• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

نا محرم کے دیکھنے سے وضو کا ٹوٹنا

استفتاء

1۔ مفتی صاحب اگر عورت با وضو ہو، اور کسی نا محرم کی نظر اس پر پڑ جائے تو کیا اس کا وضو ٹو ٹ جائے گا؟ بے شک سر دوپٹہ سے کور ہو۔

2۔ میری شادی کو سات سال ہو گئے ہیں۔ پچھلے کچھ عرصہ سے بہت پریشان ہوں، دماغ مفلوج ہو گیا ہے جیسے۔ میرے میاں غصے کے بہت تیز ہیں، میں نے آج تک کبھی ان سے غصہ نہیں کیا، ہمیشہ چُپ ہو جاتی ہوں، ایک دفعہ وہ میری ماں کو بُرا بھلا کہہ رہے تھے کہ مجھ سے رہا نہیں گیا، میں نے کہا کہ میں اپنی امی کے گھر جا رہی ہوں۔ کہنے لگے کہ تمہاری یہاں رہنے یا نہ ہونے سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ سن کر  امی کے گھر چلی گئی۔ میرے دو بچے ہیں وہ بھی انہوں نے رکھ لیے کہ اگر یہاں رہو گی تو یہ بچے ملیں گے ور نہ نہیں۔ میری امی نے ساس سسر کی بہت منتیں کیں، لیکن انہوں نے بچے نہ دیے، کہا اگر اس گھر میں رہو گی تو اپنی ماں بہن بھائی اور سب رشتہ داروں سے رشتہ ختم کرنا ہو گا، سسر نے کہا کہ اکیلی آئی تھی اکیلی جاؤ گی، میں اتنی اپ سیٹ تھی کہ میں چلی گئی۔ ایک مہینہ کے بعد میں نے ان کی بات مان لی اور اپنے بچوں کے پاس آ گئی۔ اب جناب 13 ماہ ہو گئے ہیں میں اپنی امی سے نہیں ملی، وہ بیمار ہیں، میرا دل تڑپتا ہے ان سے ملنے کو۔ میاں کہتا ہے کہ اب میں ساری زندگی تم دونوں کو اسی طرح تڑپاؤں گا اور ملنے نہیں دوں گا۔ میں کیا کروں؟ میں بہت پریشان ہوں، بہت دعا کی۔ آپ نے ہر نماز کے بعد 100 دفعہ لا حول و لا قوة پڑھنے کا بتایا، وہ بھی کیا مگر کچھ بہتری نہیں۔ کوئی آسان وظیفہ بتائیں، چھوٹے بچوں کا ساتھ ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔ کسی نا محرم کی نظر پڑنے سے وضو نہیں ٹوٹتا۔

2۔ آپ کے شوہر کا آپ کو اپنی والدہ سے ملنے سے مستقل روک دینا جائز نہیں، بالخصوص جبکہ وہ بیمار بھی ہیں۔

وظیفے کے لیے روزانہ 300 مرتبہ استغفار پڑھیں، خواہ ایک وقت میں پڑھیں یا متفرق اوقات میں پڑھیں۔ انشاء اللہ، اللہ تعالیٰ اپنا فضل فرمائے گا۔ استغفار میں صرف "استغفر اللہ” یا "اللهم اغفر لي ذنبي” پڑھ لینا بھی کافی ہے۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved