• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

عدت گذرنے کی وجہ سے خود بخود طلاق کا وقوع

استفتاء

میں نے اپنی بیوی کے انتقال کے بعد دوسری شادی کی تھی۔ لیکن بیوی کے نامناسب رویہ سے تنگ آکر اس کو سنت کے مطابق ایک طلاق دے دی کہ عدت گذرنے پر خود ہی تین طلاق واقع ہوجائیں گی، مگر اللہ تعالیٰ کی طرف سے حالات کچھ ایسے بن گئے کہ ایک ماہ کے اندر اس سے رجوع کرلیا۔ لیکن بیوی کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہ آئی تو پھر 2011۔ 11۔ 14 کو تنگ آکر میں نے اس کو دوسری بار طلاق دے دی۔ دوسری بار طلاق دیتے وقت بھی میری نیت سنت کے مطابق طلاق دینے کی تھی یعنی عدت کے اندر رجوع بھی  ہوسکتا ہے اور عدت گذرنے پر تین طلاق واقع ہو جائیں گی۔ لیکن دوسری بار طلاق کی عدت کی مدت کے مسئلہ میرے  ذہن میں واضح نہیں تھا۔ میرے ذہن میں یہ تھا کہ بغیر حیض والی عورت کی عدت پہلے طلاق پر تین ماہ ہے اور دوسری طلاق پر ایک ماہ کم  ہوجاتی ہے۔ اس ذہن کے مطابق دوسری دفعہ طلاق دیتے وقت یعنی 2011۔ 11 ۔ 14 کو میں نے بیوی کو  یہ بتایا کہ "ایک ماہ گذرنے پر  2011۔ 12 ۔14 پر تیسری طلاق خود بخود واقع ہو جائے گی۔ البتہ میں نے تین بار طلاق دینے کی نیت نہیں کی، کیونکہ میرے ذہن میں تھا کہ عدت ختم ہونے پر خود ہی تین طلاق واقع ہو جائیں گی۔ اس دوران میں  اپنے گھر والوں کو یہی بتاتا رہا ہوں کہ عدت کے اندر اگر حالات بن گئے تو دوبارہ رجوع کا سوچا جاسکتا ہے۔

مندرجہ بالا حالات میں کیا میری بیوی کو مورخہ 2011 ۔ 12 ۔14 کو تین طلاق واقع ہوگئی ہیں یا پوری شرعی عدت تین ماہ گذرنے پر 2012۔ 2 ۔ 14 کو واقع ہوں گی اور کیا2012۔ 12 -14 تک رجوع کا موقعہ ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ایک طلاق دینے کے بعد عدت گذرنے سے خود بخود تین طلاقیں نہیں پڑتیں، ایک ہی رہتی ہے۔ البتہ نکاح ٹوٹ جاتا ہے۔ اسی طرح دوسری طلاق کے بعد بھی عدت کی مدت وہی ہوتی ہے جو ایک طلاق کے بعد یا تین طلاقوں کے بعد ہوتی ہے۔

سوال میں ذکر کردہ صورت میں دوطلاقیں تو خاوند نے واضح طور سے دی ہیں۔ اور تیسری طلاق کی نسبت اس نے جو الفاظ استعمال کیے ہیں وہ مشروط یا میعادی طلاق ڈالنے کی نہیں ہیں، کیونکہ طلاق جب تک ڈالی نہ جائے وہ خود بخود  نہیں پڑتی۔ چنانچہ ان الفاظ سے تیسری طلاق واقع نہیں ہوئی، اور نہ ہی مذکورہ تاریخ آنے پر ہوگی۔ اس لیے عدت کے دوران رجوع کرنا چاہیں تو رجوع کر سکتے ہیں۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved