- فتوی نمبر: 8-159
- تاریخ: 26 جنوری 2016
- عنوانات: عبادات > طہارت > نجاستوں کا بیان
استفتاء
ہم آٹو میٹک مشین میں کپڑے دھوتے ہیں۔ اس میں کپڑے دھونے سے کپڑے پاک ہو جاتے ہیں یا نہیں؟ اگر بالٹی میں کپڑے دھوئیں تو اس کا کیا طریقہ ہے؟ کہ کپڑے پاک ہو جائیں۔
وضاحت مطلوب ہے: کہ آٹو مشین میں پانی لینے کا سسٹم کیا ہے؟
جواب وضاحت: آٹو میٹک مشین کا سسٹم یہ ہے کہ اس میں دو پائپ لگے ہوتے ہیں، ایک پائپ مستقل طور پر پانی والی ٹینکی سے لگا ہوتا ہے، جب ایک دفعہ مشین کپڑے دھو لیتی ہے، تو دوسرے چکر کے لیے خود پانی لیتی ہے اور کپڑوں کو خود نچوڑتی ہے۔ آدمی کا کام صرف بٹن دبانا ہوتا ہے، اور وہ بھی صرف پہلی مرتبہ جب کپڑے ڈالے جاتے ہیں، باقی کام خود مشین کرتی ہے، جب یہ کپڑے دھل جاتے ہیں تو خشک کرنے کے بعد مشین الارم دیتی ہے کپڑے نکالنے کے لیے۔ مشین نچوڑتی اس طرح سے ہے کہ اگر ہاتھ سے نچوڑا جائے تو پانی نہیں نکلتا۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔ آٹو میٹک مشین میں چونکہ عام طور سے تین مرتبہ پانی لیا جاتا ہے۔ اور ہر مرتبہ نچوڑا بھی جاتا ہے۔ اس لیے آٹو میٹک مشین میں ناپاک کپڑے دھونے سے پاک ہو جاتے ہیں۔
2۔ اگر بالٹی میں ناپاک کپڑے دھوئے جائیں تو اس کا طریقہ یہ ہے کہ تین مرتبہ پاک پانی سے دھویا جائے، اور ہر مرتبہ انہیں نچوڑا جائے۔ اور دوسرا طریقہ یہ ہے کہ کپڑے بالٹی میں ڈال کر اوپر سے ٹونٹی کھول دی جائے، یہاں تک کہ پانی بالٹی کے اوپر سے نکلنا شروع ہو جائے اور اس پانی کو اتنی دیر تک بہنے دیا جائے کہ نجاست کے نکلنے کا غالب گمان ہو جائے۔
هذا إذا غسل في إجانة، أما لو غسل في غدير أو صب عليه ماء كثير أو جری عليه الماء طهر مطلقاً بلا شرط عصر و تجفيف و تكرار غمس، هو المختار. (رد المحتار: 1/ 596) فقط و الله تعالی أعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved