• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

اکاؤنٹس کی ڈگری کی تعلیم کا حکم

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

میں نے بی کام کررکھا ہے اورایک نیم سرکاری ادارے میں ملازمت کررہا ہوں ۔ آگے سی ایم اے (سرٹیفائڈ مینجمنٹ کی ڈگری)کرنے کاارادہ ہے کیا اس ڈگری کو حاصل کرنے کے بعد میں اس کی تعلیم دے سکتا ہوں ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

سی ایم اے بھی اکاؤنٹس (شعبہ حساب)کی ایک ڈگری ہے جس میں دیگر مباح (جائز)حسابات کے ساتھ ساتھ سودی لکھت پڑھت  اورجانچ پڑتال کےطریقے بھی سکھائے جاتے ہیں۔ اس لیے اس کے  سیکھنے سے اورآگے اس کی تعلیم دینے سے احتیاط کریں لیکن اگر اس پڑھائی کے پڑھتے  وقت بھی اورآگےپڑھاتے وقت بھی یہ  نیت ہو کہ سودی معاملات کے حسابات نہیں کریں گے اورطلباء کو بھی وقتافوقتا یہ بتاتے رہیں کہ اس سے سودی حسابات میں کام لینا جائز نہیں تو اس کے سیکھنے کی اورآگے سکھانے کی اجازت ہے  ۔

امداد الفتاوی (4/174)میں ہے:

سوال:خاکسار ایک مدرس ہے جس کےتفویض ریاضی کی تعلیم ہے،خاکسار کوریاضی میں سود کے حسابات بھی طالب علم کو بتلانے پڑتے ہیں…؟

جواب:اگرنوکری کابقاء اس پر موقوف نہ ہو تو نہ سکھلائے ورنہ سکھلاکرروز مرہ کہہ دیا کیجئے کہ اس حساب سے سود میں کام لینا جائز نہیں…الخ

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved