد میں شامل نہ تھے لیکن زوجہ نے خود سے یہ سمجھ لیا کہ نانا تعلیق اول میں شامل ہیں  تو اس نے بصورت اقرار یہ خبر دی کہ میں نے نانا کو بات بتا دی ہے ،لہذا مجھے ایک طلاق ہو چکی ہے اب تم باقی دو طلاقیں بھی دے دو ،میں نے بعدازاں تعلیق ثانی” اور ثالث دوطلاقوں کی ڈالی جس پر اس نے عمل نہیں کیا۔تعلیق ثانی اور ثالث کے الفاظ یہ تھے”اگر تم نے گاؤں جانے کے لیے گھر سے باہر قدم نکالا تو تمہیں طلاق”,”اگر تم نے میرے ساتھ راولپنڈی آنے سے انکار کیا تو تمہیں طلاق ہے”۔ اس کے کچھ عرصے بعدمیں نے اپنی زوجہ کو صریح الفاظ "میں تینوں طلاق دتی, میں تینوں طلاق دتی” کے ذریعہ سے باقی دو ماندہ طلاقیں بھی دے دیں۔

اب سوال یہ ہے کہ آیا زوجہ اس پہلی تعلیق کی زد میں آکر مغلظہ ہوئی ہے کہ نہیں؟ نیزمیں نے انہیں دی گئی طلاقوں کے پس منظر میں اپنی برادری اور دیگر احباب کے سامنے اقرار کیا کہ’’ میں نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دی ہیں اور وہ حرام ہو چکی ہے‘‘ لیکن طلاقوں کی تفصیل کسی کے آگے بیان نہیں کی۔میں نے مذکورہ بالا طلاقوں کا اظہار اپنے علم کے مطابق بحیثیت خبر کیا تھا،جس میں ایک تعلیق اور باقی دو صریح طلاقیں شامل ہیں۔

مزید برآں عرض ہے  کہ تعلیق اول واٹس ایپ وائس میسج کے ذریعہ کی گئی تھی اور تعلیق مکرر سننے کے بعد معلوم ہوا کہ تعلیق اول میں چنیدہ افراد سے نانا خارج تھا۔گزارش ہے کہ صورت مسؤلہ کے مطابق میری زوجہ مجھ پر مغلظہ ہوئی ہے یا نہیں؟اور میرا اقرار طلاق جدید شمار ہوگا یا باعتبار خبر ہوگا؟نیز  عرض ہے کہ بعدازاں میں نے طلاق اول کے نام سے ایک نوٹس یونین کونسل بھیجا  جو کہ اس بات کا تھا کہ میں نے ایک طلاق دے دی ہے ،اسٹامپ پیپر کی کاپی ساتھ لف ہے ۔کیا وہ اسٹامپ پیپر بھی طلاق جدید شمار ہوگا یا باعتبار خبر ہوگا؟ صورت مسئولہ کے مطابق تشفی بخش جواب دے کر ممنون اور مشکور فرمائیں۔

تحریر طلاق اول:چچی ساجدہ ان کے گھر کے افراد غلام مرتضی ان کے گھر کے افراد ،تمہارے چچا منجملہ تمہاری پھوپھیاں تمہارے ماموں تمہاری دادی میں، چن چن کے افراد بتا رہا ہوں، گھر کی چاردیواری سے باہر ان میں سے جس کو بھی مخصوص بات بتائی تو تمہیں ایک طلاق ہے۔

تحریر تعلیق ثانی: اگر تم نے گاؤں جانے کے لیے گھر سے باہر قدم نکالا تو تمہیں طلاق۔

تحریر طلاق ثالث:اور اگر تم نے میرے ساتھ راولپنڈی آنے سے انکار کیا تو تمہیں طلاق ہے۔

نوٹ: میں نے اسٹامپ پیپر جو یونین کونسل میں بھیجنے کے لیے  طلاق اول کے نام سے لکھا تھا، میری منشا تھی کہ میں اس پر مارچ 2019 کی تاریخ لکھوں تاکہ طلاق ماضی کی رہے لیکن میرے وکیل صاحب نے کہا کہ اگر تم دوماہ قبل کی تاریخ لکھو گے  تو یونین کونسل والے تمہارے لیے مسائل کھڑے کریں گے کہ طلاق دو ماہ قبل دے کر تاخیر سے نوٹس کیوں بھیجا۔

نیز نوٹس  جب جاری کیا جاتاہے تو تاریخ اس کے بعد کی ہی لکھی جاتی ہے، کیونکہ حکومت کے کاغذات میں اکٹھی تین طلاقیں لکھ کر بھیجنا جرم قرار دے دیا گیا ہے، اس لیے ہر مہینے الگ الگ تین نوٹس بھیجنا ضروری تھے۔ میرے وکیل نے اپنی منشا سے طلاق اول ٹائپ کرائی اور جب میں آیا تو مجھے اس پر دستخط کرنے کو کہا میرے ذہن میں دو باتیں  تھیں۔ ایک یہ کہ طلاق تو پہلے ہی ہوچکی ہے ،اب محض اول کی خبر ہی دینی ہے ،ایک فارمیلٹی نبھانے کے لیے یہ کام کرنا ناگزیر تھا تاکہ حکومتی کاغذات میں بھی نکاح ختم شمار ہو، تاکہ آگے مسائل نہ بنیں ،میں نے طلاق اول پر بنا غور کیے دستخط کردیئے ،گھر جاکر اسٹام کی فوٹوکاپی پڑھی تو سمجھ آیا کہ تحریر میں کچھ خرابی ہے لیکن نوٹس یونین کونسل کو بھیجا جا چکا تھا۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں آپ کی بیوی کو تین طلاقیں واقع ہو چکی ہیں جن کی وجہ سے وہ مطلقہ مغلظہ ہوگئی ہے ۔اب نہ صلح ہو سکتی ہے اور نہ رجوع کی گنجائش ہے۔

تو جیہ: دو طلاقیں آپ کی صریح الفاظ میں دو طلاق دینے سے ہوئیں۔پھر جب آپ نے تین طلاق دینے کا اقرار کیا تو باقی  ایک طلاق اس اقرار سے ہوگئی، یہ اقرار اگرچہ سابقہ طلاقوں کی خبر ہے لیکن سابقہ صرف دو طلاقیں ہوئی تھیں، اس لئے ان دوں کی حد تک تو اسے خبر شمار کیا جائے گااور تیسری کے حق میں زیادہ سے زیادہ اسے جھوٹا اقرار کہا جائے گا کہ حقیقت میں دو طلاقیں دی تھیں اور اقرار تین کا ہے ،لیکن جھوٹے اقرار سے بھی بیوی کے حق میں طلاق واقع ہو جاتی ہے اور اگر اس اقرار کا اعتبار نہ بھی کریں تو اسٹام پیپر والی طلاق سے ایک طلاق اور ہوگئی اسٹام پیپر والی طلاق سے آپ کی نیت جو بھی ہو اس سے کچھ فرق نہیں پڑے گا ،کیوں کہ اس میں جملہ انشاء  کا ہے اور صریح بھی ہے۔خلاصہ یہ کہ مذکورہ صورت میں تین طلاقیں ہو چکی ہیں۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved