• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

نارمل غصہ میں دی گئی طلاق واقع ہوجاتی ہے

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ الله وبرکاتہ

لڑکی کا بیان

ہماری بات صرف چھوٹی سی ہوئی تھی کہ میری بیٹی کے پیمپر نہیں تھے، بس اس بات سے ہماری بحث ہو گئی اور وہ باہر چلے گئے باہر جاکر پتہ نہیں انہیں کس بات کا غصہ تھا میں نے فون کرکےپھر بحث شروع کر دی، انہوں نے یہ الفاظ بول دئیے، مجھے تو کچھ  پتہ بھی نہیں چلا کہ انہوں نے کیا بولا ہے؟ ان کا کہنا ہے کہ میں نے چار بار بول دیا ہےطلاق کے بارے میں لیکن ان کی نیت نہیں تھی وہ صرف غصے میں تھے، اس لیے ایسا ہوا تھا، ہمارا تو  کوئی ایساارادہ نہیں ہے ،ہماری تو ایک چھوٹی سی بیٹی بھی ہے، آپ کی مہربانی ہوگی کہ آپ کوئی حل بتادیں ہم الگ نہیں ہونا چاہتے یا پھر یہ بتائیں کہ ہم پھرسےنکاح  کیسے کر سکتے ہیں؟ کوئی تو شرائط ہوں گی؟ آپ اتنے بڑے عالم ہیں کچھ تو پتہ ہوگا، ان کو صرف غصہ آیا تھا اورغصہ شیطان کی طرف سے آتا ہے، ان کی کوئی نیت نہیں تھی ایسی اورمیں نے تو ٹھیک سے ان کی طلاق والی بات سنی بھی نہیں۔

لڑکے کا بیان

میرا دو ماہ پہلے دل کا آپریشن ہوا تھا تب سے مجھے غصہ بہت زیادہ آتا ہے، چھوٹی چھوٹی بات پر بہت زیادہ غصہ آجاتا ہے اور میرا بلڈ پریشر بہت زیادہ ہائی ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے مجھے کچھ سمجھ نہیں آتا کہ میں کیا کر رہا ہوں، ایک دن ہماری میاں بیوی کی بچوں کے پیمپر لانے پر بحث ہورہی تھی اور گھر میں لڑائی بھی ہوئی،میں گھر سے موٹر سائیکل لے کر کام کے لیے نکل آیا، مجھے غصہ بہت زیادہ تھا ،راستے میں مجھے بہت زیادہ غصہ آگیا، میں نےاپنی بیوی کو فون کیا اور فون پر میں نے چارمرتبہ یہ الفاظ بول دئیے کہ ’’میں تمہیں طلاق دیتا ہوں‘‘ اس وقت میرے غصے کی کیفیت یہ تھی کہ مجھے کچھ بھی یاد نہیں کہ میں نے کیا بولا ہے،اتنا پتہ ہے کہ طلاق جیسا لفظ منہ سے بولا ہے اور کچھ بھی یاد نہیں، میری بیگم کو بھی معلوم نہیں کہ میں نے کیا بولا، اس نے سنا ہی نہ تھا اس نے فون بند کر دیا تھا۔

مہربانی فرما کر اس کا کوئی حل نکالیں، دین اسلام میں اتنی سختی تو نہیں ہے کہ سب کچھ ختم ہو جائے کوئی حل تو ہو گا ہمارے میاں بیوی کا آپس میں رہنے کا؟ ہم الگ نہیں ہونا چاہتے۔

تنقیح

مفتی صاحب میں موٹر سائیکل چلا رہا تھا تو ذہن میں بار بار آتا تھا کہ میں طلاق دے دو ں،تو میں نے یہ الفاظ بول دیئے،غصہ شدید تھا البتہ الفاظ بولتے وقت الفاظ بولنے کا علم تھا ذہن میں یہ بھی آتا تھا کہ میں موٹر سائیکل کہیں مار دوں۔

وضاحت مطلوب ہے:طلاق کے حالیہ واقعے سے پہلے خاوند کو کبھی ایسا غصہ آیا کہ جس میں اس نے اپنے آپ کو نقصان پہنچایا ہو یا توڑ پھوڑ کی ہویاکسی قابل احترام آدمی یعنی ماں باپ وغیرہ کے ساتھ ایسی بدتمیزی کی ہو جسکی بعد میں معافی مانگنی پڑی ہو؟

جواب وضاحت:ایک دو دفعہ بھائی کے ساتھ فون پر لڑائی،جھگڑا ہوا جس کی وجہ سے سخت غصے میں آکر  دو دفعہ موبائل فون توڑے ہیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں اگرچہ شوہر نے غصے میں طلاق دی ہے لیکن غصے کی نوعیت ایسی نہ تھی کہ اسے کچھ پتہ ہی نہ ہوکہ وہ کیا کہہ رہا ہے اورکیا کررہا ہے اورنہ ہی اس غصے میں خلاف عادت کوئی قول یا فعل صادر ہوالہذا مذکورہ صورت میں تین طلاقیں واقع ہوگئی ہیں جن کی وجہ سے بیوی شوہر پرحرام ہو گئی،لہذا اب نہ صلح ہوسکتی ہے اورنہ رجوع کی گنجائش ہے۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved