• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

پیداوار کے تیسرے حصے کے بدلے ٹیوب ویل کا پانی بیچنا

استفتاء

ہمارے علاقے میں زمیندار لوگوں کو ایک مسئلہ درپیش ہے۔ جس کے بارے میں شرعی وضاحت درکار ہے۔

علاقے میں زمینوں کی سرابی کے لیے سرکاری نہر موجود ہے جن لوگوں کی زمین نہر سے نیچی ہیں ان کو نہر کا براہ راست پانی لگ جاتا ہے۔ لیکن جن کی زمینیں نہر سے اونچی ہیں ان کو براہ راست نہیں لگتا۔ اس کے بجائے ٹیوب ویل کے ذریعہ پانی نکال کر ان تک پہنچایا جاتا ہے۔ جس کی صورت یہ ہے کہ نہر کے کنارے ایک آدمی کا ٹیوب ویل ہوتا ہے جو کہ نہر سے پانی کھینچتا ہے ٹیوب ویل کا مالک اس ٹیوب ویل کے ذریعے لوگوں کی زمین کو سیراب کرتا ہے اور تمام تر خرچہ یعنی ٹیوب ویل کا خریدنا، تیل کا جلانا، ٹیوب خراب ہونا، اور مستری کا خرچ یہ تمام اخراجات ٹیوب ویل کا مالک برداشت کرتا ہے اور فصل کے پک جانے کے بعد جو خارج ہوتا ہے اس میں سے تیسرا حصہ لیتا ہے۔ ٹیوب ویل کا کام چند لوگ کرتے ہیں۔ کیونکہ حکومت کی طرف سے ہر آدمی کو ٹیوب ویل لگانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ معاملے کی گنجائش ہے۔ تاہم بہتر یہ ہے کہ پانی کا عوض کچھ متعین اناج یا رقم کی صورت میں طے کر لیا جائے۔ چاہے عملاً ادائیگی فصل میں سے ہو جائے لیکن اسے مشروط نہ ٹھہرایا جائے۔

توجیہ: سوال میں ذکر کردہ صورت کی درج ذیل ممکنہ توجیہات ہیں: بیع، مساقات، اجارہ۔ ان میں سے بیع قرار دینے میں دو اشکال ہیں: ۱) اگر پانی مبیع ہو تو اس کی ثمن اور عوض میں نہ صرف جہالت بلکہ غرر اور خطر بھی ہے یعنی یہ نہیں معلوم کہ عوض کتنا ہوگا اور ہوگا بھی یا نہیں؟

اور مساقات قرار دینے میں یہ اشکال ہے کہ مساقات کی تعریف میں ہی یہ بات شامل ہے کہ ساقی کھیتی باغ کی دیکھ بھال بھی کرے گا جبکہ یہاں ایسی کوئی بات نہیں۔

تیسری شکل اجارے کی ہے۔ کیونکہ پانی ٹیوب ویل والوں کا اپنا نہیں وہ تو صرف اسے کھیتوں تک پہنچانے کی خدمت فراہم کر رہے۔ پہلے یہی کام ڈول یا مشکیزے اور دیگر آلات و اسباب سے لیا جاتا تھا اور اب یہی خدمت ٹیوب ویل سے حاصل کی جاتی ہے۔ چنانچہ ٹیوب ویل صرف پانی پہنچانے کا ایک آلہ ہے۔ اس لیے یہ معاملہ اپنی حقیقت کے اعتبار سے محنت کا اجارہ ہے۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved