• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

واشنگ مشین، ٹب، قالین ناپاک وغیرہ چیزوں کو پاک کرنے کا طریقہ، آٹومیٹک مشین میں ناپاک کپڑے کو پاک کرنے کا حکم

استفتاء

گذارش ہے کہ مندرجہ ذیل مسائل کی وضاحت فرمائیں:

1۔ واشنگ مشین جس پر ناپاک کپڑے دھوئے جائیں، اسے پاک کرنے کا کیا طریقہ کار ہے؟

2۔ کیا یہ بات درست ہے کہ دھوپ ہوا سے ہر کپڑا اور ہر چیز پاک ہو جاتی ہے؟

3۔ ناپاک ٹب اور بالٹی کو پاک کرنے کا کیا طریقہ کار ہے؟

4۔ کیا ناپاک کپڑے کو پاک کرنے کے لیے دھو کر تین بار نچوڑنا اور ہر بار نچوڑنے سے پہلے دھونا ضروری ہے؟ یا صرف ایک بار نچوڑنے سے بھی پاک ہو جائے گا۔

5۔ آٹومیٹک مشینیں جو کہ آج کل آرہی ہیں، جس میں مشین کے اندر ہی کپڑے کا پانی بھی نکل جاتا ہے، کیا اس میں پاک کپڑا ڈالا جائے تو پاک ہو کر نکلتا ہے؟

6۔ قالین کو پاک کرنے کا کیا حکم ہے؟ اگرچہ بچھے ہوئے ہی صورف تھوڑی جگہ سے پاک کرنا چاہیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔ واشنگ مشین کو پاک کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ کسی پائپ یا برتن سے، مشین کے اوپر کے حصے کی طرف سے پانی

ڈالیں اور نیچے کا پائپ کھول دیں، جب مشین کے تمام اندرونی حصے پر پانی بہہ جائے، تو یہ مشین پاک ہو جائے گی۔ اور اس وقت مشین میں موجود پانی بھی پاک ہوجائے گا۔

2۔ دھوپ یا ہوا سے خشک ہو کر ہر چیز پاک نہیں ہوتی۔ بلکہ صرف زمین یا  زمین پر لگایا ہوا فرش یا دیواریں پاک ہوتی ہیں۔ کپڑا محض دھوپ یا ہوا سے خشک ہو کر پاک نہیں ہوتا۔

3۔ ٹب اور بالٹی کو بھی پاک کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ ٹب اور بالٹی میں پانی  کی ٹونٹی کھول دی جائے، جب پانی کناروں سے بہنے لگ جائے اس وقت پانی بھی اور ٹب اور بالٹی بھی پاک ہو جائیں گے۔

4۔ ناپاک کپڑے کو پاک کرنے کے لیے تین دفعہ دھونا اور ہر دفعہ نچوڑنا مخصوص صورتوں میں ضروری ہے۔ البتہ اگر یوں کیا جائے کہ کپڑوں کو آخری دفعہ پانی سے نکالتے وقت کسی بڑے ٹب میں ڈال دیا جائے اور ٹب میں پانی کی ٹونٹی کھول دی جائے، یہاں تک کہ پانی ٹب کے کناروں سے بہنے لگ پڑے، تو ایسا کرنے کی صورت میں یہ کپڑے اور پانی اور ٹب تمام چیزیں پاک ہو جائیں گی، اور اس صورت میں تین دفعہ دھونے اور نچوڑنے کی ضرورت نہ رہے گی۔

هذا إذا غسل في إجانة، أما لو غسل في غدير أو صب عليه ماء كثيراً أو جرى عليه الماء طهر مطلقاً، بلا شرط عصر وتجفيف وتكرار غمس، هو المختار. (رد المحتار: 1/596).

5۔ اگر آٹو میٹک مشین میں پانی لینے کے لیے تین دفعہ کی آپسن لگا دیں تاکہ مشین تین دفعہ  پانی لے کر ہر دفعہ کپڑوں کو بچوڑ دے تو کپڑے پاک ہو جائیں گے۔

6۔ قالین کو پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ یا تو پورے قالین پر یا صرف ناپاک حصے پر اتنا پانی بہا دیا جائے کہ جس سے ناپاکی کے نکل جانے کا غالب گمان پیدا ہو جائے۔………………………. فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved