• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

نماز کے دوران دوپٹے کو باندھنے کے لیے دونوں ہاتھ استعمال کرنا

استفتاء

نماز کے دوران اگر دوپٹہ کھل جائے اور کافی کوشش کے باوجود ایک ہاتھ سے دوبارہ نہ باندھا جائے اور بال وغیرہ کھل جانے کا خدشہ ہو تو(1) کیا دونوں  ہاتھ استعمال کر سکتے ہیں ؟ (2)کیا یہ عملِ  کثیر تو نہیں ہو گا ؟ (3)اور اگر ایسا ہو جائے تو پھر کیا کرنا چاہیے؟ کیا نماز توڑ دینی چاہیے یا پھر دونوں ہاتھ استعمال کر لینے چاہئیں ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

(1۔2۔)مذکورہ صورت میں   دونوں ہاتھوں  استعما ل   نہیں کر سکتے ، بلکہ ایک ہاتھ سے بھی دوپٹہ باندھنا درست نہیں کیونکہ جو کام عام طور سے دو ہاتھوں سے کیا جاتا ہو وہ عمل کثیر ہے چاہے اسے ایک ہاتھ سے کریں ۔

(3۔)اگر ایسا ہوجائے تو اسے باندھنے کے لیے دونوں ہاتھ یا ایک ہاتھ تو استعمال نہیں کرنا چاہیے ۔ تاہم  اگر ابھی ایک چوتھائی بال نہ کھلے ہوں صرف کھلنے کا خدشہ ہو تو نماز کو جاری رکھیں اور جب ایک چوتھائی بال کھل جائیں تو نماز توڑ کر دوبارہ  پڑھیں ۔

حلبی کبیر (صفحہ نمبر:356) میں ہے:

(و) يكره ايضا في الصلاة (نزع القميص) ونحوه ( والقلنسوة) … )و(  كذا  يكره )لبسهما(  إذا كان النزع واللبس بعمل  يسير لأنه عمل أجنبي من الصلاة لا يحصل به تتميم شيئ من اعمالها ولهذا كان مفسدا إذا حصل بعمل كثير بأن احتاج إلى اليدين أو كان مما لورآه الناظر ظنه ليس في الصلاة الخ.

فتاویٰ دارالعلوم دیوبند (92/4) میں ہے:

سوال: اگر مصلی کا تہبند یا ازار  بند حالت نماز میں بوقت ِقیام  کھل گیا  تو مصلی اس کو دونوں ہاتھوں سے باندھ کر نماز پوری کر سکتا ہے ؟ یا  از سر  نو پڑھنی چاہیے ؟ایسے ہی گھنڈ ی یا بند یا ٹوپی ، اوڑھنی  یہ  جملہ افعال دونوں ہاتھوں کے ہیں ان سے نماز کا کیا حکم ہے؟

الجواب: حالت نماز میں کرتہ اور ٹوپی  کا نکالنا اور پہننا اگر عمل ِ  یسیر  سے ہو یعنی ایک ہاتھ  سے اور اس طور سے ہو کہ دیکھنے والا  اس  نمازی  کو یہ خیال نہ کرے کہ   یہ نماز میں نہیں ہے  تو مکروہ ہے   اور اگر عمل کثیر سے ہو تو مفسدِ  صلوٰۃ ہے ۔ اور ازار بند اور تہبند   وغیر ہ کا  باندھنا بغیر دونوں ہاتھ کے بظاہر دشوار ہے ۔ لہذا یہ عمل ِکثیر ہے۔اور مفسد صلاۃ ہے۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved