• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

سوء اختیار

استفتاء

کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں اگر کسی نابالغہ بچی کا نکاح اس کے باپ دادا نے کردیا تو اس میں مسئلہ یہ ہے کہ بچی کو خیار بلوغ حاصل نہیں ہے یعنی وہ نکاح نہیں ٹوٹتا۔ فقہاء نے اس کی دلیل یہ پیش کی ہے کہ باپ اور دادا میں شفقت کا پہلو غالب ہوتا ہے اسی وجہ سے جہاں بھی وہ بچی کا نکاح کردیں گے وہ اس لڑکی کے لیے بہتر جگہ ہوگی۔ اس سے دوسرا یہ مسئلہ نکلتا ہے جو ہمارے علاقے میں بہت آتا ہے وہ یہ کہ نابالغہ لڑکی کے باپ نے یا اس کے بھائی نے کوئی جنایت کی تو اس کے بدلے میں باپ اپنی نابالغہ بیٹی کا نکاح کردیتا ہے جنایت چکانے کے لیے۔ اب آگے جس کے ساتھ ان کا نکاح ہو رہا ہے وہ بھی اس نیت سے نکاح کرتے ہیں کہ بچی کو ستاتے رہیں ان میں سے ایک یہ ہوتا کہ نہ وہ بچی کو اپنے گھر میں رہنے دیتے ہیں نہ اس کو طلاق دیتے ہیں، پھر بے چاری ساری زندگی اپنے والدین کے گھر میں گذار دیتی ہے یا اس کے علاوہ یہ نہیں ہوتا تو کم از کم اس لڑکی کے ساتھ جانوروں والا سلوک کیا جاتا ہے۔ اب اس لڑکی کا نکاح باپ یا دادا کی اس جنایت کے بدلے میں کردیتے ہیں جبکہ لڑکی نابالغہ تھی پھر وہ لڑکی جب شعور میں آئی تو اس نے مطالبہ کیا میں اس گھر میں نہیں جاتی لہذا میرا نکاح فسخ کیا جائے۔ تو پوچھنا یہ ہے کہ اس حالت میں لڑکی کو کوئی اختیار ہے یا نہیں؟

وضاحت: کفو بھی ہے اور مہر بھی پورا ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ولایت کے بات میں باپ اور دادا کو جو امتیاز دوسري اولیاء سے حاصل ہے ( اگر باپ، دادا غیر کفو اور مہر مثل سے کم میں بچی کا نکاح کرا دیں تو صحیح ہے بخلاف دوسرے اولیاء کے)۔ اس کی علت باپ اور دادا کی وافر شفقت اور اولاد کی منفعت پر گہری نظر ہونا ہے۔ لیکن اگر باپ اور دادا شفقت کے پہلو کو نظر انداز کردیں تو باپ اور دادا کی حیثیت دوسرے اولیاء کے برابر ہوجاتی ہے۔

مذکورہ صورت میں اگرچہ  باپ نے نابالغ بچی کانکاح کفو اور پورے مہر کے ساتھ کرایا ہے لیکن دوسری طرف یہ بھی واضح ہے کہ مذکورہ صورت میں باپ نے نابالغہ بچی کے کسی بھی مصلحت کا لحاظ نہیں کیا۔ بلکہ صرف اپنے آپ کو سزا وغیرہ سے بچانے کے لیے نابالغہ کا نکاح کرایا ہے۔ لہذا یہ نکاح منعقد تو ہو جائے گا لیکن باپ کے سوء اختیار کے واضح اور بین ہونے کی وجہ سے نابالغ بچی کو خیار بلوغ حاصل ہوگا۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved